دبئی (ویب ڈیسک )پشاور زلمی “ پاکستان سپر لیگ” کی دفاعی چیمپئن ٹیم ہے،البتہ فٹنس مسائل دیگر ٹیموں کی طرح اس ٹیم کی مشکلات بھی بڑھا رہے ہیں۔ٹیم کے کپتان ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی جو شارجہ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیساتھ مقابلے میں انجرڈ ہوگئے تھے،لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں شرکت نہ کر سکے اور ان کی عدم موجودگی میں قائمقام کپتان محمد حفیظ یہ ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہے ہیں۔37 سال کے محمد حفیظ کا اس سوال کہ جواب میں کہ اچانک ٹیم کی قیادت کتنی چیلنجنگ نوعیت کی حامل ہے، کہنا تھا کہ قیادت ان کے لئے کوئی نئی بات نہیں ،وہ پاکستان ٹیم کی ہر سطح پر قیادت کر چکے ہیں،البتہ پشاور زلمی کے کپتان کی حیثیت سے انھیں کئی معاملات میں چیلنج درپیش ہے۔حفیظ کہتے ہیں کہ وہ پہلے ایک کھلاڑی کی حیثیت سے اس ٹیم سے منسلک تھے، یہ ٹیم کپتان اور مینجمنٹ نے اپنی حکمت عملی کو مد نظر رکھتے ہوئے منتخب کی،جسے اب انہیں قائد کی حیثیت سے سنبھالنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ اس صورت حال میں جہاں آپ ٹورنامنٹ کے اہم میچ کھیل رہے ہوں اور آپ کا کپتان زخمی ہونے کے سبب دستیاب نہ ہو تو مشکل تو پیش ا?تی ہے البتہ محمد حفیظ سمجھتے ہیں کہ ان تمام باتوں کے باوجود وہ ایک کپتان کی حیثیت سے اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کررہے ہیں۔حفیظ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پشاور زلمی اس بار بھی ٹورنامنٹ میں اپنے چاہنے والوں کو مایوس نہیں کرے گی۔