دوسروں کی غلطیوں کا خمیازہ میں کیوں بھگت رہا ہوں:سلمان بٹ

کراچی(آئی این پی) سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں فکسنگ کرنے والوں سے میرا کوئی تعلق نہیں پھر دوسروں کی غلطیوں کا خمیازہ میں کیوں بھگت رہا ہوں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ میں اپنی غلطی کی سزا بھگت چکا ہوں اور ری ہیب پروگرام بھی مکمل کرچکا، سزا پوری کرنے کے باوجود پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جارہا۔سلمان بٹ نے کہا کہ دو سال سے قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کا دوسرا بہترین اسکورر ہوں، پرفارمنس کے باوجود پی ایس ایل کا حصہ نہیں بنایا جارہا، چیف سلیکٹر نے پاکستان اے میں شامل کرنے کا کہا تھا لیکن سلیکشن کمیٹی مسلسل نظر انداز کر رہی ہے، پی ایس ایل میں فکسنگ کرنے والوں سے میرا کوئی تعلق نہیں پھر دوسروں کی غلطیوں کا خمیازہ میں کیوں بھگت رہا ہوں۔

زنجیروں میں جکڑا 12 سالہ بچہ بازیاب ، باپ سمیت 3 افراد کیخلاف مقدمہ

گگو منڈی( نمائندہ خبریں) سنگدل باپ نے 12سالہ بچے کو زنجیروں میں جکڑ کر گھر میں قید کر دیا ۔ والدہ کی اطلاع پر پولیس نے معصوم بچے کو برآ مد کر لیا ۔ باپ سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج ۔تفصیلات کے مطابق وہاب ٹاﺅن گگو منڈی کے رہائشی فیاض احمد نے اپنے 12سالہ معصوم بیٹے مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زنجیروں میں جکڑ کر گھر میں قید کیا ہوا تھا جس کی اطلاع بچے کی والدہ نے پولیس کو دی تو سب انسپکٹر خالد نے پولیس نفری کے ہمراہ فیاض احمد کے گھر پر چھاپہ مارا اور ایک کمرہ میں قید زنجیروں میں جکڑے ہوئے 12سالہ بچے جہانزیب کو برآمد کر لیا گھر میں موجود جہانزیب کی والدہ نے بتایا کہ اسکا خاوند فیاض احمد اکثر اوقات ہم ماں بیٹوں کو تشدد کانشانہ بناتا ہے اور کل بھی اس نے ہمیں زدو کوب کرنے کے بعد جہانزیب کو زنجیروں میں جکڑ کر کمرے میں قید کر دیا ۔ملزم فیاض احمد نے کہا کہ جہانزیب سکول نہیں جاتا تھا اسے ڈرانے کے لیے اس کے پاﺅں میں زنجیر زنجیر ڈالی تھی ۔پولیس نے بچے کو برآ مد کرنے کے بعد اس کے باپ فیاض احمد چچا محمد اقبال اور دادی حضوراں بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

 

امریکہ کو پاکستان سے اب برابری کی سطح پر بات کرنا ہو گی: میاں حبیب ، سپر پاور پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنا چاہتی ہے لیکن اسکی کوشش ناکام ہو گی: عبدالودود قریشی ، نئی حکومت اداروں کےساتھ کھڑی واحد حکومت ، جاوید اقبال بٹ کی چینل ۵ کے پروگرام” لائیو ایٹ 8“ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام ”لائیو ایٹ 8“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار جاوید اقبال بٹ نے کہا ہے کہ امریکی امداد سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا منسوخ کی گئی امداد کو بحال کرنا امریکہ کی مجبوری ہے۔ دہشت گرددی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ پاک افواج کے سپوت شہید ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی حکومت واحد ایسی حکومت ہے جو تمام اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ایسی صورتحال میں امریکی امداد کے بغیر بھی معاملات چل سکتے ہیں وقت آ گیا ہے اب عوام خوشحال ہو گی لیکن حکومت کا ساتھ دینا ہو گا۔ سمندر پار پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں کروڑوں روپے جمع کرائے۔ عمران خان نے کہا تو وہ مزید امداد بھی کر سکتے ہیں۔ تجزیہ کار میاں حبیب نے کہا ہے کہ امریکہ کو اب پاکستان کے ساتھ برابری کی سطح پر بات کرنا ہو گی۔ نئی حکومت کو حکمت عملی طے کرنی چاہیے۔ ہم نے امریکہ کی جنگ لڑی امداد نہیں سپورٹ فنڈ ہے جس کو امریکہ بند نہیں کر سکتا۔ اس حوالے سے عالمی سطح پر اعتماد حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اتحادی بن کر سب سے زیادہ قربانیاں دیں جنگ کیلئے امریکہ ہمیں سپورٹ فنڈ دے رہا تھا اسے امداد کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ امریکہ سپورٹ فنڈ دینے کا پابند ہے اپنی بادشاہت ظاہر کرتے ہوئے بدمعاشی کر رہا ہے۔ تجزیہ کار عبدالودﺅد قریشی نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے بعد اب پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ نے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت پاکستان کے حکمرانوں پر دباﺅ ڈالا گیا کہ ہم سے اتنا قرضہ لے لے کر اگر پاکستان کے عوام ہر طرح کا مکمل ٹیکس بھی دیں تو بھی سود ادا نہ ہو سکے یہ ایک منصوبہ بندی تھی تاکہ پاکستان پر اپنی مرضی مسلط کر سکے مشرف نواز کے ساتھ ہوئے معاہدوں پر عمران خان نے ان سب کو ختم کرنے کا کہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ امریکی امداد بند کرنے کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر بدحال کرنے کی کوشش ہے۔

 

بھارت کیخلاف 5ویں ٹیسٹ کے بعد کیا کرو نگا؟الیسڑ کک نے حیران کن اعلان کر دیا

لندن (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔انگلش بلے باز الیسٹر کک نے کرکٹ کو خیرباد کہنے سے متعلق فیصلے کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کافی سوچنے کے بعد عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ بھارت کے خلاف سیریز کے پانچویں ٹیسٹ کے بعد کرکٹ چھوڑ دوں گا۔33 سالہ الیسٹر کک نے کہا کہ ان کے لیے آج کا دن افسردہ ہے لیکن وہ سب سے بڑا فیصلہ چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ کر رہے ہیں۔
سابق انگلش کپتان نے کہا کہ انہوں نے اپنے تصور سے کہیں زیادہ حاصل کیا اور انگلینڈ کی جانب سے طویل عرصے تک کھیلنے پر فخر ہے تاہم یہ وقت مناسب ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے۔
الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلیں گے تاہم کاونٹی کرکٹ میں ایسیکس ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔یاد رہے کہ الیسٹر کک انگلینڈ کی جانب سے 160 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
کک ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار 254، ایک روزہ کرکٹ میں 3 ہزار 204 اور محدود اوورز کی کرکٹ میں 61 رنز بناچکے ہیں، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 32 سنچریاں اور56 نصف سنچریاں جب کہ ایک روزہ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

بیوروکریٹس ’کی احتساب کے نام پرہوائیاں کیوں اُڑنے لگتی ہیں

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب)، عدالتی کارروائی اور سیاستدانوں کے دھمکیوں سے خوفزدہ متعدد بیوروکریٹس اہم عہدے قبول کرنے میں گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ڈکے مطابق ایسے تمام سرکاری منصوبے جس میں کثیر رقم کا دخل ہے، بیروکریٹس ان منصوبوں سے متعلق امور پر فیصلہ کرنے میں سخت الجھن کا شکار ہیں۔اس حوالے سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ وہ تمام ایماندار ایڈمنسٹریٹو افسران جنہیں سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دور میں کوئی عہدہ نہیں دیا گیا، وہ بھی موجودہ حکومت میں کوئی ذمہ داری اٹھانے سے قاصر ہیں کیونکہ انہیں سابق حکومت کے سیاستدان تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔

کیا ڈویلیئرز پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

کراچی (ویب ڈیسک)جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور اے بی ڈویلیئر بھی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے۔ہر گزرتے برس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور کرکٹ کے بڑے بڑے ستارے اس کہکشاں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔اور اب اطلاعات ہیں کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بالرز کے چھکے چھڑانے والے دنیا کے بڑے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کھیلیں گے۔پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر بھی اس حوالے سے اشارہ دیا گیا تھا اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کی بڑی تعداد نے یہی اندازہ لگایا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔اور اب متعدد ذرائع نے بھی اے بی ڈویلیئرز کے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کی تصدیق کر دی ہے۔پی ایس ایل سے جڑے ایک ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے لیے آ رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وہ تقریباً 3 ہفتوں کے لیے دستیاب ہوں گے، یعنی وہ 7 میچز کھیلیں گے۔

امریکا نےامداد نہیں کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم روکی ہے، وزیرخارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا نے امداد نہیں بلکہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی وہ رقم روکی ہے جو پاکستان دہشتگردی کے خلاف خرچ کرچکا ہے۔اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی محکمہ دفاع کے 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرنے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ آرہے ہیں، کوشش ہوگی کی باہمی عزت و احترام کا رشتہ قائم کرتے ہوئے تعلقات کو بہتر بنائیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات تقریباً معطل ہیں، گزشتہ حکومت کی صورتحال یہ تھی کہ کسی لیول پرانگیجمنٹ نہیں ہورہی تھی۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان نے قربانیاں دی ہیں، امریکا امداد نہیں بلکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ڈالرز دے رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ 5 ستمبر کو امریکی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، کوشش ہوگی کہ پاک امریکا تعلقات کو بہتر کروں، امریکی وزیر خارجہ سے نئے رشتے پر بات ہوگی اور ان کی خدمت میں اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکاسے گفت و شنید ہی نہیں ہورہی تھی،ایک تعطل تھا، یہ ایک نئی اوپننگ ہمارے سامنے آرہی ہے، ہمارا عزم ہے کہ خطے اور دنیا کو دہشتگردی سے پاک کریں۔انہوں نے کہا کہ امریکا نے رقم مدد کیلئے نہیں کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں دینی تھی، یہ ہمارا پیسہ ہے،ہم نے خرچ کیا ہے، یہ پیسا امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خرچ ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ پیسا ہے جو پاکستان نے اپنے وسائل سے خرچ کیا اور امریکا نے ہمیں واپس کرنا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا نےسابق حکومت کے دور سے ہی یہ فنڈ معطل کررکھا ہے، یہ تاثر دینا کہ یہ کیا ہوگیا،یہ کوئی نئی چیز نہیں۔انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو میں وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی بریفنگ ملکی مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھ کر آگے بڑھیں۔

قربانی کیلئے قبول تو صدارت کے لیے کیوں نہیں؟ فضل الرحمان کا پی پی سے شکوہ

کراچی (ویب ڈیسک)ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شکوہ کیا ہے کہ ڈنڈے کھانے، جیلیں کاٹنے اور قربانی کے لیے ہم قبول ہیں تو پھر صدارت کے لیے کیوں قابل قبول نہیں ہیں۔لاہور میں شہبازشریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنماو¿ں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے مجھے آل پارٹیز کا کنوینر نامزد کیا اور دوسری جماعتوں نے اس کی تائید کی۔ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے صدارتی الیکشن کے لیے مجھ پر اعتماد کیا، کوشش ہے کہ متحدہ اپوزیشن کا متفقہ امیدوار ہو۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کو آج ہی تسلیم کر لیاجائے تاکہ وحدت کا مظاہرہ ہو۔ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دستبردار ہونے کے لیے مجھے ایم ایم اے کی 5 جماعتوں اور اے پی سی کی 5 جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہے جب کہ پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کو دستبردار کرنے کے لیے اپنے فورم پر فیصلہ کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، آصف زرداری اور اعتزاز احسن سے اچھے دوستانہ تعلقات ہیں، ڈنڈے کھانے، قربانیاں دینے اور جیلیں کاٹنے کے لیے ہم قابل قبول ہو سکتے ہیں تو صدارتی الیکشن کے لیے کیوں قابل قبول نہیں ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے الیکشن کے لیے بھی اپنے 53 ووٹ خاموش کرا کر عمران خان کو وزیراعظم بننے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگی قائدین صدارتی الیشکن کا معرکہ سر کرنے کے لیے مکمل طور پر یکسو اور تیار ہیں، پیپلز پارٹی بھی اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار کو قبول کرے۔