ہوائی( ویب ڈیسک ) امریکہ: سمندروں میں ماہی گیروں کے متروکہ جال اور دیگر سامان کچھووں سے لے کر وہیل تک کےلیے موت کی گھنٹی بنا ہوا ہے کیونکہ ان میں الجھنے کے بعد وہیل جیسا بڑا سمندری جانور بھی انتہائی بے بسی سےموت کے منہ میں جاسکتا ہے۔اب پلاسٹک کے جال اور دیگر پھندوں میں پھنسی وہیلوں کو بچانے کےلیے ڈرون سے مدد لی جارہی ہے۔ اس کےلیے ڈی جے آئی کمپنی نے اپنے مشہور برانڈ کے چار ڈرون عطیہ کیے ہیں جو فینٹم فور پرو کہلاتے ہیں۔ ماہرین نے ان ڈرونز کے ذریعے بحری کوڑا کرکٹ میں الجھی ہوئی وہیلوں کو بچانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔پوری دنیا کے سمندروں میں اندھادھند پلاسٹک پھینکا جارہا ہے۔ ان میں سے باریک پلاسٹک چھوٹے سمندری جانوروں کے لیے وبالِ جان بنا ہوا ہے جبکہ ماہی گیروں اور اسکوبا ڈائیور کی جانب سے سمندروں میں پھینکا جانے والا کوڑا، جال اور دیگر آلات وہیل کےلیے بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹماسفیئرک ایڈمنسٹریشن (نووا) اور ہوائی میں وہیل کی تحفظ گاہ نے مشترکہ طور پر وہیل کو پلاسٹک سے بچانے کےلیے ڈرون سے مدد لی ہے۔