ممبئی(ویب ڈیسک )بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشت نے سنجے دت کے ساتھ فلم میں کرنے کی حامی بھر لی ،ماضی میں دونوں فلمی ستاروں کا معاشقہ بھی بہت مشہور رہا ہے۔بالی وڈ اداکار سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کی جوڑی 25 سال بعد کرن جوہر کے پروڈکشن ہاو¿س تلے بننے والی فلم ’کلنک‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوگی۔سنجے دت اور مادھوری کی جوڑی نے فلم نگری کو کئی سپر ہٹ فلمیں دیں جن میں کھل نائیک، خطروں کے کھلاڑی، قانون اپنا اپنا،ساجن، سائبان اور مہانتا شامل ہیں۔ماضی میں دونوں کے درمیان معاشقے کے چرچے بھی رہے لیکن نامعلوم وجوہات کی بناپر دونوں میں دوریاں ہوئیں جس کی وجہ سے کامیاب جوڑی نے 2 دہائیوں تک کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مادھوری ڈکشٹ اور سنجے دت نے ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر 25 سال بعد کرن جوہر کی فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کی حامی بھرلی ہے۔کرن جوہر کے والد کے ڈریم پروجیکٹ فلم ’کلنک‘ میں سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ سوناکشی سنہا، عالیہ بھٹ، ورون دھون اور آدتیہ روئے کپور بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ابھیشیک ورمان سر انجام دیں گے جب کہ فلم اگلے سال 19 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔