Monthly Archives: September 2018
اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس کی بینکنگ کورٹ میں سماعت

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے17 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان
لاہور(ویب ڈیسک)آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے17 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔17 رکنی اسکواڈ کی قیادت سرفرازاحمد کریں گے جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔فاسٹ بولر وہاب ریاض اور میرحمزہ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اظہرعلی، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، حارث سہیل، یاسرشاہ، شاداب خان، بلال آصف، محمد عباس، حسن علی، فہیم اشرف اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دبئی میں 7 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے فوراً بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز شروع ہوگی جس میں دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز میں مدمقابل ہوں گی۔

برطانیہ کا سب سے بڑا سائبر فراڈ؛ پاکستانی نژاد مجرم کی تصاویر منظرعام پر آ گئی
لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کی تاریخ میں سب سے بڑے سائبر فراڈ کیس کے مجرم پاکستانی نژا د برطانوی شہری فیضان چوہدری عرف فزی کی تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آگئیں۔مجرم فیضان چوہدری شیر پالنے کے ساتھ ساتھ سونے کے زیورات، رولکس گھڑیوں اور لگڑری گاڑیوں کا شوقین تھا۔مجرم کی لاہور میں عالیشان ولا سمیت لندن اور دبئی میں بھی جائیداد ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر اپنی دولت کا خوب دکھاوا کرتا تھا۔گلاسگو سے تعلق رکھنے والا فیضان چوہدری فون پر ایک سے زائد زبانوں میں لہجہ بدل کر بینک صارفین کو اپنے جال میں اتارتا تھا۔فیضان چوہدری نے برطانیہ کے دو بڑے بینکوں لوئس اور آر بی ایس کے 750 کھاتے داروں سے دھوکہ دہی سے بینک ٹرانسفر کے ذریعے ڈھائی سال کے عرصے میں 11 کروڑ 30 لاکھ پاونڈ کی رقم ہتھیائی۔برطانوی میڈیا کے مطابق اپنے عروج کے دور میں یہ سائبر کرائم گینگ ہر ہفتے 20 لاکھ پاونڈز ہتھیا لیتا تھا۔برطانوی شہری کو جرم ثابت ہونے پر 11 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے فواد چوہدری کے الزامات مسترد کردیے
اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔اپنے بیان میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کہا کہ جس کمپنی کے متعلق بات کی گئی وہاں میرا داماد کبھی ڈائریکٹر رہا ہی نہیں۔گرفتاری کے حوالے سے افتخار چوہدری نے کہا کہ انٹرنیشنل پولیس نے میرے داماد کو حراست میں لیا ہے، گرفتار نہیں کیا، یہ سب انتقامی کارروائیاں ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مقدمے میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے اور سابق چیف جسٹس کے داماد مرتضیٰ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دبئی سے گرفتار کرلیا ہے، جن کے وارنٹ قومی احتساب بیورو (نیب) نے جاری کیے تھے۔کیس کا پس منظر بتاتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے، جن کی ساری زندگی کی جمع پونجی ڈوب گئی تھی۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے حیران کن فیصلہ کیا اورایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں اپنے پاس لگوا کر اپنے سمدھی کو ریلیف فراہم کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس کیس میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار، ان کی صاحبزادی اور سمدھی بھی نامزد ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان امداد کے تین معاہدے ہوئے، فواد چوہدری
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان امداد کے 3 معاہدے ہوئے ہیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد اتوار کو پاکستان آ رہا ہے جس میں ان کے وزیر پٹرولیم، وزیر توانائی اور سرمایہ کار بھی شامل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سی پیک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا خواہشمند ہے اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کے دورے کے دوران اس بات پر زور دیا تھا کہ جو بھی معاملات ہیں انہیں تیزی سے نمٹایا جائے۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 7 ہزار کینال سے زائد زمین چھڑائی گئی ہے اور زمینوں سے قبضہ ہٹانے کی مہم کراچی میں بھی شروع کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمینوں پر قبضے کے خلاف مہم چلائی جائے گی جب کہ کراچی میں انفرااسٹرکچر پر بھی کام کیا جائےگا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے 100 بڑے ڈیفالٹرز کے خلاف بھی آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس قوانین کو 5 سال کے لیے روک دیا گیا ہے۔ان کا بتانا تھا کہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس چھوٹ مزید 5 سال جاری رہے گی، ان علاقوں میں نان ٹیکس گاڑیوں کی جون 2023 کے بعد اجازت نہیں ہو گی۔
افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین سے متعلق جامع پالیسی بنائی جائے گی، پاکستان میں رجسٹرڈ 20 لاکھ افغان مہاجرین میں سے 8 لاکھ 79ہزار 198کے پاس افغانستان کے سٹیزن کارڈ ہیں جب کہ 5 لاکھ افغان مہاجرین رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات؛ علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال
راولپنڈی(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کے ناظم الامور پال جونز نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکا کے ناظم الامور پال جونز نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور نے آرمی چیف سے باہمی دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔پال جونز نے علاقائی سلامتی صورتحال بالخصوص افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔امریکی ناظم الامور نے خطے میں تصادم روکنے کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا اور سراہا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری: مزید 4 افراد شہید کر دیے
سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 4 افراد کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سری نگر کے علاقے نور باغ میں محاصرے کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گھر کے مالک سلیم ملک شہید ہو گئے۔بھارتی فوج کی بربریت کا دوسرا واقعہ ضلع اسلام آباد کے علاقے دلوچ دورو میں پیش آیا جہاں قابض فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر ایک نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔قابض افواج نے بڈگام اور اننت ناگ میں بھی سرچ آپریشن کی آڑ میں دو نوجوانوں کو شہید کیا۔دوسری جانب شہید سلیم ملک کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور قابض انتظامیہ اور بھارتی فوج کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔اس موقع پر بھارتی فورسز نے نماز جناہ میں شرکت کرنے والے افراد پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔قابض انتظامیہ نے سری نگر میں احتجاج اور ریلیوں کو روکنے کے لیے کرفیو لگا دیا جب کہ ضلع اسلام آباد، بڈگام اور سری نگر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

نیب نے اسحاق ڈار کی پاکستان میں تمام جائیدادیں فروخت کرنے کی اجازت مانگ لی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں موجود تمام جائیداد فروخت کرنے کی عدالت سے اجازت مانگ لی۔نیب کی جانب سے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسحاق ڈار نیب کو مطلوب ہیں، ان کی ملک میں موجود تمام جائیدادوں کو فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کی جانب سے دائر درخواست کے متن کے مطابق اسحاق ڈار نیب اور عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیے جاچکے ہیں اور برطانیہ میں موجود ہیں۔درخواست میںمﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے فرار ہوااور اس واقعے کو 6 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔نیب کی جانب سے دائر درخواست میں مﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیماری کے بہانے بیرون ملک فرار ملزم وہاں روزمرہ سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہا ہے، اسحاق ڈار جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کی کچھ جائیداد ضبط کی جا چکی ہے لیکن کچھ جائیداد اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے لہذا عدالت باقی جائیداد سے متعلق بھی حکم نامہ جاری کرے۔عدالت نے نیب کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کل سماعت کریں گے۔یاد رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔سابق وزیر خزانہ کو وطن واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرتے ہوئے انٹرپول کو بھی درخواست دی جاچکی ہے۔

بجلی کی فراہمی میں ناکامی: نیپرا نے کے الیکٹرک کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے شہریوں کو بجلی کی فراہمی میں ناکامی پر کے الیکٹرک کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک 2017 کے رمضان المبارک میں صارفین کو بلا امتیاز بجلی کی فراہمی میں ناکام رہا اور شہر میں لمبے دورانیے کی لوڈشیڈنگ ہوتی رہی۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق نیپرا ٹیم نے کراچی کا دورہ کیا اور کمپنی کی بجلی پیداواری، ترسیلی اور تقسیمی سہولتوں کا جائزہ لیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی کا دورہ کرنے والی ماہرین کی کمیٹی کو مختلف علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا اور رپورٹ میں شدید تحفظات کا اظہار کیا۔