ایٹمی آبدوز کی کامیاب پٹرولنگ ایٹمی دھمکی دینے والوں کو کرارا جواب ہے، مودی کی گیڈر بھبکی

نئی دہلی(آئی این پی) زمین سے فضا اور سمندر میں جوہری ہتھیار چلانے کی صلاحیت کے حامل بھارت میں بنی پہلی ایٹمی آبدوز کی پیٹرولنگ مکمل ہوگئی ہے ۔ بھارت جس کے شمال میں ایٹمی قوت کا حامل چین اور مغرب میں ایٹمیطاقت رکھنے والا پاکستان موجود ہیں، بھارت دونوں ممالک سے جنگیں کر چکا ہے،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’آئی این ایس اریہانت ایٹمی دھمکی دینے والوں کو کرارا جواب ہے۔تاہم انہوں نے اپنے بیان کی مزید وضاحت نہیں کی۔بھارتی نشریاتی اداروں پر نشر ہونے والے نریندر مودی کے آبدوز کے عملے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے اطراف میں ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری قومی سلامتی کے لیے ان کا جواب دینا انتہائی ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اریہانت ہمارے دشمنوں کے لیے کھلی دھمکی ہے۔ بھارت کیخلاف کوئی بھی سازش نہ کرے۔واضح رہے کہ بھارت کے چین کے ساتھ تعلقات بحالی کی جانب جارہے ہیں،بالخصوص تجارتی امور میں تاہم پاکستان کے لیے نریندر مودی نے سخت حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔

انسانیت کے قاتل منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ ، کریک ڈاﺅن کرینگے : عثمان بزدار

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں فورس کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر خالد محمود گورایہ نے ملاقات کی جس میں منشیات کے خاتمے کے لئے مربوط انداز میں موثر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔ منشیات کا کالادھندہ کرنے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔منشیات فروشی کے خلاف پنجاب میں بلاامتیاز کریک ڈاﺅن جاری رہے گا۔ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی۔تعلیمی اداروں میں منشیات سے نوجوان نسل کو بچانے کےلئے سیمینارز کا انعقاد کیا جانا چاہیئے۔ تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی سمیت منشیات کے استعمال پر پابندی عائد ہے کیونکہ طلبہ کو تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے، اسی لئے حکومت نے تعلیمی اداروں میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ بریگیڈیئر خالد محمود گورایہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارکردگی اور مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے 90شاہراہ قائد اعظم پرصوبائی وزراء،مشیران اور تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے ملاقات کی،جس میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا-وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراءمیاں اسلم اقبال،چودھری ظہیر الدین، ارکان اسمبلی عمر آفتاب،خرم اعجاز، نیاز خان، علمدار حسین قریشی، نذیرچوہان ،مشیر عون چودھری او رپی ٹی آئی رہنماندیم افضل چن شامل تھے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی ترقی کا انقلاب لا رہی ہے اورہم صوبے کے چھوٹے بڑے شہر وںکی یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیںاور دیہات کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زےر صدارت 90 شاہراہ قائد اعظم میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں صوبے مےں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لےاگےا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھا ےا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امن عامہ کو بہتر سے بہتر بنانے کےلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کےے جائےں ۔انہوںنے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ےقےنی بناےا جائے گا اورقانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفرےق کارروائی جاری رکھی جائے ۔ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

محنت سے کسی بھی کھیل میں عروج مل سکتا ہے، ثنائ

لاہور(آئی این پی) ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا کہنا ہے کہ میری کامیابی سے کھیلوں کے میدانوں میں نام کمانے کی خواہشمند خواتین کا عزم مزید جوان ہوا ہے۔عالمی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمانے والی بولر ثنا میر نے آئی سی سی کو دئیے جانے والے انٹرویو میں کہا ہے کہ میری اس کامیابی سے کھیلوں کے میدانوں میں نام کمانے کی خواہشمند خواتین کا عزم مزید جوان ہوا ہے، ان میں ایک امید جاگ اٹھی ہے کہ اگر محنت کی جائے تو کسی بھی کھیل میں عروج حاصل کیا جاسکتا ہے۔ثنا میر نے کہا کہ اب بھی پاکستان میں خواتین کے لیے کھیلوں کا کوئی ایونٹ کروانے کے لئے انتظامات کیے جارہے ہوں تو اسپانسرز اور کاروباری ادارے پوچھتے ہیں کہ کیا پاکستانی خواتین اس قابل ہیں کہ کھیلوں کی دنیا میں کیریئر بنا سکیں۔ میرے خیال میں اب یہ بحث ختم ہو جانی چاہیے کہ لڑکیاں کرکٹ اور دیگر کھیلوں میں حصہ لیں یا نہیں، میرے عالمی نمبر ون بننے سے یہ ثابت ہو گیا کہ محنت اور کوشش سے پاکستان ویمن اسپورٹس میں بھی مقام حاصل کرسکتا ہے۔

صرف ایک بینک کا ڈیٹا چوری ہوا ، اسٹیٹ بینک کی دیگر بینکوں سے متعلق رپورٹس کی تردید

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے صرف ایک بینک کے علاوہ دیگر بینکوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی رپورٹس مسترد کردی۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صرف ایک بینک کا ڈیٹا چوری ہونے کے شواہد ملے ہیں اور دیگر بینکوں کے ڈیٹا چوری ہونے کے شواہد نہیں ملے جب کہ کسی بینک یا قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اس حوالے سے آگاہی نہیں دی۔اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر کو ایک بینک کا سیکورٹی حصار توڑا گیا تھا تاہم اس کے بعد اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔اسٹیٹ بینک کا کہناہے کہ سائبر خطرے کی نشاندہی اور تدارک کے اقدامات کی ہدایات جاری کردی ہیں، بین الاقوامی پیمنٹ اسکیموں سے تعاون لینے کی ہدایات بھی کی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے ایک اسلامی بینک کے آن لائن سسٹم پر سائبر حملہ ہوا تھا جس میں ہیکرز نے عالمی ادائیگیاں کی تھیں جب کہ گزشتہ روز ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے ڈائریکٹر نے انکشاف کیا تھا کہ ملک تقریباً تمام بینکوں کا ڈیٹا ہیک کرلیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی آج دبئی کی پروازپکڑے گی

لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی آج شب دبئی روانہ ہوگی ، سلیکٹرز ٹیم مینجمنٹ سے مل کر مستقبل کی حکمت عملی طے کریں گے۔دبئی میں سلیکٹرز کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور ورلڈ کپ تک حکمت عملی مرتب کریں گے۔سلیکشن کمیٹی کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہی ہے، سلیکٹرز نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ایک روزہ میچ بھی دیکھیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان بھی اگلے دو تین روز میں کیا جائے گا۔فاسٹ بولر وہاب ریاض کی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی سے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ خوش نہیں ہے ان کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے، جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کا نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کھلاڑیوں کو آزمائے جانے کا امکان ہے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوانے والے فاسٹ بالر شاہین آفریدی کو بھی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز 16 نومبر سے ابوظہبی میں شروع ہورہی ہے۔سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سینئر اور جونیئر کمبی نیشن کا نتیجہ ہے اور کھلاڑیوں نے سیریز میں کافی محنت کی ہے، موجودہ سلیکشن کمیٹی کی کوشش رہی ہے کہ نیا ٹیلنٹ سامنے لیکر آئیں اور جو کھلاڑی بہتر کھیل پیش کررہا ہے اس کی ٹیم میں جگہ بن رہی ہے۔ بہتر ٹیم بنانے کی وجہ سے مسلسل گیارہ سیریز جیت گئے ہیں۔، کرکٹ کی بہتری کے لیے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا مکمل تعاون ہے اور پی سی بی کے اقدامات کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔وجاہت کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی تشکیل کے بعد اب کوشش ہے کہ ٹیسٹ میں بھی اپنی گرفت کو مضبوط کریں ۔ مصباح الحق اور یونس خان کے بعد ٹیم میں لمبی اننگز کھیلنے کا مسئلہ ہے اور اس کا متبادل بھی جلد ڈھونڈ لیں گے، ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔

آسیہ ملتان جیل سے رہا

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) آسیہ کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ آسیہ کی روبکار بدھ کے روز ویمن جیل ملتان کو حاصل ہوئی تھی اور اسے قانونی طریقہ کار کے مطابق رہا کیا گیا ہے۔ آسیہ کی رہائی کے موقع پر نیدر لینڈ کے خصوصی ایلچی بھی اسے لینے آنے والوں میں موجود تھے۔ اس موقع پر تمام روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نیدر لینڈ کے خصوصی ایلچی اسلام آباد سے خصوصی طیارے سے ملتان پہنچے اور آسیہ کو لے کر اسلام آباد چلے گئے۔

نواز شریف جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کے گھر پہنچ گئے

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سابق مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی ہے جس میں نیب کیسز پر بات چیت ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت سے واپسی پر سابق وزیر اعظم نواز شریف مارگلہ روڈ پر سابق مشیر برائے قومی سلامتی امور لیفٹیننت جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کے گھر پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق مشیر برائے قومی امور ناصر جنجوعہ اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں نیب کیسز اور ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر بات چیت ہوئی۔

ویمنزورلڈ ٹی 20وارم اپ،پاکستان نے بنگلہ دیش کو بھی ہرادیا

گیانا(اے پی پی) باﺅلرز کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو وارم اپ میچ میں باآسانی 8 رنز سے ہرا کر حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پاکستان ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 106 رنز بنائے، بسمہ معروف 22، جویریہ خان 21، ندا ڈار 19 اور عائشہ ظفر 18 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ جواب میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم 9 وکٹوں پر 98 رنز بنا سکی، انعم، ثناءمیر اور بسمہ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ پاکستانی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت بنگلہ دیش کی 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم کو وارم اپ میچ میں 51 رنز سے ہرا دیا، آسٹریلوی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 130 رنز بنائے، میگ لیننگ عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 65 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ہائنس ناقابل شکست 29 اور بیتھ مونی 24 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہیں، جواب میں جنوبی افریکن ویمن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 79 رنز بنا سکی۔ جیس جاناسین نے تین جبکہ نکولا کیری اور ٹائیلا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلین باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت بنگلہ دیش کی 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ میگا ایونٹ کل سے شروع ہوگا۔

آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر لینگے ، قومی مفاد کیخلاف شرط تسلیم نہیں کی جائیگی : اسد عمر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ دولت ممالک کے امداد حاصل کرنے کے بعد آئی ایم ایف پر دار و مدار کم سے کم ہے، چھوٹی اماﺅنٹ کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانے میں کوئی حرج نہیں ہے، ہم آئی ایم ایف سے 5سے 6ارب ڈالر لینگے، ماضی میں چادر دیکھ کر پاﺅں نہ پھیلانے کے باعث ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،برآمدات بڑھانے اور درآمدات کم کرنے پر اپنے روپے کی قدر کم ہوئی۔ آئی ایم ایف سے جو بھی معاہدہ ہوا قومی اسمبلی میں لائینگے، وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا پاکستان معاشی طور پر بہتر پوزیشن میں آگیا ہے، آئی ایم ایف کی کوئی ایسی شرط جس سے قومی مفاد متاثر ہو تا ہے تسلیم نہیں کرینگے، چین سے اچھی خبریں آئینگی، قرضوں کے بوجھ کے باعث اس سال 19سو ارب سود کی ادائیگی میں جائینگے، نجی ٹی وی کے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے چین کی برآمدات 2ارب ڈالر سالانہ کرینگے، چینی صدر نے ہمیں براہ راست معشیت کی بحالی میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آئی ایم ایف سے توقع نہیں کہ کوئی سخت شرط رکھے گا، تاہم اس کا کوئی شیئر ہولڈر سخت شرط کی بات کر سکتا ہے جس سے نمٹنے کی تیاری کر لی ہے، کوئی ایسی شرط جس سے قومی مفاد پر اثر پڑے یا قوم مشکل میں آئے نہیں تسلیم کرینگے، تحریک انصاف حکومت نے ا بتک غریب آدمی پر معمولی ٹیکس جبکہ امیروں سے زیادہ ٹیکس لگائے ہیں، بلاول بھٹو مہنگائی کے ڈبل فگر میں جانے کی بات کررہے ہیں جو کہ صرفحاً غلط ہے انہیں یاد دلاتا ہوں کہ مہنگائی ڈبل فگر میں پی پی دور میں گئی تھی جب ان کے والد صدر تھے، ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل بھی غلط فگرز پیش کررہے ہیں، اصل حقائق یہ ہیں کہ مئی 2017میں سٹاک ایکسچینج 53ہزار پوائنٹس پر تھی اور دسمبر 2017میں36ہزار میں آگئی یعنی صرف 7ماہ میں15ہزار پوائنٹس پر آگئی، شہباز شریف نے واسو ڈیم کیلئے صرف 7فیصد زمین خریدی گئی ورلڈ بنک نے واسو ڈیم کے حوالے سے کہا ہے کہ تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان کو سالانہ سو ارب کا نقصان ہو گا، پاکستان کو اس منصوبے کیلئے زمین جلد از جلد خریدناہو گی، پچھلے دور میں بد قسمتی سے طاقتور طبقے نے منی لانڈرنگ کرنے کیلئے قانونی دروازے بھی کھولاہے۔ جن کو ہم ترمیم کر کے بند کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت دیں جس سے وہ پیسہ ہنڈی کے ذریعے بھیجنے کے بجائے بنکنگ چینلز استعمال کریں، نیشنل بنک سمیت اہم اداروں کے سربراہان کی تعیناتی کیلئے اشتہار دیا گیا، اب انٹرویوز جاری ہیں، میرٹ پر بہترین افراد کو آگے لائینگے۔ نجکاری آنے سے پہلے اداروں کو فعال بنائینگے، رزاق داﺅد کو سٹیل ملز چلانے کیلئے پلان 45دن میں لانے کا ٹارگٹ دیا ہے، تحریک انصاف سٹیل ملز کو چلا کر دکھائے گی، وزیر خزانہ نے کہا کہ این ایف سی ایواڈ کیلئے چاروں وزراءاعلیٰ کو خط لکھے صرف کے پی کے کی جانب سے جواب آیا ہے، اب اسی حوالے سے میٹنگ بلا رہا ہوںجبکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد سے وزارت خزانہ کے مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا، آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کی مالی ضروریات کا جائزہ لے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے آج وزارت خزانہ حکام کے ساتھ مذاکرات کیے، آئی ایم ایف کے ساتھ آج تکنیکی سطح پر مذاکرات کا آغاز ہوا تھا، پالیسی سطح کے مذاکرات پیر سے شروع ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان قرض کی مالیت سے متعلق حتمی تخمینہ مذاکرات کے آخر میں پیش کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر قرض کی درخواست کرسکتا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 20 نومبر تک جاری رہیں گے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری کیلئے مالی پیکج کی درخواست کر رکھی ہے۔پاکستان کی مالی ضروریات کا جائزہ لینے کیلئے آئی ایم ایف کی ٹیم دو ہفتے کے دورے پراسلام آباد میں ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے ضروری ہوم ورک مکمل کرکے رپورٹ تیار کرلی ہے جو گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ آئی ایم ایف کے وفد کوپیش کریں گے۔

بہت مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ، چین ہر طرح سے مدد کریگا : عمران خان

اسلام آباد (مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔تحریک انصاف نے بہت مشکل حالات میں حکومتی باگ دوڑ سنبھالی۔دوست ممالک کی مدد سے ملکی معیشت کو سہارا دیناہماری اولین ترجیچ تھی۔ غربت کے خاتمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ حکومت ایکسپورٹ انڈسٹری کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پرعزم ہے۔حکومت وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت کی بنیاد رکھے گی۔وزراءاپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دہ ہیں۔ عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے۔ غربت کے خاتمے کے لئے نچلی سطح پر نظام کو استعمال کیا جائے گا۔ عوام کو صحت تعلیم و دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ حکومت کی جانب سے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے سے عوام کو سہولت ملے گی۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا۔وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی بھی شریک تھے۔وزیراعظم اور شرکا کے درمیان خیبر پختونخوا کے ترقیاتی کاموں سے متعلق بات چیت ہوئی اور بلدیاتی نظام سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے خیبر پختونخوا میں گورننس سے متعلق بھی دریافت کیا۔ عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کو گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیاں ایوان میں زیر بحث لانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے دورہ چین سے متعلق بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا اور شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم معاشی پیکجز دے گا، دورہ چین میں رشکئی میں صنعتی زون کو جلد آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے قبائلی علاقہ جات کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی ملاقات کی جس میں فاٹا کے مسائل پر بات کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا میں گڈ گورننس کو یقینی بنائیں گے، قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام حکومت کی اولین ترجیح ہے، فاٹا کے رہائشیوں کو تمام حقوق فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کے واقعات کے دوران متاثرہ افراد کی داد رسی کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے -حالیہ احتجاج کے بعد ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کےخلاف متعدد مقدمات درج کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کوشرپسندوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضہ پیکیج تیار کرنے کی ہداہت کر دی ہے جس کی وزیر اعظم عمران خان منظوری دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے متروکہ وقف املاک بورڈ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں اور مالی بدانتظامی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرانزک آڈٹ کرانے کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت متروکہ وقف املاک بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں انہیں بورڈ کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری، سیکرٹری مذہبی امور محمد مشتاق احمد، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے یمن کے سفیر کی ملاقات کی، پاک یمن تعلقات اور مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے یمن کے سفیر محمد مطہرالعشبی نے ملاقات کی جس میں پاک یمن تعلقات، مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں وزیراعظم نے یمنی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی ارسال کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ وہ یمن تنازع کا پرامن اور قابل قبول حل چاہتے ہیں اور اگر فریقین رضا مند ہوتو پاکستان امن عمل کے لئے کردار ادا کر سکتا ہے۔