ممبئی (ویب ڈیسک)بالی وڈ کے نوجوان اداکار ورون دھون نے فلم کے معاوضے کی وصولی میں بڑے بڑے اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ورون نے فلمی کیریئر کا آغاز 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے کیا اور خوب شہرت حاصل کی۔نوجوان اداکار نے پہلی فلم کی کامیابی کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک کے بعد ایک کئی ہٹ فلمیں دیں۔ورون کی فلمی کیریئر میں مسلسل 6 سے زائد فلمیں کامیاب ہوچکی ہیں اور ان کا شمار کامیاب ترین نوجوان اداکاروں میں ہوتا ہے۔ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے صاحبزادے ورون کی فلم ’اکتوبر‘ کی بھی باکس ا?فس پر پیش قدمی کامیابی سے جاری ہے اور فلم 5 روز میں 25 کروڑ 56 لاکھ کی کمائی کرچکی ہے۔مسلسل کامیاب فلموں کے بعد ورون دھون نے اپنے معاوضے میں بھی اضافہ کردیا ہے اور ہدایت کار ریمو ڈی سوزا کی فلم کے لیے ورون دھون کے معاوضے نے سب کو چونکا دیا ہے۔بھارتی میڈیا میں زیر گردش خبروں میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان اداکار ورون دھون کو ڈانس پر مبنی فلم میں کام کا معاوضہ اداکارہ کترینہ کیف سے 5 گنا اور ہدایت کار ریمو ڈی سوزا سے 3 گنا زیادہ دیا جائے گا۔ورون اس فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 32 کروڑ روپے لیں گے جب کہ اسی فلم کے لیے اداکارہ کترینہ کیف 7 کروڑ روپے اور ریمو ڈی سوزا 12 کروڑ روپے وصول کریں گے۔ورون نے زیادہ معاوضے کی وصولی میں رنویر سنگھ، شاہد کپور اور رنبیر کپور سمیت کئی بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یاد رہے کہ فلم ’پدماوت‘ کی کامیابی کے بعد رنویر سنگھ نے فلم کا معاوضہ 8 کروڑ سے بڑھاکر 13 کروڑ کیا تھا۔