لندن (ویب ڈیسک )برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں نامعلوم شخص کی سڑک پر موجود ہجوم پر فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مانچسٹر میں کے علاقے موس سائیڈ پر واقع کلیئرماو¿نٹ روڈ پر پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث شخص کا تعین کر رہی ہے تاہم ایک سماجی کارکن ایرینا بیل نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک فرد ملوث ہے جو لوگوں پر پیلٹ گن سے فائرنگ کر رہا تھا۔مانچسٹر پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ زخمیوں کو فائرنگ سے شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس جگہ پر کئی لوگ موجود تھے، تاہم واقعے کی ٹھیک لوکیشن کا تعین کیا جارہا ہے، جس کے لیے اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہاں لوگ کیریبئین کارنیول کے موقع کی مناسبت سے اس ایونٹ کو منانے کے لیے جمع تھے۔خیال رہے کہ 23 مئی 2017 کو مانچسٹر کے بریٹش ایرینا میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔