کوئٹہ (صباح نیوز) پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہائیکورٹ طاہرہ صفدر نے حلف اٹھالیا ، گورنر محمد خان اچکزئی نے چیف جسٹس طاہرہ صفدر سے حلف لیا ۔تفصیلات کے مطابق جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے ملکی تاریخ میں ہائی کورٹ کی پہلی چیف جسٹس کے طورپر حلف اٹھالیا ، جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نور محمد مسکان زئی کی ریٹائرمنٹ کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا ، گورنر محمد خان اچکزئی نے جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سے گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں عہدے کا حلف لیا ، تقریب میں ہائیکورٹ کے ججز ، وکلاءاوردیگر اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔حلف اٹھانے کے بعد جسٹس سیدہ طاہر صفدرنے ملکی تاریخ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر 5 اکتوبر 1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی، بلوچستان یونیورسٹی اردو لٹریچر میں ماسٹرز کیا اور 1980 میں لا کالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی 22 اپریل 1982 میں وہ پہلی خاتون سول جج کے عہدے پر فائز ہوئیں ۔29 جون 1987 میں سینئر سول جج 27 فروری 1991 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور یکم مارچ 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدوں پر فائز رہیں وہ لیبر کورٹ اور بلوچستا ن سروس ٹریبونل میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں ۔جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر 7 ستمبر 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کی پہلی خاتون جج بنیں ،وہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے حوالے سے3 رکنی خصوصی بینچ کی بھی ممبر تھیں،جسٹس طاہرہ صفدر کے چیف جسٹس بننے کے بعد جسٹس جمال خان مندوخیل بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہوگئے۔