سارہ علی خان کی پہلی ہی فلم ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئی

ممبئی(ویب ڈیسک) سنجے لیلا بھنسالی کو ان کی فلم ’پدما وت‘ کے موضوع کی وجہ سے ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں شدید پریشانی اٹھانی پڑی تھی اور اب کیدار ناتھ کو بھی اس کی کہانی کی وجہ سے اسی صورت حال کا سامنا ہے۔ بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان ’کیدار ناتھ‘ کے ذریعے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کررہی ہیں لیکن فلم کو اس کی کہانی کی وجہ سے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ’کیدار ناتھ‘ کی کہانی مسلمان لڑکے کی ہندو لڑکی سے محبت کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا ہے جس میں دونوں کو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر کے ریلیز ہوتے ہی ہندو انتہا پسندوں نے روایتی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلم ساز اور ہدایت کار کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے۔بالی ووڈ میں ’کیدار ناتھ‘ کے خلاف ہندو انتہا پسندوں کا احتجاج دیکھتے ہوئے یہ خیال کیا جارہا ہے کہ کہیں اس فلم کے ساتھ بھی وہی کچھ نہ ہو جو دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی فلم ’پدما وت‘ کے ساتھ ہوا تھا۔’کیدار ناتھ‘ سے متعلق ایک معروف ہدایت کار نے بھارتی ویب سائٹ سے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر کہا ہدایت کار شیکھر کپور نے ایک بار کہا تھا کہ کبھی بھی ایسی فلم نہ بناﺅجس میں ہیرو ہیروئن ہندو مسلمان ہوں، کیونکہ ایسی کہانی تنازع پیدا کردیتی ہے، سونے میں سہاگہ فلم کے ٹیزر نے کردیا جس میں دونوں کو اتنا قریب دکھایا گیا ہے، یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔“دوسری جانب بالی ووڈ کے ناقدین کا کہنا ہے ’پدماوت‘ نے 100 کروڑ سے زائد کا بزنس صرف متنازع ہونے کی وجہ سے کیا تھا لیکن کیا ہندو انتہا پسندوں کا احتجاج بھی ’کیدارناتھ‘ کو اتنی ہی کامیابی دلا پائے گا۔

کترینہ کیف اس سیارے کی نہیں وہ ایلین ہیں، عامرخان

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامرخان نے کترینہ کیف کو ایلین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں اس سیارے کی نہیں لگتیں۔مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی تعریف تو ہر کوئی کرتا ہے لیکن وہ بھی دوسروں کی تعریف کرنے میں کسی سے کم نہیں، آج کل وہ بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کی تعریفوں میں زمین آسمان کے قلابے ملانے میں مصروف ہیں۔عامر خان نے ’ثریا جان‘ گانے میں کترینہ کے رقص کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے مجھے سمجھ نہیں آتا آخرکترینہ اتنا اچھا ڈانس کیسے کرلیتی ہیں، مجھے تو وہ اس سیارے کی لگتی ہی نہیں وہ ایلین ہیں، جب میں نے ’ثریا جان‘ گانے کے ڈانس اسٹیپس دیکھے تو مجھے لگا کترینہ یہ نہیں کرپائیں گی لیکن انہوں نے بہت ہی بہترین اندازمیں رقص کیا، وہ بہت محنتی ہیں۔یہ پہلی بارنہیں کہ عامر نے کترینہ کے ڈانس کی تعریف کی ہوبلکہ اس سے قبل بھی کئی مواقعوں پر وہ ان کی تعریف کرچکے ہیں۔ چند روز قبل ’ثریا جان‘ گانے کی ریلیز کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کترینہ اتنا اچھا رقص کرتی ہیں کہ وہ دس سال میں بھی ان جیسا رقص نہیں کرسکتے اور اس سے پہلے بھی وہ کترینہ کے لیے اپنی دیوانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ’دھوم3‘ کے وقت سے میرا کترینہ پر دل آیا ہوا ہے۔

امریکا کی عافیہ صدیقی کے معاملے پر غور کی یقین دہانی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ امریکی معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے حوالے سے پاکستانی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی حکام کے ساتھ تواتر سے اٹھاتا رہتا ہے، امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کے ساتھ ملاقات میں بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا گیا، اور امریکی حکام نے پاکستان کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے.ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے باقاعدہ ملاقات بھی ہوتی ہے، ملاقات کا مقصد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت کے حوالے سے ان کے خاندان کو باخبر رکھنا ہے جب کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کوئی پیغام ہو تو وہ بھی ان کے خاندان تک پہنچایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ میری سزا غیر قانونی ہے رہائی کے لیے عمران خان میری مدد کریں۔