رنویر سنگھ کی آنکھ مارنے والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی آنکھ مارنے والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بالی ووڈ سٹار رنویر سنگھ نے ایک نئی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ آنکھ مارتے نظر آ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس تصوہر کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ بھارتی اداکارہ پریا پرکاش نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں یہ انداز اپنایا تھا جس نے انھیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔پریا پرکاش کی اس تصویر کو اب بالی ووڈ اداکار بھی کاپی کرتے نظر آ رہے ہیں جن میں رنویر سنگھ بھی شامل ہیں۔

 

مقامی اداکارہ ، رقاصہ نور کو سابق شوہر نے قتل کردیا

ایبٹ آباد(شوبز ڈیسک) مقامی اداکارہ اور رقاصہ نور کو مبینہ طور پر ان کے سابق شوہر شازی خان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں مسلح شخص نے مقامی اداکارہ اور رقاصہ نور کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں نور شدید زخمی ہوگئی، فنکارہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔نور بی بی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کے سابق شوہر شازی خان نے آج صبح گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے باعث ان کی بیٹی ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق رقاصہ نور کو سابق شوہر شازی خان نے کچھ عرصہ قبل طلاق دی تھی۔واقعے کا مقدمہ نوربی بی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں درج کرلیا گیا ہےجب کہ ملزم کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔

 

زرین خان زیادتی کی دھمکی دینے والے شخص پر برس پڑیں

ممبئی(شوبز ڈیسک) نامور بالی وڈ اداکارہ زرین خان سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے والے مداح پر برس پڑیں یہاں تک کہ اسے تھپڑ مارنے کی دھمکی بھی دے دی۔ دراصل جنوری میں سوشل میڈیا پر ایک شخص نے زرین خان کو زیادتی کی دھمکی دی تھی بعدازاں اس شخص کو اس شو میں بلالیا گیا۔ اپنے سامنے اس شخص کو دیکھ کر زرین جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسے کھری کھری سناتے ہوئے کہا تم کون ہو، کون پہچانتا ہے تمہیں، تمہیں ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔زرین خان کو اس شخص پر اتنا شدید غصہ آیا کہ انہوں نے شو کے دوران ہی اسے تھپڑ مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میرا ہاتھ تمہارے منہ سے بڑا ہے اگر میں نے تمہیں تھپڑ مارا تو تمہارا جبڑا ٹوٹ کر نیچے گر جائے گا۔ بعد ازاں زرین خان غصے میں وہاں سے چلی گئیں۔

زرین خان نے شو کے پرومو کی مختصر ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکانٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر آپ مجھے کچھ کہنا چاہتے ہیں تو میرے منہ پر کہیں، ہجوم کے پیچھے یوزر نام کو استعمال کرتے ہوئے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

 

بافٹا فلم ایوارڈ ‘ ہالی وڈ کی ” تھری بل بورڈز“ نے میلہ لوٹ لیا

لندن (شوبز ڈیسک) بافٹا ایوارڈ میں فلم تھری بل بورڈز نے پانچ ایوارڈز اپنے نام کرکے میلہ لوٹ لیا جبکہ بہترین اداکار کا ایوارڈ گیری اولڈمین کے نام رہا۔برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس ایوارڈ کی تقریب لندن کے رائل البرٹ ہال میں منعقد ہوئی۔فلم تھری بل بورڈز کو بہترین فلم کے علاوہ بہترین اداکارہ ،ریجنل اسکرین پلے معاون اداکار اور بہترین برطانوی فلم کا ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔اسی فلم کے لیے فرانسس مکڈورمنڈ کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بہترین اداکار کا ایوارڈ گیری ایوارڈ کو فلم ڈارکیسٹ آور کے لیے دیا گیا۔

 

پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت آج بھی قائم ہے

لاہور(لیڈی رپورٹر)لیجنڈ اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت آج بھی قائم ہے ، جبکہ فلم انڈسٹری اپنی بحالی کی جنگ لڑرہی ہے ، گذشتہ چند سالوں سے اچھی فلمیں سینما گھروں میں نمائش کےلئے پیش کی جا رہی ہیں۔ خبریں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت آج بھی قائم ہے ،ہمارے ڈرامے بیرون ممالک میں بھی بہت پسند کیئے جاتے ہیں۔ فلم انڈسٹری اپنی بحالی کی جنگ لڑرہی ہے ، گذشتہ سال بہت اچھی فلمیں سینما گھروں میں نمائش کےلئے پیش کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بہت جلد فلم انڈسٹری اپنے پاﺅں پر کھڑی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محنتی اور جنون سے کام کرنیوالے اداکاروں کو ہمیشہ پذیرائی ملی ہے ، یہی وجہ ہے کہ میں آج تک شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہوںاورآج بھی ٹی وی ڈراموں میں کام کررہاہوں ،سٹیج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارا سٹیج بہت کامیاب تھا، مگر اب وہ معیار نہیں رہا، اس لئے سٹیج سے دو رہوگیاہوں ، میری دعا ہے کہ ہماری شوبز انڈسٹری جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریگی۔

 

انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کےلئے معیاری فلمیں بنائی جائیں

لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ وماڈل مومل شیخ نے کہا ہے کہ فلم بینوں کی واپسی اوربحران کے خاتمے کے لئے اچھے موضوعات کاانتخاب کیا جائے اورپڑھے لکھے نوجوانوں کو انڈسٹری میں متعارف کروایا جائے۔ اپنے اےک انٹر وےو مےں مومل شیخ نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے بحران میں مسلسل اضافے اورسینکڑوں سینما گھرکی تباہی کی وجوہات کوئی جاننا نہیں چاہتا ، حالانکہ ان کے بارے میں نوجوان فلم میکرز کو ضرور جاننا چاہیے، تاکہ وہ آئندہ ایسی غلطیاں نہ کریں۔ ملک بھرمیں سینما گھروں کی بڑی تعداد موجود تھی، جوکاروبارنہ ہونے کی وجہ سے پٹرول پمپ، پلازے اور دیگر کاروباری مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

 

یش چوپڑا میموریل ایوارڈ آشا بھوسلے کے نام

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ گلوکارہ آشا بھوسلے کو یش چوپڑا میموریل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پانچویں یش چوپڑا میموریل ایوارڈ کی تقریب ممبئی میں منعقد کی گئی جس میں گلوکارہ آشا بھوسلے کو فلم انڈسٹری میں 6 دہائیوں سے زائد خدمات
کے اعتراف میں ایوارڈ اور 10 لاکھ روپے کیش انعام سے نوازا گیا، انہوں نے اپنے میوزک کیریئر میں 20 مختلف زبانوں میں 11ہزار سے زائد گانے گائے اس موقع پر فلمساز یش چوپڑا کی بیوی پامیلا چوپڑا ، فلمساز بونی کپور ،ریکھا ، مدھور بھنڈارکر ، گلوکارہ الکا یاگنک ،جیکی شروف ،پرنیتی چوپڑا ،پونم ڈھلون ،پدمنی کوہلپور، ہنی ایرانی اور دیگر موجود تھے۔ اس سے قبل گلوکارہ لتا منگیشکر ، امیتابھ بچن ، ریکھا اور شاہ رخ خان کو ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

شرجیل‘خالد لطیف کی کمی محسوس نہیں ہوگی

اسلام آباد (این این آئی)سعید اجمل نے پاکستان سپرلیگ 2018 میں ان کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو پابندی کے شکار مرکزی بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کی کمی کے تاثر کو رد کردیا ہے۔ ایک انٹرویو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی اور موجودہ اسپن باو¿لنگ کوچ سعید اجمل نے کہا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کی کمی بالکل بھی محسوس نہیں کی جائے گی۔دونوں بلے بازوں کی سزا پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جوکچھ انھوں نے کیا ہے میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔سعید اجمل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹرافی کی امیدوار گردانتے ہوئے مداحوں کو یاد دلایا ہے کہ ٹیم ایک مرتبہ چمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ دوسرے سیزن میں سیمی فائنل تک رسائی کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔

سعید اجمل نے اپنے کوچنگ کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت کرکٹر میری کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اب میں کوچنگ میں اپنا نام بنانا چاہتا ہوں۔یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی قیادت میں پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن میں چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس میں سعید اجمل بطور کھلاڑی شامل تھے جبکہ شرجیل خان کی کارکردگی مثالی رہی تھی۔

 

پاک بھارت کھیلوں سے امن لایا جا سکتا ہے

دبئی(نیوزایجنسیاں) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سیاست کو کھیلوں سے دور رہنا چاہیے اور کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر پڑی برف کو پگھلانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جب کہ کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن لایا جاسکتا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں نمائشی میچ کھیل کر مزا آیا اور وہ ایونٹ بہت مثبت رہا، ان کے خیال میں اس طرح کے مزید ایونٹس مستقبل میں بھی ہونے چاہیں۔سابق قومی ٹیم کے کپتان نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے خلاف عالمی مقابلوں کا انعقاد کرانا چاہیے۔پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ وہاں عالمی کرکٹ کی بحالی ہورہی ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کے دو میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا اور کراچی کے شہریوں کے لئے وہاں میچ ہونا ایک بڑا لمحہ ہے جب کہ پاکستان میں اس طرح کے میچز سے دنیا کو مثبت پیغام جائے گا۔

مصباح کی زیر قیادت جیت کا عزم لیے اسلام آباد یونائیٹڈ دبئی پہنچ گئی

دبئی( آن لائن ) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جیت کا عزم لیے دبئی پہنچ گئی۔مصباح الحق کی زیرقیادت اسلام آباد یونائیٹڈ دبئی میں واقع آئیسی سی کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایونٹ میں شریک ہونے والی نئی فرنچائزملتان سلطانزسے پریکٹس میچ بھی کھیلے گی، محمد حسنین انجرڈ ہونے کے سبب پی ایس ایل 3 انجری کی وجہ سے نہیں کھیل سکیں گے، فرنچائز نے ان کی جگہ اب کسی متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے۔اس سے قبل راولپنڈی میں منعقدہ پریکٹس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بھرپور بیٹنگ پریکٹس کرتے ہوئے 291 کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، جس میں آصف علی کی برق رفتار سنچری نمایاں رہی تھی، انھوں نے 126رنزاسکورکیے جبکہ افتخاراحمد بھی ففٹی بنانے میں کامیاب رہے تھے، صاحبزاہ فرحان نے 44رنز اسکورکیے، یہ مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 59رنز سے جیت لیا تھا۔#/s#