تازہ تر ین

وزیر تعلیم سندھ نے تاریخ رقم کردی، بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کرادیا

حیدرآباد(ویب ڈیسک)وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی بیٹی کا داخلہ حیدر آباد کے میراں گرلز گورنمنٹ اسکول میں کروا دیا۔سید سردار شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کے علاوہ بھائی کی دو بیٹیوں کا داخلہ بھی سرکاری اسکول میں کروایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کروا کر اپنا فرض پورا کیا ہے کوئی کارنامہ نہیں کیا، جبکہ اس کا مقصد عوام کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال کرانا ہے۔’وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ ‘میں نے شروعات اپنے گھر سے کی ہے تاکہ سرکاری اسکولوں کے معیار پر عوام کااعتماد بڑھایا جاسکے اور یہ اس سلسلے میں پہلا قدم ہے۔’انہوں نے کہا کہ ‘اگر میں اپنی بیٹی کا داخلہ کروا کے خود سے آغاز نہیں کرتا تو کوئی اس بات پر یقین نہیں کرتا کہ ہمیں اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں پڑھانا ہے۔’سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ضمیر کی آزمائش ہے کہ اپنے بچوں کو اس اسکول میں پڑھایا جائے جہاں پوری قوم کے بچے زیر تعلیم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ معاملہ زیرِ غور آئے گا کہ شعبہ تعلیم میں ایسے کتنے افراد موجود ہیں جو اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں پڑھائیں گے، اس کے بعد اس حوالے سے محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔سید سردار شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بیٹی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کروانے کا اعلان کیا تھا اور چند روز قبل کراچی میں یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے اپنے اس فیصلے کو دہرایا تھا۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ دور حکومت میں صوبے میں تعلیم کو فروغ دینے اور عوام کے سرکاری اسکولوں پر اعتماد کو بحال کرنے کے لیے کئی صوبائی وزرا کی جانب سے اپنے بچوں کا سرکاری اسکولوں میں داخلہ کرانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain