وزیراعظم رواں ماہ ملائیشیا کا دورہ کریں گے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نومبرکے تیسرے ہفتے میں ملائیشیا کا دورہ کریں گے۔ذرائعکے مطابق وزیراعظم عمران خان نومبرکے تیسرے ہفتے میں ملائیشیا کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وہ ملائیشین ہم منصب مہاتیرمحمد سے ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات بھی ہوں گے جب کہ دورے کی حتمی تاریخوں کا فیصلہ چند دن میں ہوجائے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 4 روزہ چین کا دورہ کرکے روان ہفتے ہی واپس آئے ہیں جب کہ دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان 15 معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پردستخط کیے گئے تھے۔

ایف بی آر سے ٹیکس پالیسی بنانے کا اختیار واپس لے لیا، فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر ) سے ٹیکس پالیسی بنانے کا اختیار واپس لے لیا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیکس پالیسی بنانے کے لیے نیا بورڈ تشکیل دیا ہے جس میں وزیر خزانہ، وزیرتجارت اور اقتصاد و معاشی ماہرین شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے لبرٹی کے نام سے نئی ایئرلائن کو لائسنس دینے کی منظور دے دی ہے جب کہ ایس ای سی پی کا نیا بورڈ تشکیل دے کر احمد نواز سکھیرا کو سرمایہ کاری بورڈ کا سیکرٹری بنایا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ متروکہ وقف املاک کی تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ چین کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم نے شرکاءکو پاکستان اور برطانیہ میں قیدیوں کے تبادلے کے پروٹوکول پر دستخط سے بھی آگاہ کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ آسیہ بی بی کے معاملے پرآج کے اخبارات میں انتہائی غلط رپورٹنگ کی گئی ہے،پاکستان ایک خود مختار ملک ہے ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ کوئی سفیر ہمیں حکم دے اور ہم اس پر من و عن عمل کرلیں۔اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کو ان لوگوں کی شکلوں سے نفرت ہے، حزب اختلاف کو تکلیف یہ ہے کہ حکومت مک مکا کیوں نہیں کررہی،وزیراعظم مک مکا کا کھیل نہیں کھیلیں گے، یہ کہتے ہیں کہ حکومت ہمارے مقدمات پر ہاتھ ہلکا کردے، این آر او دے دیں تو حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔وفاقی وزیرا طلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بناسکتے، شہباز شریف کس طرح اپنے بھائی کا آڈٹ کریں گے ہم شہباز شریف کو نوازشریف کے آڈٹ کا کام نہیں دے سکتے، شہباز شریف کو چیئرمین اے پی سی بنانے کا مطالبہ انتہائی غیر اخلاقی ہے ہم نے اپوزیشن کو کہا ہے کہ پہلے ہم آڈٹ کرلیں پھر اپوزیشن ہمارا آڈٹ کرلے۔

نواز شریف حالات ٹھنڈے کررہے ہیں، آصف زرداری

خیر پور(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ سیاست میں کبھی حالات گرم کیے جاتے ہیں تو کبھی ٹھنڈے اور شاید نواز شریف اور مریم نواز حالات ٹھنڈے کررہے ہیں۔خیر پور میں پریس کانفرنس کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ ملک میں انڈر 14 ٹیم کھیل رہی ہے، عوام پریشان ہے، ہر چیز کی قیمت بڑھ گئی ہے، کوئی بھی بیوروکریٹ ان حالات میں کام کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ہمیں نواز شریف کی حکومت پر بھی اعتراض تھا وہ بھی ڈیل کے ذریعے آئے تھے۔ نواز شریف کی طرح یہ بھی معاہدے کے تحت آئے ہیں، منظور وسان کا خواب کہتا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت مکمل نہیں کرے گی۔نواز شریف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ سیاست میں کبھی حالات گرم کیے جاتے ہیں تو کبھی ٹھنڈے۔ شاید نواز شریف اور مریم نواز حالات ٹھنڈے کررہے ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ یوٹرن لیا، کچھ روز پہلے مولوی صاحبان نے جو زبان استعمال کی وہ سب انٹر نیٹ پر موجود ہے حکومت نے اصل مظاہرین کے ساتھ این آراو کرلیا، اب یہ ان 1200 غریبوں کو پکڑیں گے جن کی تصویریں آئی ہیں۔سابق صدر مملکت نے کہا کہ سندھ حکومت نے پانی کے بحران سے نمٹنے کے لئے کام کیا، بھاشا ڈیم ہم سب کی سوچ تھی اور ہے، اس کی فزیبلٹی بھی ہماری حکومت نے بنائی تھی، ہماری حکومت نے لوگوں کی زمینوں کے پیسے دئیے۔

پاکستان یمن کے معاملے پر مصالحت کے لیے کام کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان یمن کے معاملے پر مصالحت کے لیے کام کررہا ہے تاہم اس معاملے پر تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کی جاسکتیں۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کیا، دورے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کے معاملے پر مصالحت کے لیے کام کررہا ہے تاہم اس معاملے پر تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کی جاسکتیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا، مقبوضہ کشمیر میں مظالم پراقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے بعد دوسری عالمی رپورٹ ہے، رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو کالے قوانین کی نشاندہی کی جب کہ رپورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی ہے۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں 19 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا، وزیرخارجہ نے بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی تاہم عالمی برادری کشمیر میں بھارتی بربریت کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی پاکستان میں محفوظ جگہ پر موجود ہے، میڈیا اس طرح کی خبروں سے پہلے تصدیق کر لیا کرے، آسیہ بی بی اب آزاد شہری ہیں، آسیہ بی بی عدالتی فیصلے کے بعد جہاں جانا چاہتی ہیں جا سکتی ہیں، آزاد شہری کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں، آسیہ بی بی کیخلاف نظر ثانی کی درخواست عدالت میں ہے اور قانونی طور پر اگر ان کو باہر جانے سے روکا جا سکتا ہے تو وزارت داخلہ بتا سکتی ہے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے امریکا سے بات ہوئی ہے تاہم رہائی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا لہذا جب فیصلہ نہیں ہوا تو نہیں کہہ سکتے کہ رہائی کب تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ ایک جذباتی معاملہ ہے، اس معاملہ کو خفیہ پردے میں نہیں اٹھایا گیا، اس معاملہ کے حوالے سے ڈیویلپمنٹس ہیں لیکن ابھی بتائی نہیں جاسکتی، اب بھی اس مسئلے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ایٹمی آبدوز کے گشت شروع کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ایٹمی آبدوز کا اس طرح گشت کرنا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے تاہم کسی کو پاکستان کی صلاحیتوں پر شک نہیں ہونا چاہیے۔

جے ایف 17 کا چینی ائیر شو میں شاندار مظاہرہ، تماشائیوں پر سحر طاری

بیجنگ(ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے چین کے شہرژوہائی میں ہونے والے ائیر شو کے تیسرے روز مختلف ممالک کی ایئر فورسز اور فضائی صنعت کے وفود کی موجودگی میں شاندار مظاہرہ پیش کیا۔فضائی مظاہرہ کے ماہر ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے کچھ غیر معمولی کرتب دکھائے جن میں عمودی اور الٹی پروازوں سمیت مہارتوں کے مختلف مظاہرے شامل تھے۔ جے ایف 17 تھنڈر پندرہ منٹ تک دلکش کارکردگی دکھا کر سیکڑوں تماشائیوں کی تالیوں کی گونج میں اپنا مشہور زمانہ الوداعی مظاہرہ vertical rolls کرتے ہوئے فضاو¿ں میں اوجھل ہو گیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو متحیر شائقین نے تالیاں بجا کراسکی شاندار پرفارمنس پر داد دی۔فضائی مظاہرے میں حصہ لینے والے طیارے کے علاوہ تمام ہتھیاروں سے لیس ایک اور جے ایف 17 طیارہ مختلف ممالک سے آئے خریداروں اور فضائی صنعت کے ماہرین کا مرکز نگاہ بنا رہا۔واضح رہے کہ پاک فضائیہ کا دستہ 6 سے 11 نومبر تک ڑوہائی چائنہ میں منعقدہ بارہویں چینی بین الاقوامی فضائی و ہوابازی نمائش میں شریک ہے۔ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اور چین کی مشترکہ کاوش سے تیار کردہ جے ایف 17 اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں اپنی جدید ساخت اور ہمہ جہت خوبیوں کی وجہ سے ایک نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔

لاہور میں رائل پام کلب کے سی ای او کرپشن کیس میں گرفتار

لاہور(ویب ڈیسک) نیب نے رائل پام کلب کے سی ای او اور حسنین کنسٹرکشن کمپنی کے مالک شیخ رمضان کو گرفتار کر لیا اور نیب خیبرپختون خوا کی تحویل میں دینے کیلئے ان کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ بھی لے لیا۔نیب لاہور نے رائل پام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور حسنین کنسٹرکشن کمپنی کے مالک شیخ رمضان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پر پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان سڑک کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کا الزام ہے۔ شیخ رمضان کے معیاری کام نہ کرنے کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔رمضان شیخ نے پشاور سے ڈیرہ غازی خان تک سڑک کی تعمیر میں نہ صرف معیاری میڑیل استعمال نہیں کیا بلکہ اس کی تعمیر بھی طے شدہ نقشے کے مطابق نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔رمضان شیخ دیگر تعمیراتی منصوبوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔ وہ نیب پشاور کو مطلوب تھے۔ نیب لاہور نے انہیں گرفتار کرکے راہداری ریمانڈ کیلیے احتساب عدالت میں پیش کیا۔ راہداری ریمانڈ کے بعد ملزم رمضان شیخ کو نیب پشاور کی تحویل میں دے دیا جائے گا تاکہ ملزم کا متعلقہ عدالت سے تفتیش کیلئے ریمانڈ لیا جاسکے۔

ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

کراچی(ویب ڈیسک) ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ذرائع کے مطابق ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوگا جب کہ زونل کمیٹوں کے اجلاس بھی ملک کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے۔چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی شہادتوں کی بنیاد پر مفتی منیب الرحمان ربیع الاول کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔ آج جمعرات کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی صورت میں جشن عید میلادالنبی بدھ 21 نومبر کو منایا جائے گا۔

عطاءالحق قاسمی کی بطور ایم ڈی و چیئرمین پی ٹی وی تقرری غیر قانونی قرار

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے عطاءالحق قاسمی کی بطور ایم ڈی و چیئرمین پی ٹی وی تقرری غیر قانونی قرار دے دی۔سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطاءبندیال نے 12جولائی کو ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری پر ازخود نوٹس کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں عطاءالحق قاسمی کی بطورایم ڈی و چیئرمین پی ٹی وی تقرری غیر قانونی اور انہیں کسی بھی سرکاری عہدے کے لئے تاحیات نااہل قرار دے دیا۔عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ عطاءالحق قاسمی اہلیت نہ رکھنے کے باعث کسی کمپنی کے ڈائریکٹر نہیں بن سکتے جب کہ حکومت کو مستقل بنیادوں پر ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے عطاءالحق قاسمی کی جانب سے کیے گئے 197 ملین روپے کے اخراجات واپس لینے کا حکم دیا اور ان کے دور میں جاری کیے گئے تمام احکامات اور فیصلے غیر قانونی قرار دے دیے، فیصلے کے مطابق اخراجات واپسی میں پرویز رشید، اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد کو اپنے اپنے کردار کے مطابق حصہ ڈالنا ہوگا۔
سپریم کورٹ تفصیلی فیصلہ؛
سپریم کورٹ نے عطاءالحق قاسمی کی تقرری کا 48 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، فیصلہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریر کیا ہے۔ فیصلے کے مطابق عطاءالحق قاسمی بطور ڈائریکٹر تقرری کے اہل نہیں تھے جب کہ ان کی تقرری میں پرویز رشید اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد نے قانونی ذمہ داری ادا نہیں کی۔فیصلے کے مطابق عطاءالحق قاسمی کی تقرری سے خزانے کو 19 کروڑ 78 لاکھ 67 ہزار 491 روپے کانقصان پہنچا، ذمہ داران کو رقم 2 ماہ میں قومی خزانہ میں واپس جمع کرنا ہوگی، رقم 2 ماہ میں جمع نہ کروانے پر ریکوری کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے جب کہ رقم کا 50 فیصد عطاءالحق قاسمی اور فواد حسن فواد کو رقم کا 10 فی صد ادا کرنا ہوگا۔
پرویز رشید کا بیان؛
عطاءالحق قاسمی کیس کے فیصلہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کسی بھی تقرری کی تجویز مختلف مراحل سے گزرتی ہے، درجنوں لوگ تقرری میں اپنی رائے فائل پر دیتے ہیں، ہر کسی نے عطاءالحق قاسمی کی تقرری کو درست قرار دیا تھا۔ عطاءالحق قاسمی سے پہلے اور بعد تقرری کے لئے یہی طریقہ کار اپنایا گیا، عدالتی فیصلے سے اختلاف ہو سکتا ہے، اس حوالے سے فیصلے کو تفصیلی طور پر پڑھوں گا اور وکلا سے مشاورت کروں گا، اس کے بعد جو قانونی راستہ ہوگا اسے اختیار کروں گا۔

سڑک کنارے بیٹھی بے حال بھکارن کے بیگ سے ساڑھے 3لاکھ روپے برآمد، سرکاری اہلکار بھی حیران پریشان رہ گئے

حیدرآباد(نیوز ڈیسک) سڑک کنارے معصوم صورت بنا کر آپ سے چند سکے مانگنے والے بھکاری کے اپنے تھیلے میں کتنی رقم ہے، یہ ہم میں سے اکثر کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا۔ بھارتی شہر حیدر آباد میں بھکاریوں کے خلاف آپریشن کرنے والے اہلکار بھی یقیناًیہی سوچتے ہوں گے کہ سڑکوں پر بھٹکنے والے بھکاریوں کے پاس کیا ہو سکتا ہے، مگر ایک معمر بھکارن کے تھیلے سے برآمد ہونے والے خزانے نے ا±ن کے ہوش اڑا دئیے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے ایک معمر بھکارن بجلی پنتاما کو گزشتہ جمعہ کے روز موسیٰ رام باغ کے علاقے سے پکڑا۔ جب اسے بھکاریوں کے لئے قائم کئے گئے فلاحی مرکز لیجایاجارہا تھا تو راستے میں اہلکاروں نے اس کے تھیلے میں موجود مال اسباب کا جائزہ لیا۔ تب یہ حیرتناک انکشاف سامنے آیا کہ تھیلے میں تقریباً اڑھائی لاکھ بھارتی روپے، یعنی تقریباً ساڑھے تین لاکھ پاکستانی روپے موجود تھے۔اہلکاروں نے بتایا کہ بجلی بھکارن حیدرآباد شہر میں گزشتہ سات سال سے بھیک مانگ رہی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 2011ئ میں اس نے کچھ جائیداد بھی فروخت کی تھی۔ بجلی بھکارن کا کہنا ہے کہ وہ رقم ساتھ ساتھ اٹھائے پھرتی تھی کیونکہ اس کے پاس کوئی جگہ نہیں تھی جہاں اسے چھپا کر رکھے۔ وہ رات کو سوتے ہوئے بھی رقم کا تھیلا اپنے سر کے نیچے رکھ کر سوتی تھی۔ سرکاری ادارے کے اہلکاروں نے بجلی بھکارن کا بینک میں اکاو¿نٹ کھلوادیا ہے۔ اب اس کی رقم بینک میں محفوظ ہے اور وہ خود سرکاری فلاحی ادارے میں آرام کر رہی ہے۔

باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وقت گزارنے کی خواہش کا اظہار کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ماڈل و اہلیہ باکسر عامر خان نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وقت گزارنے کو ،سابق صدرآصف زرداری کے ساتھ وقت گزارنے کی نسبت زیادہ ترجیح دے دی۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے لیے الیکشن 2018 ایک ڈراونا خواب بن کر ثابت ہوئے۔یہ انتخابات جہاں وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک شگونی کا پیغام ثابت ہوئے وہیں مولانا فضل الرحمان کے لیے زوال کا پیغام لائے۔الیکشن کے بعد مولانا نے انتخابات پر دھاندلی کا الزام لگا کر حلف اٹھانے سے انکار کرنے کے لیے اپوزیشن کو اکٹھا کیا تو اپوزیشن نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔14 اگست نہ منانے کا بیان دیا تو اس پر بھی شدید عوامی ردعمل دیکھنے کو ملا۔مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسعد الرحمان نے ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن لڑا تو اس میں بھی شکست ہوئی۔بعد ازاں انکے بھائی ضیاالرحمان کو بھی کمشنر افغان مہاجرین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور یوں آخری حکومتی عہدہ بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر سے رخصت ہوا۔حال ہی میں اے پی سی منعقد کروانے کے منصوبے میں ناکامی کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ مولانا فضل الرحمان کے برے دن شامل ہیں تاہم اس کے باوجود مولانا فضل الرحمان خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔اس حوالے سے تازہ ہلکے پھلکے انداز میں تازہ خبر یہ ہے کہ معروف ماڈل اور باکسر عامر خان کی بیوی فریال مخدوم نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وقت گزارنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔کہ ان سے سوال کیا گیا کہ اگر وہ ایک چئیر لفٹ میں پھنسی ہوئی ہیں جہاں انکو گھنٹوں رکنا ہے تو سابق صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان میں سے کس کو لفٹ میں اپنے ساتھ دیکھنا چاہیں گی جس کے ساتھ وقت بیتایا جا سکے۔اس پر فریال مخدوم نے مولانا فضل الرحمان کو سابق صدر آصف زرداری پر ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وہ وقت گزارنا زیادہ بہتر سمجھیں گی۔