وزیراعظم ، آرمی چیف ملاقات ، بھارتی دھمکیوں پر غور

اسلام آباد (صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران خطہ کی مجموعی صورتحال، سلامتی صورتحال اور سکیورٹی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ترجمان وزیراعظم ہاوس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں پیش رفت پر وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ ملاقات کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ملاقات میں بھارتی دھمکیوں کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں سیاسی اور عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطہ کی سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق فاٹا ریفارمز کے حوالے سے حکومت نے جو حکمت عملی مرتب کی ہے کہ وہاں پر ترقیاتی کام فوری طور پر شروع ہو سکے۔ اس پر بھی میٹنگ میں تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اورآرمی چیف نے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ اکتوبر کے وسط میں چین کا دورہ کریں گے، دورہ کی حتمی تاریخ اور دوسری تفصیلات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔چین کا دورہ عمران خان کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد دوسرا غیر ملکی دورہ ہو گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق عمران خان اکتوبر کے وسط میں چین کا دورہ کریں گے۔ دورہ میں وزیر اعظم کے ہمراہ اعلی سطحی وفد بھی چین جائے گا۔ تاحال یہ بات واضح نہیں کہ وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وفد میں کون کون شامل ہو گا۔پاکستانی وفد چین میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا۔وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران سی پیک کے منصوبوں میں تیزی لانے اور اور دو طرفہ معاشی تعاون پر بھی بات کریں گے۔دورہ چین میں چین کی قادت کے ساتھ اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے رواں ماہ کے وسط میں پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔ دو روزہ دورہ کے دوران عمران خان متحدہ عرب امارات بھی گئے تھے۔وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر اور وزیراطلاعات فواد چوہدری بھی عمران خان کے ہمراہ گئے تھے۔وزیراعظم کی سعودی عرب کے دورہ کے دوران سعودی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی تھی۔ عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔دورہ سے واپسی پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو سی پیک میں اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی دعوت دی گئی ہے۔ جس کے تحت برادر اسلامی ملک مختلف منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے بھی اپنے ایک بیان میں تصدیق کی تھیں کہ سعودی عرب مختلف منصوبوں پر سرمایہ کاری کرے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی سرمایہ کاری کی مقدار کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

شعیب،ثانیہ کے بچے کی ولادت چند دن بعد متوقع

لاہور(بی این پی ) شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے بچے کی ولادت چند دن بعد بھارت میں متوقع ہے۔ شعیب ملک اورثانیہ مرزا کے بچے کی ولادت چند دن بعد بھارت میں متوقع ہے۔ قومی ٹیم کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے ہمسایہ ملک میں موجود اپنے سسرال پہنچ گئے۔ ذرآئع کے مطابق سابق کپتان ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی سے باقاعدہ اجازت سے دبئی سے حیدر آباد پہنچے ہیں، وہ ننھے مہمان کی آمد کے چند دن بعد تک اپنی اہلیہ کے پاس ہی موجود رہیں گے۔ ایشیا کپ سے پہلے شعیب ملک نے لاہورمیں میڈیا کے سوال پراس بات کا عندیہ دیا تھا کہ بچے کی نیشنلیٹی پاکستان اور ہندوستان کے بجائے کسی تیسرے ملک کی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ وہ دعاکریں کہ یہ وقت بھی خیریت سے گزرے۔بی این پی نیوزکی معلومات کے مطابق ابھی تک بچے کی ولادت بھارت میں ہی حیدر آباد یا کسی دوسرے شہرمیں متوقع ہے۔

شعیب ملک کی آمد کے بعد ایک بارپھران کی بھی حتمی رائے لی جائے گی جس کے بعد بچے کی ولادت کے شہر کا باقاعدہ فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچزکے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24 ، 26 اور 28 اکتوبرکوکھیلے جانے ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹرسے کنارہ کشی اختیارکرنے والے شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی میچزمیں شرکت کرسکیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بچے کی ولادت سے مشروط ہے۔ پی سی بی نے شعیب ملک کو اجازت دی ہے کہ وہ جب تک اہلیہ کے پاس رہنا چاہیں رہ سکتے ہیں۔یادرہے کہ پاکستانی کرکٹراسٹارشعیب ملک اوربھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی بارہ اپریل 2010 کو ہوئی تھی اور 8 سال بعد وہ والدین بننے جارہے ہیں۔

بنگلہ دیشی آل راﺅنڈر شکیب کی زخمی انگلی کی سرجری

ڈھاکہ(نیوزایجنسیاں)انجری کے سبب ایشیا کپ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آنے والے بنگلہ دیشی آل رانڈر شکیب الحسن کی زخمی انگلی کی سرجری کر دی گئی۔ایشیا کپ سے قبل ہی شکیب الحسن انجری کا شکار تھے لیکن ایک سینئر کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا اور ایونٹ کے دوران ان کی انجری سنگین صورتحال اختیار کر گئی۔انجری کی وجہ سے ہی شکیب پاکستان کے خلاف اہم میچ میں شریک نہیں ہو سکے تھے لیکن ان کی غیرموجودگی میں بھی بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کو 37رنز سے شکست دی تھی۔بنگلہ دیشی آل رانڈر نے اپنے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر لکھا کہ جب میں گھر لوٹ رہا تھا تو میرے ہاتھوں میں شدید درد تھا اور مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اس خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گھر آنے کے بعد تکلیف اور سوجن حد سے زیادہ بڑھ گئی اور مجھے فوری طور پر سرجری کے لیے ہسپتال جانا پڑا اور میری انگلی سے پس کو نکال دیا گیا۔31سالہ کرکٹر نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعاﺅں نے مجھے ایک بڑے خطرے سے بچا لیا لیکن مجھے جلد ہی دوسری سرجری بھی کروانی پڑے گی۔ایشیا کپ کے دوران شکیب بلے سے تو صرف 49رنز ہی بنا سکے لیکن انہوں نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش کو اب اکتوبر میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کے لیے زمبابوے کی میزبانی کرنی ہے لیکن شکیب ممکنہ طور پر اس سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ہاکی فیڈریشن کی وزیر اعظم کی ہمدردیاںحاصل کر نیکی کو شش

لاہور(آئی این پی)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے ایک اور کوشش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پی ایچ ایف کا پرومو جاری کیا ہے ۔ یوٹیوب پر جاری ہونے والے 33سیکنڈ کے اس پرومو کے شروع میں سب سے پہلے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کا فضائی منظر دکھایا گیا ہے جس کے فوری بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نام اور عمران خان کی تصویر دکھائی گئی ہے جس کے نیچے واضح الفاظ میں پیٹرن انچیف پاکستان ہاکی فیڈریشن لکھا گیا ہے، اس کے بعد پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد سینئر کی تصاویر کے ساتھ عہدے ظاہر کئے گئے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مالی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیدار وزیراعظم عمران خان سے مل کر فنڈز حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں،چند روز قبل بھی پی ایچ ایف عہدے داروں نے آئی پی سی منسٹر فہمیدہ مرزا سے ملنے کی کوشش کی تھی تاکہ ان کے ذریعے عمران خان سے ملاقات کی جاسکے تاہم آئی پی سی منسٹر کی سیاسی مصروفیت کی وجہ سے یہ ملاقات نہ ہو سکی۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کاامکان مسترد

لاہور(نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا۔قومی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے علاوہ کپتان سرفراز احمد کی انفرادی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے جس کے باعث وہ تنقید کی زد میں ہیں۔ایسے میں اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا ہے۔احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹیم کھیلتی ہے تو جیت اور ہار ہوتی ہے اور ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلی سیریز میں اسی کپتان اور ٹیم کی پرفارمنس بہترین ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کیا تھا۔

قومی ٹیم کی صلاحیتوں کا نیا امتحان شروع

دبئی(نیوزایجنسیاں)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آغاز (آج)ہفتہ سے پاکستان اے اور آسٹریلیا کے درمیان چار روزہ میچ سے ہوگا جس میں قومی اے ٹیم کی قیادت اسد شفیق جب کہ مہمان ٹیم کی قیادت ٹم پین کریں گے۔اس میچ کےلئے 14 رکنی سکواڈ میں اسد شفیق ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم، عابد علی، افتخار احمد، عثمان صلاح الدین، سعد علی، آغا سلمان محمد رضوان (وکٹ کیپر)، وقاص مقصود، وہاب ریاض، راحت علی، عامر یامین، عمید آصف اور سعود شکیل شامل ہیں۔جبکہ ٹیسٹ اوپنر شان مسعود ایشیا کپ کی 16رکنی ٹیم میں واحد کھلاڑی تھے، جنہیں کسی میچ میں موقع نہیں ملا اور اب سلیکٹرز نے انہیں دبئی میں روک لیا ہے۔حیران کن طور پر پاکستان اے ٹیم میں کوئی ریگولر اسپنر شامل نہیں ہے، جس کا یہی مطلب نظر آرہا ہے کہ مہمان ٹیم کو چار روزہ پریکٹس میچ میں اسپنرز کے خلاف پریکٹس نہ ملے۔ٹیسٹ ٹیم میں امام الحق اور اظہر علی ریگولر اوپنرز ہوں گے۔دورے کے واحد پریکٹس میچ کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ 7اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے لیے تمام کھلاڑیوں کو (کل)اتوار تک دبئی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، اظہر علی لندن سے دبئی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ فاسٹ بولر محمد عباس کی لاہور سے روانگی کا پروگرام بنایا جارہا ہے۔ ٹیسٹ میچز میں شاندار پرفارمنس دینے والے محمدعباس بھرپور کاونٹی سیزن کھیل کر آئے ہیں اور ان سے اس سیریز میں بھی بہت امیدیں وابستہ کی گئی ہیں، دوسرے کرکٹرز سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، حارث سہیل، بابر اعظم، حسن علی، شاداب خان اور فہیم اشرف واپس نہیں آئے وہ دبئی میں ہی موجود ہیں۔

اعلان کردہ 17 رکنی ٹیم کے وہاب ریاض، اسد شفیق، میرحمزہ، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، بلال آصف اے ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔

پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے چھ میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے ۔جمعہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پرترقی پانے والوں میں میجر جنرل شاہین مظہر ¾ میجر جنرل ندیم ذکی منج ¾میجر جنرل عبد العزیز ¾ میجر جنرل عاصم منیر ¾ میجر جنرل عدنان اور میجر جنرل وسیم اشرف شامل ہیں ۔

عمران خان نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ، وزیراعلیٰ نے چند روز مانگے : طاہر القادری ، عبدالرحیم شیرازی برطانیہ میں سیاسی پناہ کی کوشش کرتا رہا جو نہیں مل سکی:ضیا شاہد کی سر براہ عوا می تحریک سے گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی اور تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ نشست میں سربراہ پیٹ نے بتایا کہ عمران خان نے فون پر ان سے بات کی اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے بڑی تسلی دی ہے کہ ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تسلی دی اور چند دن کی مہلت طلب کی ہے کیونکہ اس واقعہ میں ملوث سول، پولیس افسران اور اہلکاروں کی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، اس سانحہ کے دوران ایک خاتون کے منہ میں گن کی نالی رکھ کر فائر کرنے والے ایس پی عبدالرحیم لاشاری کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ اس سفاک افسر کو پنجاب پولیس نے انعام و کرام سے نوازا اور ایک سال کے لئے سکالر شپ پر برطانیہ بھجوا دیا، اسی افسر نے وہاں سیاسی پناہ بھی لینے کی کوشش کی جس میں ناکام رہا اور واپس پاکستان آ چکا ہے اور لاہور میں ہی تعینات ہے۔ طاہر القادری نے بتایا کہ ایک کال ٹریس ہوئی جس کا انکوائری رپورٹ میں بھی ذکر ہے اس کال میں پولیس افسر ایک بڑی شخصیت سے گفتگو میں کہتا ہے کہ سر مشن مکمل ہو گیا ہے اور جواب میںاسے شاباش دی جاتی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہوا کیونکہ میں لندن میں چودھری برادران سے ملاقات کر رہا تھا تحریک انصاف سے بھی رابطہ تھا جس کے باعث ن لیگ کی حکومت کو خدشہ تھا کہ اگر یہ تینوں جماعتیں مل جاتی ہیں تو ان کے لئے خطرات بڑھ جائیں گے اس لئے ہمیں خوفزدہ کرنے کیلئے یہ سانحہ بپا کیا گیا خرم نواز گنڈا پور نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے تین چار دن مانگے ہیں کیونکہ سانحہ میں ملوث سوا سو سے زائد افراد میں کچھ وفاق میں چلے گئے ہیں کچھ پنجاب میں ہیں اور زیادہ تر لاہور میں ہی ہیں ان سب کو ٹریس کیا جانا ہے۔ جن افسران کا ذکر رپورٹوں میں آ چکا ہے انہیں چار پانچ دن یا ایک ہفتہ میں عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔

بھارت نے بنگلادیش کو ہرا کر ایشیا کرکٹ کپ جیت لیا

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو ہرا کر ایشیا کرکٹ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔بھارت نے 31 اوورز کے اختتام پر 137 رنز بنالیے ہیں اور اس کے 4 کھلاڑی آٹ ہوئے ہیں، 83 پر تین وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین مہندرسنگھ دھونی اور دنیش کارتک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم 137 کے مجموعے پر کارتک 37 رنز بناکر محموداللہ کا شکار بن گئے۔اس سے قبل اوپنر شیکھر دھون 15، روہت شرما 48 اور رائیڈو 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے فیصلہ کن معرے میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔اوپنرز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا آغاز فراہم کیا اور 120 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی تاہم پہلی وکٹ گرتے ہی بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 31 رنز کے اضافے سے 4 مستند بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ مہدی حسن معراج 32، امرالقیس 2، مشفق الرحیم 5، محمد متھن 2 اور محمود اللہ صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔ بنگلادیش کو چھٹا جھٹکا اس وقت لگا جب شاندار سنچری بنانے والے اوپنر لیتن داس 121 رنز بناکر کیچ آٹ ہوئے، انہوں نے 12 چوکے اور 2 چھکے مارے۔کپتان مشرفی مرتضی 7 رنز بنا کر 196 کے مجموعے پر چلتے بنے جب کہ نظم الحسن 7،سومیا سرکار 33 اور روبیل حسین صفر پر آٹ ہوئے۔بنگلادیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 222 رنز پر آٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیوو نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جادیو نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،بمراہ اور کمار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ماڈل ٹاﺅن قتل عام ، والد نے یزیدیوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا : بیٹی تنزیلہ، کیا ظالموں کا احتساب کرنیوالا کوئی نہیں ؟ : والد مقتولہ شازیہ ، لواحقین پھٹ پڑے ، سابق حکمرانوں کو بد دعائیں

لاہور (جنر ل ر پو رٹر)17جون 2014 بروز بدھ نماز فجر کے بعد پی پی کے انچارج طارق الطاف کا ٹیلی فون آیا کہ منہاج القران سےکرٹریٹ پر پولیس گردی کر رہی ہے تمام ورکر ز وہاں جارہے ہیں تو ہم بھی چلے گئے۔تقریباً صبح 6بجے ہم لوگ وہاں پہنچے جبکہ مرحومہ تنزیلہ اور شازیہ بھی ساڑھے 10بجے کے قریب وہاں پہنچ گئیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس خود کوئی بھی ایسا ایکشن نہیں لے سکتی ان سے یہ سب ن لیگ کی حکومت نے کروایا ہے۔ ڈی آئی جی اور دیگر پولیس آفیسروں سے ہماری کوئی دشمنی نہ تھی تو پھر وہ کس کے حکم پر عام شہریوں پر گولیاں برسا رہے تھے ۔ اگر بیرئیر کا مسئلہ تھا تو انہیں اس بات سے آگاہ بھی کیا گیا تھا کہ وہ بیر ئیر ہائیکورٹ کی اجازت کے ساتھ لگائیں گئے ہیں ۔ ان کا مقصد صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کو خوفزدہ کرنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ان کو میڈیا سے پتا چلا کہ شازیہ کے والد اور تنزیلہ کے سسر محمد اقبال سے جب سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اشکبار ہوتے ہوئے بتا یا کہ جدوجہد کرتے ہوئے 4سال کا عرصہ بیت گیا مگر انصاف کہیں سے نہ ملا ۔اللہ تعالیٰ ضرور آخرت میں ایسے لوگوں کو احتساب کرے گا مگر کیا ایسے ظالم لوگوں کا کڑا احتساب اس دنیا میں کرنے والا کو ئی نہیں ۔ وہ آج بھی وزیر اعظم عمران خان ، چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی امید لگائے بیٹھے ہیں ل۔ بسمہ نے کہا کہ جب میں پہلی بار قائد تحریک ڈاکٹر طاہر القادری سے ملی تو انہوں نے سر پر اپنا دست شفقت رکھتے ہوئے کہا کہ تمھیں فخر ہونا چاہیے کہ اس کی والدہ نے وقت کے یزیدوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا ہے ۔ اس نے کہا کہ اسے قائد نے صبر اور محنت سے زندگی گزارنے کی تلقین بھی کی ۔