دبئی (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری میں کامران اکمل کی جارحانہ بلے بازی، عمید آصف اور ابتیسام کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی 34 رنز سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی، پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 142 رنز بنا سکی، فہیم اشرف کی 54 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، عمید آصف نے 4 اور ابتیسام نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہفتہ کو کھیلے گئے پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، کامران اکمل اور تمیم اقبال نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیا، اکمل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور پٹیل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے، اس موقع پر تمیم اقبال نے ڈیوائن سمتھ کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 121 تک پہنچا دیا، یہاں پر رسل نے تمیم کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، تمیم نے 39 رنز بنائے، سمتھ 30 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند کا نشانہ بنے، کپتان ڈیرن سیمی 9 رنز بنا کر چلتے بنے، حارث سہیل 4 اور وہاب ریاض 7 رنز بنا سکے، فہیم اشرف نے 2 جبکہ محمد سمیع، رومان رئیس، رسل اور پٹیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 142 رنز تک محدود رہی، عمید آصف اور ابتیسام نے نپی تلی باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں اڑا دیں، فہیم اشرف کے سوا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔، اشرف نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم ان کی 54 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، پٹیل 23، لیوک رونکی 3، والٹن 11، آصف علی 7، افتخار احمد 9، شاداب خان 2، رسل 11 اور محمد سمیع 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، رومان رئیس نے 11 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے، عمید آصف نے 4 عبتیسام نے 3 وہاب ریاض اور کرس جورڈ نے ایک، ایک وکٹ لی۔
