لاہور (اے این این) آج ہونے والے صدارتی انتخابات کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ پنجاب اسمبلی میں لیگی رہنما حمزہ شہباز کے اپوزیشن لیڈر بننے کا نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے پر مسلم لیگ ن نے شدید احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حمزہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی جس پر 100سے زائد ممبران کے دستخط موجود تھے تاہم سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے نون لیگ کی ریکوزیشن پر اعتراض عائد کردیا گیا کہ اس پر کئے گئے ممبران کے دستخط رجسٹریشن کے دستخط سے مختلف ہیں لہذا ان کی تصدیق کے بعد اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ کیا جائے گا تاہم اس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ممبران نے قائم مقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری سے ملاقات کی اور انہیں دوبارہ درخواست دی تھی تاہم ابھی تک اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اعلان کیا ہے کہ اگر صدارتی الیکشن سے قبل حمزہ شہباز شریف کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو صدارتی الیکشن کے موقع پر شدید احتجاج کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ کو 164ممبران کی حمایت حاصل ہے جبکہ اپوزیشن کی دوسری جماعت پیپلز پارٹی ہے جس کے ممبران کی تعداد 7ہے ۔
