اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایوان بالا کے ایک سو چار اراکین میں جمعیت علمائے اسلام کے چار اراکین سینیٹ ہیں لیکن اتنے بھاری پڑ رہے ہیں کہ دو بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور وفود چیئرمین سینیٹ کی نشست کیلئے مولانا فضل الرحمن سے رابطے کر رہے ہیں۔ ایک طرف تو مفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری مولانا فضل الرحمن کے گھر حمایت لینے گئے تو دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اپنے وفد کے ہمراہ ملنے پہنچ گئے۔چئیرمین سینیٹ کی نشست پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو جے یو آئی کے سربراہ نے یہ کہہ کر مہلت مانگ لی کہ وہ مجلس عاملہ کے سامنے معاملہ رکھیں گے۔ مجلس عاملہ کا اجلاس مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ منسٹر کالونی میں ہوا جس میں میڈیا کوریج کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ اس اجلاس پر خاموشی اختیار کر لی گئی۔ یاد رہے حال ہی میں بلوچستان اسمبلی میں ان ہاوس تبدیلی میں جے یو آئی نے مسلم لیگ ن کا ساتھ نہیں دیا تھا اور اس کے باوجود مرکز میں جے یو آئی مسلم لیگ ن کی اتحادی ہے۔