انوشکا کی فلم ”سوئی دھاگہ “ کی نئی تصاویرانٹر نیٹ پروائرل

ممبئی (شوبز ڈیسک )بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کی نئی فلم ”سوئی دھاگہ“ کی نئی تصاویر منظر عام پر آ گئی ہیں جس میں وہ ایک نئے روپ میں نظر آ رہی ہیں۔ انوشکا شرما نے کیریئر کا آغاز ایک گلیمرس لڑکی کے رول سے کیا اور اس کے بعد بھی انہوں نے زیادہ تر رومانوی اور شوخ و چنچل کردار پرفارم کئے۔ اس بار انہیں منفرد انداز کی ایک نئی فلم میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جس کا نام”سوئی دھاگہ“ہے۔فلم میں انوشکا شرما کے ساتھ ورون دھون مرکزی کردار میں پرفارم کر رہے ہیں اور وہ ایک مزدور کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اس سے پہلے انہوں نے نہیں کیا ہے۔ ورون دھون بالی وڈ کے معروف ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے بیٹے ہیں جن کے کریڈٹ پر کئی سپرہٹ مزاحیہ فلمیں ہیں۔ امید ہے کہ اس فلم میں ورون کی پرفارمنس ماضی کی فلموں سے مختلف اور منفرد ہوگی۔

 

بوبی ‘ کترینہ کیف ”بھارت“کی کاسٹ میں نہیں شامل

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ ہدایتکار علی عباس ظفر نے فلم ”بھارت“ میں بوبی دیول اور کترینہ کیف کی کاسٹ بارے خبروں کی تردید کر دی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دنوں خبریں سامنے آرہی تھی کہ فلم ”بھارت“ میں سلمان خان کے ساتھ ساتھ بوبی دیول اور کترینہ کیف بھی ہوں گی لیکن فلم کے ہدایتکار علی عباس ظفر نے سماجی میل جول کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی کاسٹ کے حوالے سے ابھی صرف سلمان خان کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ابھی کسی اور کے نام کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

 

ماہرہ خان نے پہلی بار چوری کرنے کا اعتراف کر لیا

لاہور(شوبز ڈیسک )پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو کون نہیں جانتا،ہر کوئی ان کی جاندار اداکاری اور کام کرنے کے انداز کو سراہتا نظر آتا ہے۔ ماہرہ خان سوشل میڈیا پر بھی کافی ایکٹو رہتی ہیں اور گاہے بگاہے اپنے مداحوں کے ساتھ چٹ چیٹ کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں اداکارہ نے ایک انٹرویو میں ہوٹل سے چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ دوران انٹرویو میزبان نے سوال پوچھا کہ آپ نے آج تک سب سے چھوٹی حرکت کیا کی ہے، کبھی آپ نے صابن چرایا ہو یا پھر تکیہ چوری کیا ہو تو جواب میں ماہرہ خان نے کہا آج میں سچ میں ایک چیز کا اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ ایک ہوٹل سے انہوں نے ایک تکیہ چرایا تھا مگر پھر بعد میں ہوٹل والوں کو فون کر کے بتا دیا کہ انہوں نے چوری کر لی ہے اور اب وہ ان کا تکیہ واپس کر دیں گی۔

 

سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل نے باکسنگ شروع کر دی

اسلام آباد(آئی این پی) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان نے پھر سے باکسنگ گلووز پہن لئے ۔ کرکٹ کے دروازے بند ہوئے ایک سال گزر گیا،شرجیل خان خود کو فٹ رکھنے کیلئے باکسنگ رنگ میں نظر آنے لگے۔تفصیلات کے مطابق شرجیل خان نے خود کو فٹ رکھنے کیلئے باکسنگ شروع کر دی ۔پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے ان پر کرکٹ کے دروازے پانچ سال کیلئے بند ہیں وہ کسی قسم کی ڈومیسسٹک کرکٹ میں حصہ بھی لے سکتے اسی لیے انہوں نے خود کو فٹ رکھنے کیلئے باکسنگ شروع کر ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر نے رِنگ میں باکسنگ کے ایسے جوہر دکھائے کہ کوچ بھی حیران رہ گیا۔ شرجیل خان کا کہنا ہے کہ باکسنگ دوسرا پسندیدہ کھیل ہے گو کہ ان دنوں میں کرکٹ کے میدان سے دور ہوں اس لیے باکسنگ سے اپنادل بہلاتا ہوں ۔

 

ڈومینی کیساتھ افریقی کرکٹ بورڈ کا ایسا سلوک ، کہ سب کھلاڑی ہکا بکا رہ گئے

جوہانسبرگ (اے پی پی) کرکٹ ساﺅتھ افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ہفتے بھارت کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا، ہینرچ کلاسن، جونیئر ڈالا اور کرسٹیان جونکر پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔، جے پی ڈومینی ٹیم کی قیادت کریں گے، انہیں فاف ڈوپلیسی کی جگہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے، ڈوپلیسی بھارت کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز کے پیش نظر ہاشم آملہ، ایڈن مرکرم اور عمران طاہر کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 18 فروری سے ہو گا۔ اعلان کردہ ٹی ٹونٹی سکواڈ کپتان جے پی ڈومینی، فرحان بہاردین، جونیئر ڈالا، اے بی ڈی ویلیئرز، ریزا ہینڈرکس، کرسٹیان جونکر، ہینرچ کلاسن، ڈیوڈ ملر، کرس مورس، ڈین پیٹرسن، ایرن فانگیسو، اینڈائل پہلک وایو، تبریز شمسی اور جان سمٹس پر مشتمل ہے۔

 

فکسنگ سکینڈل ، ناصر جمشید کی مشکلات برقرار

لاہور(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران سامنے آنےوالا سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے باعث معطل ہونےوالے کرکٹرناصرجمشید کی ایک سالہ معطلی ختم ہوگئی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تعاون نہ کرنے پرناصرجمشید کوایک سال کیلئے معطل کردیا تھا۔ناصرکی معطلی 13فروری کوختم ہوگئی تاہم بورڈ کی جانب سے چند روز قبل نئی چارج شیٹ جاری ہونے کے بعد ان کی معطلی برقرارہے۔معطلی ختم پر ناصر جمشیدکوآج سے برمنگھم میں کلب کرکٹ کا دوبارہ آغازکرنا تھا تاہم ایک بار پھر معطل ہونے کے باعث ان کا معاہدہ ایک بارپھرخطرے میں پڑگیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متنازع کرکٹر ناصر جمشید کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 2 کی ذیلی شق 1.1، 1.2، 1.3، 1.4 اور 4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس جاری کردیا۔خیال رہے کہ ناصر جمشید پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 میں اسپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزم ملزم ہیں اور انہیں پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے معاملے پر تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر ایک سال کی پابندی کا سامنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے پر پیش رفت کرتے ہوئے ناصر جمشید پر اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر جواب طلب کرلیا ہے۔ ناصر جمشید پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام ہے۔پی ایس ایل 2017 میں اسپاٹ فکسنگ کا کا معاملے اس کے آغاز کے پہلے ہی ہفتے میں سامنے آیا تھا۔اس ہی معاملے پر پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو 3 سال کی پابندی کی سزا سنائی تھی۔اپنے دفاع میں ناصر جمشید نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف لگے الزامات ڈرامائی اور بے بنیاد ہیں۔

 

عابد با کسر کو زبا ن بند رکھنے کی دھمکی

لاہور (خصوصی رپورٹ) سابق انسپکٹر عابد باکسر کے جعلی پولیس مقابلوں کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کے بعد پنجاب پولیس کے افسروں اور اہم شخصیات میں کھلبلی مچ گئی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے عابد باکسر کے گھر ماڈل ٹاﺅن میں سرکاری گاڑیوں کی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔ عابد باکسر کے گھر مقیم اس کے اہلخانہ اور سسرالیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس افسروں اور اہم شخصیات کی جانب سے عابد باکسر کی فیملی سے کہا گیا ہے کہ سابق انسپکٹر کو پیغام بھجوائیں کہ وہ کسی سیاسی شخصیت یا پولیس آفیسر کیخلاف زبان نہ کھولے۔

ہم تمہارے ساتھ ہیں گھبراﺅ نہیں

کراچی (خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویزرشید کا ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کو ٹیلیفون‘ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں سیاسی صورتحال‘ سینٹ انتخابات سمیت ایم کیو ایم کے اندرونی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پرویزرشید کی فاروق ستار کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں‘ (ن) لیگ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ آپ کی پارٹی پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ غلط فہمی کا شکار ہو کر بڑی سازش کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمت والا ہوں‘ حق پر ہوں‘ ڈٹا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں (ن) لیگ کا تعاون کی پیشکش پر شکرگزار ہوں۔
فون