اسٹاک ہوم: (ویب ڈیسک)سویڈن کے ایک موجد نے آلوؤں کے چھلکوں سے ماحول دوست پلاسٹک تیار کرلیا ہے۔ ’آلو پلاسٹک‘ کی مدد سے فاسٹ فوڈ انڈسٹری میں ایک ماحول دوست انقلاب آسکتا ہے۔سویڈن کے 24 سالہ طالب علم پونٹس ٹوئرکویسٹ نے یہ ماحول دوست پلاسٹک صرف پانی اور آلو کے چھلکوں سے بنایا ہے جو چند ماہ میں گھل کر ختم ہوجاتا ہے۔ اس کےلیے انہوں نے آلو کے چھلکے سے نشاستہ نکالا اور اس میں پانی ملاکر گرم کیا۔ ہر مرحلے پر محلول گاڑھا ہوتا گیا اور بعد میں اسے سانچے میں رکھ کر اس سے چمچے اور دیگر اشیا بنائی گئیں۔یہ ایک طرح کا تھرمو پلاسٹک ہے جو حرارت دینے پر نرم اور ٹھنڈا ہونے پر سخت ہوجاتا ہے۔ اس طرح کسی بھی طرح موڑ کر اسے من پسند شکل میں ڈھالا جاسکتا ہے۔ اس سے بیگز، کٹلری اور اسٹرا بنائی جاسکتی ہیں کیونکہ آلو پلاسٹک بطورِ خاص فاسٹ فوڈ انڈسٹری کےلیے تیار کیا گیا ہے جہاں بڑی تعداد میں صرف ایک مرتبہ استعمال ہونے والا پلاسٹک پیش کیا جاتا ہے۔