اسلام آباد: کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

اسلام آباد( ویب ڈیسک ) ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی کلیکٹر کسٹم ماجد حسین کے مطابق ملزمان اسمگلنگ کے ذریعے 3 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی منتقل کرنا چاہتے تھے، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان عنایت خان اور غلام دستگیر پی آئی اے کی پرواز پی کے 233 سے دبئی جارہے تھے اور وہ تمام راستوں سے گزر کر جہاز میں بیٹھ چکے تھے۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر اسسٹنٹ کلیکٹر عائشہ، فرحین زارا، ایڈیشنل کلیکٹر نثار احمد نے ملزمان کو جہاز سے گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔خیال رہے کہ مارچ 2015 کے بعد سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹم حکام کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بنائی گئی۔اس سے قبل 14 مارچ 2015 کو ماڈل ایان علی کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے ا±س وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔اس واقعے پر ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور انھیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھام جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی تھی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔تاہم لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا تھا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔ضمانت پر رہائی کے بعد ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کردیا گیا تھا، جس کے بعد ایان نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور گزشتہ برس جنوری میں عدالت عظمیٰ نے انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

پائلٹس جعلی ڈگری کیس: 19بورڈز اور جامعات کے سربراہان عدالت طلب

لاہور (ویب ڈیسک )سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس میں ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے والے 19بورڈز کے چیئرمین اور یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو طلب کرلیا۔چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے پائلٹس اور کیب کریو کی جعلی ڈگریوں کے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف چسٹس نے استفسار کیا کہ ایک سال سے ڈگریوں کی تصدیق کامعامل حل کیوں نہیں ہوا ؟ ڈگریوں کی تصدیق نہ کرنے کا ذمہ دار کون ہے؟ اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 19 جامعات اور بورڈز کے سربراہان معاونت نہیں کر رہے۔اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ان جامعات اور بورڈز کے سربراہان کو بلا لیتے ہیں، استاد کا معاشرے میں بڑا احترام ہے، مگر عدالت کا احترام نہ کرنے کی صورت میں ان کو بھی معافی نہیں ملے گی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ 2، 3 کو جیل بھجوائیں گے تو معاملہ ٹھیک ہوجائے گا۔بعد ازاں عدالت نے ڈگریوں سے متعلق ٹرائل کورٹ میں حکم امتناع کے حوالے سے تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کرلیا، ساتھ ہی عدالت نے 19 جامعات اور بورڈز کے سربراہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس میں ملازمین کی جانب سے شوکاز نوٹسز پر حاصل کیے گئے حکم امتناع کالعدم قرار دیا تھا۔اس دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) حکام کی جانب سے عدالت میں ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اب تک 60 فیصد ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم مکمل تصدیق کے لئے مزید وقت درکار ہے۔اس قبل سپریم کورٹ میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے معاملے پر ہونے والی کیس کی سماعت میں ایم ڈی ایئربلیو جنید خان، چیف ایگزیکٹو پی آئی اے اور شاہین ایئر کے نمائندے پیش ہوئے تھے۔مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈگریوں کی تصدیق کے معاملے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور نجی ایئرلائن ایئر بلیو پر 50 ہزار جبکہ شاہین ایئرلائن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا تھا۔مذکورہ سماعت کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طلبی کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس پر عدالت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ہم نے انہیں طلب نہیں کیا۔

تبدیلی کے انتظار میں لنگڑاتا پاکستان،ہڈیوں کی کمزوری کے منتظر عوام

لاہور (ٹرینڈی ایڈیٹر رپورٹ) امجد حسین کو کمرے سے صحن تک بھی جانا ہو تو بیساکھیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے، چھ سال قبل وہ سائیکل چلایا کرتاتھا۔ محنت مزدوری بھی مل جاتی تھی یاپھیری کا کام بھی کرلیتاتھا۔تاہم اب ایسا کچھ نہیں ہے،کئی ماہ سے اس کا خاندان،متمول خاندان کی مدد سے گزر بسر کر رہا ہے۔امجد حسین کے چار بچے ہیں۔ ایک بیٹی جوان ہے، باقی تین بچے سکول جاتے ہیں۔ ان حالات میں کب سکول چھوٹ جائے، امجد کو نہیں معلوم۔وہ چاہتے ہوئے بھی کچھ نہیں کر سکتا،اس کی دونوں ٹانگوں کی ہڈیاں کمزور ہونے کے باعث ٹیڑھی ہو چکی ہیں اوراس کے کندھوں کے پٹھے بتدریج اس قدر کمزور ہو رہے ہیں کہ اسے گردن سیدھی رکھنے میں بھی دقت ہوتی ہے۔لاہور کے مضافاتی گاوں کوٹ اسد اللہ کارہائشی امجد ہمیشہ سے ایسے نہیں تھا،ہڈیوں میں کمزوری کی شکایت اسے پہلی مرتبہ 20 برس قبل ہوئی تھی۔میں چلتے چلتے گر پڑتا تھا،مسئلہ آہستہ آہستہ بڑھتا گیا،چھ سال پہلے حالات اتنے بگڑ گئے کہ میں سائیکل چلاتے ہوئے بری طرح گرا اور تب سے چارپائی پر ہوں،اب چلنا بھی محال ہے۔امجد لاہور بھر کے ہسپتالوں کے چکر کاٹ چکا،ڈاکٹر کہتے ہیں میرے جسم میں فلورائیڈ اور آرسینک (سنکھیا) کی زیادتی ہے،جس سے ہڈیاں کمزور ہوئی ہیں، ٹانگوں کی ہڈیاں اب سیدھی نہیں ہو سکتیں۔امجد اس بیماری کا شکار ہونے والے اکیلافرد نہیں۔20 برس قبل کوٹ اسد اللہ اور ضلع قصور میں واقع اس کے جڑواں گاوں کلالاں والا کے سینکڑوں رہائشی ہڈیوں کی کمزوری سے متاثر ہوئے۔ ان میں بڑی تعداد بچوں کی تھی، وہ بچے بڑے ہو چکے اور کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں۔30 سالہ نوید احمد بھی اس گاوں کی اس نسل کا حصہ ہے جو بچپن میں یہ پانی پینے کے باعث معذوری کا شکار ہوئی۔اس نے بتایایہ پانی اس قدر زہریلا تھا کہ نلکے کی ٹونٹیاں تک گل سڑ جاتیں تھیں۔ رات کو برتن بھر کر رکھو تو صبح ایسا محسوس ہوتا تھا پانی نہیں تیزاب ہے۔اسکی ایک ٹانگ 20 سال قبل حکومتی خرچ پرآپریشن کے ذریعے سیدھی ہو گئی مگر دوسری نہ ہو پائی جوآپریشن کے ذریعے ہو سکتی ہے مگر وہ کہتے ہیں ہمارے اتنے وسائل نہیں،درد ختم کرنے والی دوائیاں بمشکل لے پاتا ہوں۔نوید لنگڑا کر چلتاہے اور وزن نہیں اٹھا پاتا،مقامی کارخانے میں چھوٹاموٹا کام کرتاہے،جس سے گھر چلتا ہے۔نویدکی پانچ سالہ بیٹی ہے، وہ تندرست ہے مگر پڑوسی مسیحی محلے میں رہائش پذیر 28 سالہ اشفاق سولخن کی ڈھائی سالہ بیٹی شزا کی دونوں ٹانگیں ٹیڑھی ہیں۔اشفاق خود بھی ہڈیوں کی بیماری کا شکارہے،اس کی کمر کی ہڈی ٹیڑھی ہے اور ٹانگوں کی ہڈیوں میں بل ہیں،محلے میں دیگر کئی چھوٹے بچوں میں ٹانگوں کی ہڈیوں کے بل نمایاں نظر آتے ہیں۔

10ارب روپے کے فراڈ میں ملوث 39 افراد کے خلاف نیب کا ریفرنس

اسلام آبا د (ویب ڈیسک )قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے موٹر سائیکلوں کے 10 ارب روپے مالیت کے فراڈ میں 39 افراد کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر دیا۔نیب کے مطابق ایم این ایم پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر محمد احمد سیال اور اس سے منسلک 2 سو 71 افراد نے 11 ہزار سے زائد لوگوں سے نئی موٹر سائیکل فراہم کرنے کا وعدہ کر کے فی شخص 25 ہزار روپے وصول کیے۔ریفرنس کے مطابق مرکزی ملزم محمد احمد سیال نے فروری 2017 میں سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے ایم این ایم پرائیویٹ لمیٹڈ کو رجسٹرڈ کروایا جس میں محمد ارشد علی اور ارم شہزادی کو شراکت دار ظاہر کیا گیا تھا۔مذکورہ کمپنی کو موٹر سائیکلوں کی درآمدات اور برآمدات کی اجازت دی گئی تھی لیکن بعد میں کمپنی نے معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹر سائیکل کی فروخت کا وعدہ کرتے ہوئے بھاری رقوم کی وصولی شروع کردی اور اس سلسلے میں 10 ارب روپے کی خطیر رقم کو بے دردی سے لوٹا۔نیب کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ بعد ازاں ملزمان نے 2 سو 71 افراد بھرتی کر کے اپنے کاروبار کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیا۔ایم این ایم لمیٹڈ کی انتظامیہ نے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے سوشل میڈیا کا بھی سہارا لیا اور ملازمین نے ویب سائٹ اور شوروم کے ذریعے نہ صرف ہزاروں موٹر سائیکلیں ب±ک کیں بلکہ ان کی رسیدیں بھی جاری کیں۔نیب کے مطابق ملزمان کے نام پر موجود تمام اثاثوں اور اکاو¿نٹس کی کل مالیت 84 کروڑ روپے ہے جبکہ اس سلسلے میں 39 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔خیال رہے کہ 11 ہزار سے زائد لوگوں نے 17 ارب روپے کا دعویٰ کرتے ہوئے نیب لاہور سے رابطہ کیا تھا، تصدیق شدہ دعووں کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے نکلی جس میں 10 لوگوں نے پلی بارگین کا مطالبہ کیا تھا جس میں سے 4 کو احتساب عدالت کی جانب سے منظوری دی جاچکی ہے۔اس ضمن میں نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ ہم نے بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کیا ہے جس میں پیشہ وارانہ تقاضوں کو مدِ نظر رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوٹی ہوئی رقم مجرمان سے حاصل کر کے متاثرہ افراد تک واپس پہنچائی جائے۔

پاکستان کی تقدیر عمران ہی بدلیں گے :بشریٰ بی بی کا دعویٰ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ میری ساری زندگی جائے نماز پر گزری‘ زندگی میں سیکھا کہ عبادت بہت ضروری ہے۔ رب نے مجھے مہارانی کی طرح رکھا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت سادہ انسان ہیں‘ انہیں کسی چیز کا لالچ نہیں‘ وہ کپڑوں کے معاملے میں بے پروا ہیں‘ کوئی لیڈر ایسا ہو گا جس کے پاس صرف دو یا تین سوٹ ہوں‘ ان کے کھانے پینے میں بھی کوئی نخرے نہیں۔ اس صدی میں لیڈر خان صاحب اور ترکی کے صدر اردگان ہیں۔ پاکستان کی تقدیر عمران خان ہی بدلیں گے۔ عمران خان پیسہ بنانے نہیں‘ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں۔ ایسا نہیں کہ عمران خان کے پاس جادو کی چھڑی ہے تاہم تبدیلی آنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن بہت مضبوط ہے۔ اپوزیشن میں موجود تمام افراد عمران خان کے خلاف ہیں۔ وہ گھر آ کر شکرانے کے نفل ادا کرتے ہیں۔ پردے کا تعلق میری ذات اور رب سے ہے۔ تعریف نہیں کرسکتے تو تنقید بھی نہیں کرنی چاہئے۔ میرا ایمان ہے کہ پاکستان ایک مثالی ملک بنے گا۔

سرکاری ملازمین کیلئے ایسی زبر دست خبرکہ پڑھ کر بھنگڑے ڈالیںگے

لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کو تنخواہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے پہلے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزارت خزانہ نے تمام اداروں کو مراسلہ جاری کردیا۔نجی ذرائع مطابق عدالتی احکامات پر پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کو تنخواہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے پہلے ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور وزارت خزانہ نے تمام اداروں کو مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے میں کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کو تنخواہ 30 تاریخ تک ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس لئے تمام اداروں کے ملازمین کو تنخواہ پہلی سے پہلے ادا کی جائے اور ہر ماہ 30 تاریخ کو تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

جہانگیر ترین جیسے کرپٹ شخص کو نااہل ہی ہونا چاہیے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی

کراچی( ویب ڈیسک )پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء نے جہانگیر خان ترین کی کرپشن کیس میں نااہلی سے متعلق کہا ہے کہ ملک میں جو بھی کرپشن کرے گا اس کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے۔
سندھ اسمبلی میں بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاءنے جہانگیر خان ترین کی کرپشن کیس میں نااہلی سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ جو کچھ ہوا اچھا ہوا، ملک میں جو بھی کرپشن کرے گا اس کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے۔ڈاکٹر سیما ضیاءنے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ این آئی وی سی ڈی کے ڈائریکٹر ندیم قمر کس کے منظور نظر ہیں؟ وہ 1995 میں سینیئررجسٹرار کے طور پر آئے اور اس وقت ان کی تنخواہ 50 لاکھ روپے ہے، انہوں نے ایسا کیا کیا جو اتنی خطیر رقم انہیں ماہوار دی جارہی ہے اور انہیں کئی بار ری اپائینٹ کیا گیا۔ ڈاکٹرندیم قمر بغیر ٹینڈر من پسند لوگوں کو ادویات اور آلات کی خریداری کے ٹھیکے دے چکے ہیں اور ان کے خلاف نیب ریفرنسز ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سرجن ڈاکٹر ندیم رضوی دہری شہریت کے حامل ہیں، ان کے پاس پی ایم ڈی سی کی رجسٹریشن نہیں، وہ 6 ماہ ملک سے باہر اور 6 ماہ پاکستان میں ہوتے ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹر سیما ضیاءکے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنما اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ڈاکٹر ندیم رضوی اپنے صوبے کے لوگوں کی خدمت کرنے بیرون ملک سے آئے ہیں ڈاکٹرندیم قمر کی ملازمت میں توسیع کے لیے تمام قواعد پورے کیے گیے، ندیم رضوی اور ڈاکٹر ندیم قمر پر الزامات غلط ہیں۔

سانحہ اے پی ایس بارے از خود نوٹس کی سماعت کب ہو گی ،خبر آگئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے 2014 میں پشاور کے سانحہ آرمی پبلک اسکول پر عدالت عظمیٰ کی جانب سے لے گئے ازخود نوٹس کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 5 اکتوبر کو اس کیس کی سماعت کرے گا۔عدالت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور دیگر کو نوٹس بھی جاری کیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس نے دورہ پشاور کے دوران سانحے کے لواحقین سے ملاقات میں نوٹس لیا تھا۔

بالوں کو جگمگانے میں مدد دینے والے گھریلو ٹوٹکے

لاہور (ویب ڈیسک )کیا آپ کو اکثر صبح منہ دھونے یا نہانے کے بعد پانی کی نالی میں رکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے جس کی وجہ آپ کے گرنے والے بال ہوتے ہیں؟ جی ہاں یہ بالکل ٹھیک ہے کہ بالوں سے محروم ہونا سچ مچ دل کو توڑ دیتا ہے اور خود کو گنجا ہوتے دیکھنا کسی بھیانک خواب سے کم نہیں ہوتا۔بالوں کا گرنا موجودہ دور کے لوگوں کا ایک عام مسئلہ ہے، آج کے عہد میں بالوں کے گرنے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسا کہ ہمارا مصروف ترین شیڈول ہمیں بالوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد نہیں دیتا، اسی طرح ہمارا مضرصحت طرز زندگی اور خراب غذائی عادات بھی اس مسئلے کی شدت کو بڑھا دیتی ہیں۔تاہم خشک اور خراب ہوجانے والے بالوں کو ٹھیک کرنے کے لیے ایسے سستے گھریلو نسخے موجود ہیں جو بالوں کی چمک دمک واپس لوٹا دیتے ہیں۔
ایک چمچ چینی
کیا آپ کو معلوم ہے کہ کچن میں موجود ایک عام چیز جسے کھانا ہوسکتا ہے آپ کو بہت پسند ہو عام معمول کے مقابلے میں بالوں کو زیادہ چمکدار، لہراتے، بل کھاتے اور صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے؟یہ چیز بہت عام اور اسے استعمال کرنے کا طریقہ بہت آسان ہے جس پر یقین کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ تو آخر یہ ہے کیا؟ یہ ہے چینی۔ ماہر امراض جلد ڈاکٹر فرانسیسا فیوسکو کے مطابق ایک چمچ چینی کو اپنے پسندیدہ شیمپو میں شامل کرکے بالوں کو دھونا انہیں معمول کے مقابلے میں زیادہ صاف اور چمکدار بنا سکتا ہے۔اور کون ہوگا جو صاف اور جگمگاتے بالوں کو پسند نہیں کرے گا؟ تاہم یہ طریقہ کار ہر بار استعمال نہیں کرنا چاہئے بلکہ مہینے میں ایک سے دو بار سے زیادہ نہ آزمائیں۔

مکھن سے مالش
اگر بال خشک اور بھربھرے ہوچکے ہیں تو معمولی مقدار میں مکھن کی مالش انہیں چمکدار اور صحت مند بناسکتی ہے، خشک بالوں پر مکھن سے مالش کریں اور پھر بالوں کو ٹوپی سے آدھے گھنٹے تک ڈھک کر رکھیں، اس کے بعد شیمپو سے بال دھو لیں۔

زیتون کا تیل
اپنے خشک بالوں میں نمی واپس لانا چاہتے ہیں تو آدھا کپ زیتون کا تیل گرم کریں گے (مگر ابلنے مت دیں) اور پھر اس سے سر پر مالش کریں۔ مالش کے بعد بالوں کو پلاسٹک میں لپیٹ کر اوپر تولیہ باندھ لیں۔ 45 منٹ شیمپو سے بال اچھی طرح دھو لیں۔

انڈہ
ایک انڈے کو کچھ مقدار شیمپو میں ملائیں اور پھر اپنے بالوں پر پانچ منٹ کے لیے لگا رہنے دیں، جس کے بعد دھولیں۔ یہ ٹوٹکا بالوں کے لیے پروٹین کو بڑھا کر ان کی زندگی واپس لوٹائے گا۔

بادام کا تیل
بادام کا تیل بھی بے جان بالوں کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے، اپنے بالوں پر اس کی معمولی مقدار کو لگائیں اور پھر اسے ڈھانپ لیں۔ اس کے آدھے گھنٹے کے بعد سر کو شیمپو سے دھولیں۔

یہ بھی پڑھیں : اکثر مرد بہت جلد گنج پن کا شکار کیوں ہوجاتے ہیں؟

اسپرین
بالوں کو بھی اسپرین سے فائدہ ہوتا ہے، صحت مند اور چمکدار بالوں کے لیے اسپرین کی دس گولیاں ایک کپ گرم پانی میں ملائیں اور سر پر لگائیں، خیال رہے کہ اس سے پہلے بال دھونا ضروری ہے۔ اس مکسچر کو پندرہ منٹ کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر پانی سے دھولیں۔

کیلے
اگر تو بال خشک اور روکھے ہوگئے ہیں اور مڑ رہے ہیں تو کیلوں کا ہیئر ماسک مددگار ثابت ہوسکتا ہے، ایک سے تین کیلوں کو لیں اور ان کا مساج پورے سر پر کریں، اس کے بعد پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں اور پھر شیمپو سے دھولیں۔

شہد
دو چمچ شہد کو دو کپ گرم پانی میں ملائیں اور بالوں کو شیمپو سے دھونے کے بعد اس پانی سے ایک بار پھر دھولیں، اس سے سورج کی روشنی اور دیگر پراڈکٹس کے استعمال سے بالوں میں پیدا ہونے والے روکھے پن اور چنج ماند پڑجانے کے اثرات ختم کرکے انہیں جگمگا دیتا ہے۔

چائے
خشک بالوں کو قدرتی چمک دینے کے لیے چوتھائی کپ نیم گرم (جتنی برداشت کرسکیں)مگر مٹھاس سے پاک چائے سے شیمپو کرنے کے بعد دھوئیں۔ چائے بالوں کی رنگت کو بہتر کرتی ہے اور اگر آپ بالوں کو رنگتے ہین تو اس کے لیے بہترین ہے، خاص طور پر سیاہ یا گہرے برا?ن رنگ کے بال رکھنے والے افراد سیاہ چائے کا استعمال کریں۔

سیب کا سرکہ
اپنے تباہ شدہ بالوں میں زندگی واپس لانے کے لیے اس بہترین گھریلو نسخے کا استعمال کریں، ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ، دو چائے کے چمچ زیتون کے تیل اور تین انڈوں کی سفیدی میں مکس کرکے اپنے بالوں پر اس کی مالش کریں۔ اس کے بعد اپنے بالوں کو کسی چیز سے آدھے گھنٹے تک ڈھانپ کر رکھیں اور پھر شیمپو سے دھولیں۔

صندل کی لکڑی
صندل کی لکڑی کے تیل کے کچھ قطرے زیتون کے تیل کے کچھ قطروں کے ساتھ اپنی ہتھیلی میں مکس کرلیں اور پھر اپنے بالوں کے سروں پر لگالیں جس سے ان میں ایک نئی جان آجائے گی۔

صدر مملکت کو بھی ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ بھاگئی

لاہور (ویب ڈیسک )پاکستان کی رواں سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے صرف پاکستانی عوام کو ہی متاثر نہیں کیا بلکہ صدر مملکت عارف علوی بھی اس فلم کے مداح ہوگئے۔صدر پاکستان 69 سالہ ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ رات ایک ٹوئیٹ کرکے عوام کو بتایا کہ انہوں نے ایک فلم دیکھی۔یہ فلم کوئی اور نہیں بلکہ رواں سال کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ تھی۔انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں فلم کی تعریف کی، جبکہ پاکستانی سینما کے تیزی سے آگے بڑھنے اور اچھی فلمیں بنانے کو بھی سراہا۔صدر مملکت کی جانب سے ایسی ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد عوام عارف علوی کی اس ٹوئیٹ پر کافی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ان کی ٹوئیٹ پر ٹی وی میزبان اقرارالحسن نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں صدر پاکستان کی جانب سے کی گئی ایسی ٹوئیٹ پڑھ کر خوشی ہوئی۔فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکوئل ہے۔اس فلم میں ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، واسع چوہدری، احمد علی بٹ، کبریٰ خان، ماورا حسین، عظمیٰ خان اور ثروت گیلانی نے اہم کردار ادا کیے۔