کراچی(یو این پی)قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا خیال ہے کہ پاکستان سپر لیگ با صلاحیت کرکٹرز پیدا کرنے کیلئے خوش آئند ثابت ہو رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ پہلے ایڈیشن سے حسن علی اور دوسرے سے شاداب خان کی طرح تیسرے ایڈیشن میں بھی وہ کم از کم دو کرکٹرز ابھارنے میں کامیاب رہیں گے جو قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں۔ کراچی کنگز سے منسلک مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہیں حالیہ عرصے میں نئے اور نوجوان کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا جس سے اندازہ ہو گا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کتنے موزوں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بہت باصلاحیت ہیں جن کو جارحانہ انداز سے کپتانی کرتے ہوئے دیکھنا دلچسپ تجربہ ہوگا اور وہ بطور کپتان مایوس نہیں کریں گے۔