پشاور‘ نوشہرہ‘ بنوں (خصوصی رپورٹ) 2 عیدیں منانے کی روایت برقرار‘ پشاور کی مشہور مسجد قاسم علی خان کی جانب سے چاند نظر آنے اور جمعہ کو عید کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور سمیت نوشہرہ اور بنوں میں عید منائی گئی۔ نماز عید کے مختلف اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور میں مسجد مہابت خان میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا جہاں سیکڑوں افراد نے نماز عیدالفطر ادا کی، اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ نوشہرہ کی مختلف عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید ادا کی گئی اور اجتماعات میں فلسطین، شام، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بنوں میں مرکزی عید گاہ سمیت مختلف مقامات پر نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ عید اجتماعات کے دوران ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ مسجد قاسم علی خان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد عید کا اعلان کیا گیا تھا۔ اجلاس کی صدرت مفتی محمد شہاب الدین پوپلزئی نے کی۔ اجلاس میں پشاور اور خیبر پختونخوا کے جید علماءکرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور سے ایک، مردان اور صوابی7،بنوں8، تیمرہ گرہ، 4، لنڈی کوتل 12، شبقدر11، سرائے نورنگ4مرد اور 3خواتین، باجوڑ3، سفید ڈھیری 2،بڈھ بیر4 خواتین، رستم زئی 5، رجڑ سے 3 سمیت کئی شہادتیں موصول ہوئی تھیں۔





































