محفل تھیٹر میں 28 ستمبر سے ”رولے ندادے “ کی نمائش کا آغاز ہوگا

لاہور (شوبزڈیسک )اداکارہ ندا چودھری محفل تھیٹر کے ڈرامہ جس کا نام بھی ان کے نام کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئغے” رولے ندا دے“ رکھا گیا ہے ۔اس میں کل سے پرفارم کرینگی ۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ڈرامہ کیلئے ملبوسات بھی خرید لی ہیں اور ریہرسل بھی کرلی ہے۔محفل کی انتظامیہ تبدیل ہونے کے بعد نئے ڈرامے کی افتتاحی تقریب کااہتمام کیاگیا۔ اسحاق چودھری سے تھیٹرکاچارج پروڈیوسر کاشف بٹ اور راشد بٹ نے لے لیا اب کل سے نئے ڈرامے ” رولے ندادے “کی نمائش کاآغازکیا جائیگا۔ڈرامے کی افتتاحی تقریب میں فنکاروں کے علاوہ تھیٹرسے وابستہ افرادکی بڑی تعدادنے شرکت کی۔اس ڈرامہ کے ڈائریکٹر اظہر ملک ہیں۔

پاکستان کی عزت اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، فواد خان

لاہور(شوبزڈیسک) بالی ووڈ اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی عزت اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے بولڈ کرداروں سے نہیں منفر دپر فارمنس سے شہرت مل رہی ہے ۔پاکستانی فلم انڈسڑی کو پاﺅں پر کھڑا کر نے کیلئے حکو متی سہارے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک انٹر ویو میںفواد خان نے کہا کہ میں نے بھارتی فلموں میں کام کر نے کے پہلے ہی دن یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ میں میرٹ اور اپنے ملک کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر ونگا کیونکہ میں آج جو کچھ بھی ہوں پاکستان کی وجہ سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت سے ایسی بھارتی فلموں میں بھی کام کی آفرز ہوئیں ہیں جہاں بڑی بڑی ادکاراں کے ساتھ بولڈ کردار کر نے تھے۔ مگر نے ان فلموں میں کام کر نے سے صاف انکا ر کیا ہے۔

شاہ رخ اور ایشوریا ایشیا کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں

ممبئی(شوبزڈیسک)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اورملکہ حسن ایشوریارائے ایشیا کے 100 بااثر افراد کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ایشین جیوگرافک میگزین نے ایشیا کے 100 بااثر اورحیرت انگیز افراد کی فہرست جاری کی ہے جس میں مختلف شعبوں سے افراد کے علاوہ فلم انڈسٹری کے شعبے سے شاہ رخ خان اور ایشوریارائے بچن جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اس فہرست میں پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی شامل ہیں۔ایشین جیوگرافک میگزین نے یہ فہرست حیرت انگیز ایشینزکے نام سے جاری کی ہے اور اس میں شامل تمام افراد اپنے اپنے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے بین الاقوامی طور پر اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔

سرفراز نے ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کا اعتراف کرلیا

ابو ظہبی (آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کرلیا۔سرفراز احمد نے ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران اعتراف کیا کہ ٹیم نے کرکٹ کے تینوں شعبوں میں ناقص کارکردگی دکھائی اور خود ان کی اپنی کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی۔سرفراز کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اچھی کارکردگی دکھانی چاہیے تھی، شکست کی ایک وجہ میری کارکردگی بھی تھی۔سرفراز کا کہنا تھا کہ بطور کپتان ہمیشہ دباﺅ رہتا ہے اور جب ٹیم اچھا پرفارم نہ کرے تو یہ دبا ﺅمزید بڑھ جاتا ہے، میں غلط بیانی نہیں کروں گا لیکن ٹیم کی خراب کارکردگی نے میری نیندیں اڑا دی ہیں، میں 6راتوں سے نہیں سویا، حالانکہ یہ سب زندگی کا حصہ ہے۔میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرفراز شرمندہ دکھائی دیئے اور کئی جگہ ایسا لگا کہ وہ ابھی رو دیں گے۔پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تھوڑا آرام کرنے کے لیے کسی دوسرے وکٹ کیپر کو موقع دیں گے؟جس پر سرفراز احمد نے تلخی سے جواب دیا کہ یہ کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، میرا کام کھیلنا ہے، میں کھیلتا رہوں گا، آپ یہ سوال سلیکشن کمیٹی سے جا کر پوچھیں۔صحافی نے پوچھا کہ آپ غصے میں ہیں؟’ جس پر سرفراز نے جواب دیا کہ میں غصے میں نہیں ہوں، مجھے ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی پر افسوس ہے لیکن گھبراہٹ میں فیصلے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی اس ہار کے بعد افراتفری کا شکار ہونے کی ضرورت ہے۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی یہ خصوصیت رہی ہے کہ وہ اننگز کے درمیانے اوورز میں وکٹیں لیتی رہی ہے لیکن اس ٹورنامنٹ میں وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی۔کپتان نے اس موقع پر فخرزمان کا نام لے کر کہا کہ ‘ایک ٹورنامنٹ کی خراب کارکردگی کے سبب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ اچھے بلے باز نہیں حالانکہ انہوں نے جو غلطیاں کی ہیں انہیں اس کا خود بھی احساس ہے اور ان غلطیوں کو صرف دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر من مانی کرنے کا تاثر غلط ہے، محمد حفیظ اور جنید خان ہمارے پلان کا حصہ ہیں اور پاکستان کرکٹ کے دروازے سب کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

ٹیم کی بدترین پر فارمنس پر ،سابق کرکٹرز آگ بگولہ

ابوظہبی(آئی این پی)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی،وسیم اکرم ،رمیز راجہ اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بنگلہ دیش کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم کی پوری کارکردگی سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔کرکٹ کے ہر شعبہ میں کمی دیکھنے کو ملی۔آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی طرف سے بہت اچھی کرکٹ کھیلی گئی تھی جس کے بعد توقعات بڑھ گئی تھیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ پاکستانی ٹیم کی گرتی ہوئی کارکردگی دیکھنا مایوس کن ہے۔انہوں نے لکھا، میں امید کرتا ہوں کہ اگلی سیریز تک انتظامیہ سیلیکٹرز اور کھلاڑی ایک ساتھ چلیں، لیکن کوئی بات نہیں میں اب بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں۔سابق کپتان و آل راونڈر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ زمبابوے کے ساتھ بہت زیادہ کھیلنا پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کا بنیادی سبب ہے اور ہمیں نچلے رینک کی ٹیموں کے ساتھ کم میچز کھیلنے چاہئیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ میں خود اس بات کے حق میں ہوں کہ ہمیں کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے مگر اس مقصد کیلئے کسی بھی چھوٹی ٹیم سے ایک میچ کھیلنے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن زمبابوے جاکر وہاں پر 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے سے کیا سیکھا اور کیا فائدہ ہوا۔، ٹیم یا کھلاڑیوں کو اس قسم کے دوروںسے کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکتا، وہاں پر ہمارے بیٹسمین رنز کے انبار لگاتے ہیں، ڈبل سنچریاں اسکور کرتے ہیں لیکن جب ان کا سامنا اچھی بولنگ اور بڑی ٹیموں سے ہوتا ہے تو انہیں ایسے ہی نتائج کا سامنا کرناپڑتا ہے اور وہ ناکامی کا شکار ہوجاتے ہیں۔معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پاکستان کی بنگلہ دیش سے شکست پر شدید تنقید کی ہے ،رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے تمام خواب چکنا چور کردیے۔ ایشیا کپ سے پہلے پاکستان فیورٹ تھا۔ٹیم کے لیے یہ ایونٹ ڈرانا خواب شامل ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر اب شدید تنقید کا سامنا ہے۔

درآمدات میں عالمی معیار لانے سے قرضے کم ہو جائینگے: سلمان شاہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ سیون میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما ممبر قومی اسمبلی ابراہیم خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دھواں دار تقریر کی لیکن الفاظ کا استعمال غلط تھا۔ جب خورشید شاہ نے اپنی تقریر میں وہی غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے وہ بھی قومی اسمبلی کے وقار ے خلاف تھا۔ یہ تمام چیزیں ختم کر کے قانون میں اصلاحات کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے۔ ملک کو لوٹنے والوں کے لیے سزائیں مقرر کی جائیں کہ انکی نسلیں یاد کریں۔ بیان بازی سے قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ذاتی خیال ہے کہ کرپشن کرنیوالوں کو سزائے موت دی جانی چاہیے۔ دو سے تین بڑے کرپٹ لوگوں کیساتھ ایسا ہوا تو سب ٹھیک ہو جائیں گے۔ چیف جسٹس صاحب خود ہسپتال میں ایک چیز برآمد کر کے آتے ہیں اور لیب کہتی ہے کہ یہ زیتون کا تیل تھا۔ چیف جسٹس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی گئی‘ انہیں ایکشن لینا چاہیے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ اب یہ معاملات ختم ہونگے یا یہ ملک ختم ہوگا۔ اب ہم اسی نہج پر ہیں اور ہمیں اپنے معاملات ٹھیک کرنا ہونگے۔ جہانگیر ترین کی نااہلی پر نظر ثانی کی درخواست خارج ہونے پر انہوں نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلوں پر اعتماد ہے۔ تاہم ان سے اچھے مشورے لیے جائیں گے۔ نواز شریف منی ٹریل ہی نہیں دے پارہے اور جہانگیر ترین کا منی ٹریل کلیئر ہے۔ حکومت کے منی بجٹ کا بوجھ مالدار لوگوں پر ڈالا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بھینسیں بیچ کر پیغام دیا ہے کہ میں عیاشی نہیں کرسکتا تو کوئی دوسرا کیوں کرے گا۔ ابھی صرف گھاس کھانے والی بھینسیں بیچی گئی ہیں مال کھانے والی بھینسیں بیچیں تو پتا تب چلے گا۔ گزشتہ حکومتوں نے دس سال میں پاکستان کی ستر سالہ تاریخ سے دوگنا قرضہ لیا۔ غیر ملکی قرضہ 36ارب سے 92 ارب پر لیجایا گیا‘ جسکی قسط کے لیے بھی پیسے نہیں چھوڑے گئے اور اپنے ایم این ایز کو جاتے ہوئے ایک ارب تک دیدیے۔ انہوں نے ملک کو خزانے کو بھارتی مال سمجھا کہ جیسے چاہے لٹا دو۔ عوام جان گئی ہے کہ ان لوگوں نے ملک کیساتھ کیا گیا تب ہی انہیں اٹھا کر حکومت سے باہر پھینکا گیا۔ ہمیں عوام پر بوجھ کم کرناہے۔ ہمارے پاس ذرائع ہونے کے باوجود ستر فیصد بجلی تیل سے پیدا کی جارہی ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں، غیر ملکی فنڈ لینے والے لوگ اٹھ کر کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیموں کی مخالفت کررہے ہیں۔ انکے خلاف آرٹیکل6 کے تحت کارروائی کی سفارش ہے۔ ہمیں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ابھی وقت چاہیئے۔ خارجہ پالیسی میں ہماری ترجیح صرف پاکستان ہے۔ وزیر اعظم نے آتے ہی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی، جس پر بھارت کے منفی جواب کے باوجود عمران خان نے مدبرانہ طور پر کہا کہ مسائل کا حل بات چیت ہی ہے ورنہ بڑا نقصان ہوگا۔ کشمیر ہماری شاہ رگ ہے، کشمیر کے موقف پر کوئی دورائے نہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کشمیر پر ایک لفظ نہیں کہا ایسا لگتا تھا مودی سرکارنے پاکستان پر قبضہ کرلیا ہے۔ پروگرام میں سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منی بجٹ سے ہمیشہ عوام پر بوجھ پڑا ہے۔ اصل معاملہ ہے کہ ہمیں معاشی حالات پر آئی ایم ایف کے پاس جانے نہ جانے کا فیصلہ کرنا ہے۔ حکومت سوچ رہی ہے کہ کوئی اور آپریشن نظر آجائے مگر دورہ سعودی عرب اور چین سے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ قرضے بڑھنے سے ملکی خودمختاری ختم ہوجائے گی۔ آئی ایم ایف بھی مالی خسارے کم کرنے کا کہتا ہے۔ پاکستان کے آئی ایم ایف کے پاس نے سے دنیا کو پیغام ملے گا کہ یہ واقعی اپنی معیشت بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ ایکسپورٹ نہ ہونے کے باعث عالمی قرضے لیے جارہے ہیں۔ ڈالر کی آﺅٹ پٹ دے سکتا ہے۔ ہمارے پھل اور سبزیاں دنیا میں بہت مانگ رکھتی ہیں۔ مگر ہماری پیداوار نہیں ہے۔ ڈیم بننے کے بعد پیداوار بڑھانے کی طرف پہلا قدم ہوگا۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل کو ٹھیک کرنا بہت ضروری ہے۔ آٹو موبائیل اورالیکٹرانگ انڈسٹری کو دنیا میں پھیلانا پڑے گا۔ نئی کمپنیاں اور ٹیکنالوجی بنانی پڑیں گے جو پوری دنیا میں جا سکیں۔ مگر حکومت کی ترجیح ٹیکس اکٹھے کرنے کی طرف ہے۔ ٹیکس لگایا جارہا ہے مگر ٹیکس بڑھایا نہیں جا رہا۔ ہماری حکومت میں ڈھائی ملین ٹیکس دہندہ تھے جو اب سات سے آٹھ لاکھ رہ گئے ہیں۔ ٹیکس ریٹ کم ہونے چاہیے جو ٹیکس نیٹ بڑھانے سے ہوگا۔ برآمدات کو عالمی معیار کے مطابق لا کر بڑھانے سے قرضے خود بخود کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔

رشتہ داروں نے خاتون کا سر پھاڑ ڈالا ،بر ہنہ کر کے گھسیٹتے رہے

فیصل آباد (رپورٹ:یونس چوہدری) فیصل آباد کے نواحی تھانہ روڈالہ کے علاقہ میں جائیداد کی تقسیم کے تنازع پر رشتہ داروں نے زبردستی گھر میں داخل ہو کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ اینٹیں مار کر اس کاسر پھاڑ دیا گیا اور خاتون کے بال نوچ ڈالے“ کپڑے پھاڑ کر برہنہ کر دیا گیا جبکہ ظلم و تشدد اور پولیس کی نا انصافیوں کا شکار خاتون کا کہنا ہے کہ یرے رشتہ دار با اثر ہیں۔”نوٹوں کی چمک“ پر روڈالہ پولیس ان کی حمایتی بن گئی ہے۔ ان کو تھانہ میں پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ ایس ایچ او نے مجھے برا بھلا کہہ کر اور بدکار ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھکے دےکر تھانہ سے باہر نکال دیا۔ مخالف رشتہ دار میرے گھر اور احاطہ پر قبضہ کر کے مجھے اور میرے اہل خانہ کو گاﺅں بدر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ واقعہ کو تقریباً ایک ہفتہ گزر چکا ہے۔ مگر نہ مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور نہ ہی گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے اور مجھے سنگین نتائج بھگتنے کی مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ میری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ متاثرہ خاتون کا خبریں ہیلپ لائن سے رابطہ اور ”خبریں آفس“ پہنچ گئی۔ یہاں چک نمبر 356گ ب جڑانوالہ کی رہائشی اشرف بی بی زوجہ فاضل نے بتایا کہ احاطہ کی تقسیم کی گئی۔ جس کا میرے رشتہ داروں کو رنج تھا۔ 19ستمبر 2018کو میرے دیور امیر علی، بھتیجے بابر دیورانی ثریا بی بی اور بھتیجی نازیہ نے زبردستی میرے گھر میں داخل ہو کر مجھے ٹھڈے مارنے شروع کر دیئے۔ ہوروں مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور اینٹیں مار کر میرا سر پھاڑ دیا۔ کپڑے پھاڑکر برہنہ کر دیا اور میرے سر کے بال کھینچ ڈالے اور للکارے مارتے ہوئے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں اور میرے شور مچانے پر فرار ہو گئے اور ڈنڈے برسا کر گیٹ توڑ دیا۔ اس نے بتایا کہ میں نیم بے ہوشی اور زخمی حالت میں تھانہ روڈالہ پہنچی اور محرروں نے معمولی نوعیت کا ڈاکٹ بنا کر مجھے تھما دیا۔ میں ہسپتال سے میڈیکو لیگل حاصل کر کے تھانہ گئی تو ایس ایچ او علی رضا نے کہا کہ اس پر مقدمہ درج ہو سکتا ہے اور نہ ہی کوئی کارروائی ہو سکتی ہے۔ مجھے گالیاں ، جھڑکیں دیتے ہوئے اور بدکار عورت ہونے کا الزام لگا کر تھانہ سے نکال دیا۔ میرے گھر پر دو بار دھاوا بولا جا چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں خاتون نے بتایا کہ میں ڈی ایس پی سرکل جڑانوالہ کو درخواستیں دے چکی ہوں۔ مگر ان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ صرف تھانہ بلوا کر مجھے اور میرے خاوند کو ذلیل و خوارکیا جا رہا ہے۔ اس امر پر ظلم و ستم کا شکار خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لےکر مقدمہ درج اور مجھ پر ظلم ڈھانےوالوں کو گرفتار کر کے انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔

عوام کو ریلیف حکومت کی پہلی تر جیح ہونی چاہیے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)کالم نگار افضال ریحان نے کہا ہے کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے لیکن مخالف کی مثبت چیزوں کی تعریف بھی کرنی چاہئے وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب بہت کامیاب رہا ایک مثبت پہلو ابھرا۔چینل فائیو کے پروگرام کالم نگار میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سعودی عرب ہمیشہ شکل میں پاکستاان کے ساتھ کھڑا رہا۔انہوں نے کہا سعودی کی سی پیک میں شمولیت پر اعتراض نہیں ۔سی پیک چین کے لئے زیادہ مفید ہے۔امریکہ کا سعودی پر اثر و رسوخ ہے اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔تجارت کے معاملے میں دشمنی نہیں ہونی چاہئے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حزب اختلاف کو براہ راست نشانہ بنایا۔کالم نگار توصیف احمد خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا امریکہ سی پیک کو پسند کرے گا امریکہ اور چین کی بالکل نہیں بنتی تجارتی حوالے سے دونوں آپس میں دشمن ہیں۔دہشتگردی صرف پاکستان نہیں پورے خطے کا مسئلہ ہے۔عمران خان کا کنٹینر پر جو لہجہ تھا وہ اب بدل گیا ہے شائستگی آ گئی ہے۔جہانگیر ترین کے معاملے پر انہوں نے کہا نظرثانی پٹیشن میں نئی شہادتیں پیش نہیں کی جا سکتیں۔احتساب سب کے لئے یکساں ہونا چاہئے۔سینئر صحافی امجد اقبال نے کہا کہ سعودی ہمارے لئے مقدس سرزمین ہے ۔اس وقت عراق دنیا کا بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے۔سعودی عرب کبھی نہیں چاہے گا پاکستان کہیں اور جائے جو اس کا تیل خریدنے والا بڑا کسٹمر ہے ۔ سعودی کے اپنے مفادات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھارت سے دشمنی یکطرفہ نہیں۔جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے لئے بڑے کام کئے۔پی ٹی آئی کا موقف ہے سیاست میں وہ آئیں جن کے اثاثے باہر نہیں۔ کالم نگارمیاں سیف الرحمان نے کہا سعودی امریکہ کے پیچھے لگ کر اپنا نقصان نہیں کرے گا۔ایک وقت میں بڑی طاقتیں تجارت بھی کرتی ہیں اور اختلافات بھی رکھتی ہیں۔سعودی کئی وجوہات کی بنا پر ہمارے قریب ہے۔جہانگیر ترین جو شواہد لائے وہ بروقت لانے چاہئے تھے۔بہرحال ملک میں جمہوری عمل چلتے رہنا چاہئے تاکہ ملک ترقی کرے۔عوام کو ریلیف حکومتوں کی اولین ترحیح ہونی چاہئے۔

آسٹریلیاسے ٹیسٹ سیریز،قومی ٹیم سے عامرکی چھٹی

لاہور(نیوزایجنسیاں) آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے 17 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔کینگروز سے سیریز کے لیے بالر محمد عامر کو ڈراپ کردیا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض اور امیر حمزہ کی واپسی ہوئی ہے۔ اسکواڈ میں 3 اسپنرز شاداب خان، یاسر شاہ اور بلال آصف شامل ہیں، محمد رضوان بھی ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر موجود ہوں گے۔منتخب کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، شاداب خان، بلال آصف، محمد عباس، حسن علی، وہاب ریاض، فہیم اشرف، امیر حمزہ اور محمد رضوان شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز امارات میں کھیلی جائے گی۔

اعصام چینگڈو اوپن مینز ڈبلز سیمی فائنل میں آج ایکشن میں نظر آئینگے

بیجنگ (اے پی پی) سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی چینگڈو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز سیمی فائنل میں (آج) جمعہ کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ چین میں جاری ایونٹ میں اعصام الحق اور ان کے میکسیکن جوڑی دار سنتیاگو گونزالیز نے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں میتھیو ایبڈن اور مسشا زیوریف کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، اعصام الحق مینز ڈبلز سیمی فائنل میں (آج) جمعہ کو قسمت آزمائی کریں گے۔