برمنگھم(اے پی پی) بھارتی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر ایشانت شرما کو انگلش بلے باز ڈیوڈ میلان کو پویلین جانے کا اشارہ کرنا مہنگا پڑ گیا، 15 فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ان کے کھاتے میں شامل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ایشانت شرما نے میلان کو آﺅٹ کر کے جشن مناتے ہوئے انہیں جارحانہ انداز میں پویلین جانے کا اشارہ کیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایشانت شرما کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا جبکہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا۔ واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
