اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن کے کاغذات نامزدگی میں 19ترامیم کی گئیں جن میں 5قانون کے خلاف ہیں۔ آصف زرداری کیلئے چیئرمین سینٹ بنانا اہم نہیں کیونکہ ان کی نظریں تو صدارت پر ہیں جس کیلئے وہ نوازشریف سے ڈیل کرینگے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں شرمناک خریدوفروخت دیکھنے میں آئی۔ 1985سے یہ شرمناک کھیل دیکھ رہا ہوں۔ کوئی حکومت اسے بند کرنے اور براہ راست الیکشن کرانے کو تیار نہیں ہے۔ بدقسمتی ہے کہ ایوان بالا میں کچھ ایسے چہرے پہنچ چکے ہیں جو کالے دھن کا کاروبار کرتے ہیں مجرمانہ کیسز میں ملوث ہیں نوازشریف چاہتے ہیںکہ کسی صورت انہیں سزا نہ ہو اسی لئے کیسز کو لٹکائے رکھنا چاہتے ہیں سینٹ الیکشن کے کاغذات نامزدگی میں ترمیم کیخلاف عدالت گیا آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہے میں چاہتا ہوں کہ سنیٹرز کے حلف اٹھانے سے پہلے ان سے اشٹام پر بیان حلفی لیا جائے کہ دہری شہریت نہیں رکھتا ورنہ کل کو ان میں سے کوئی بھارتی شہری بھی نکل آئے گا۔ آنے والے دنوں میں نواز، زرداری اور الطاف حسین مل کر فیصلے کرسکتے ہیں۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ وزرا فخر سے کہتے ہیں کہ ہمارے پاس اقامہ ہے بیرون ملک سے تنخواہ لیتے ہیں پاکستان میں غریب کیلئے درد دل صرف چیف جسٹس ہی رکھتے ہیں۔