دوحہ (اے پی پی) پاکستان اے ٹیم نے ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، گرین شرٹس نے فیصلہ کن معرکے میں بھارت کی اے ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 فریمز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ قطر میں منعقدہ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے فائنل میں محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستان اے ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنکج ایڈوانی اورملکیت سنگھ پر مشتمل بھارت اے ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد بیسٹ آف فائیو فریمز میں 3-2 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، پاکستان اے ٹیم نے پہلے فریم میں بھارت کو 110-2 سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن بھارت اے ٹیم نے دوسرا فریم 81-47 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا، تیسرے فریم میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم پاکستان اے ٹیم نے بھارت اے کو 72-70 سے ہرا کر برتری 2-1 کر دی، چوتھے فریم میں بھارت اے نے پاکستان اے کو 107-5 سے شکست دے کر مقابلہ ایک بار پھر 2-2 سے برابر کر دیا، آخری اور فیصلہ کن فریم میں پاکستان اے ٹیم کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے 98-18 سے کامیابی حاصل کر کے میچ 3-2 فریمز سے جیت کر ایشین سنوکر ٹیم چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔