لاہور(شوبزڈےسک) پاکستانی اداکارہ سوہائے علی ابڑو کی آنے والی فلم ”موٹر سائیکل گرل“ 20 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔سوہائے علی ابڑو جلد ہی اسکرین پر ایک ایسی نوجوان لڑکی کے روپ میں نظر آئیں گی جو فرسودہ روایات کو توڑتے ہوئے کم عمری میں موٹر سائیکل پر دشوار سفر کرتی ہیں۔موٹر سائیکل گرل کی کہانی 20 سالہ پاکستانی لڑکی زینت عرفان کی زندگی پر مبنی ہے۔ وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موٹر سائیکل پر سفر کیا۔زینت عرفان نے موٹرسائیکل پر کیے گئے اپنے سفر کو ون گرل ٹو ویلز میں شیئر کیا۔ ان کے اس بلاگ کو سی این این اور نیویارک ٹائمز نے بھی شائع کیا جس کے بعد انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔زینت عرفان کی اسی بہادری پر ہدایت کار عدنان سرور نے2017 کے آغاز میں فلم بنانے کا اعلان کیا۔
مئی 2017 میں انہوں نے موٹر سائیکل گرل کے لیے سوہائے علی ابڑو کا انتخاب کیا۔