حکومت کا پرتشدد احتجاج کے واقعات میں متاثرہ افراد کی داد رسی کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کے واقعات کے دوران متاثرہ افراد کی داد رسی کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے جب کہ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو معاوضہ پیکج تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔حالیہ احتجاج کے بعد ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کے خلاف متعدد مقدمات درج کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔آسیہ بی بی کیس: حکومت اور مظاہرین کے درمیان معاہدے کے بعد دھرنا ختم یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 31 اکتوبر کو توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کے احکامات کے بعد مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔مظاہرین نے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی اور جلاو¿ گھیراو¿ کے علاوہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اور بعدازاں حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان ایک معاہدے کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔

امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 مسلمان خواتین رکنِ پارلیمنٹ منتخب

واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکا میں ہونے والے حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 مسلمان خواتین منتخب ہو کر کانگریس کا حصہ بن گئیں۔اس سے قبل مسلمان مرد منتخب ہو کر کانگریس میں پہنچ چکے ہیں تاہم الہان اور رشیدہ وہ پہلی مسلم خواتین ہیں جو امریکی ایوانِ نمائندگان میں امریکی عوام کی نمائندگی کریں گی۔4 اکتوبر 1981 کو پیدا ہونے والی 37 سالہ الہان کا تعلق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو سے ہے جو امریکی ریاست ’منیسوٹا‘ سے ڈیموکریٹک پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد پہلی صومالین امریکی قانون ساز خاتون بن گئیں۔الہان صومالی نڑاد امریکی باشندے احمد حرثی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور ان کے 3 بچے ہیں۔انہوں نے نارتھ ڈیکوٹا کی اسٹیٹ یونیورسٹی سے سیاسیات میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی اس کے ساتھ عوامی امور کا بھی مطالعہ کیا۔الہان نے انتخابی مہم کے دوران 14 اگست 2018 کو ڈیموکریٹ پارٹی کے ’پرائمری‘ میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد پارٹی ٹکٹ پر عام انتخابات میں حصہ لیا۔نو منتخب مسلمان رکنِ اسمبلی الہان کے والد پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں، والدہ کی بچپن میں وفات کے سبب ان کی پرورش والد اور دادا نے کی۔واضح رہے کہ صومالیہ میں 1991 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد وہ اور ان کا خاندان کینیا میں پناہ گزین ہوگیا تھا جہاں انہوں نے 4 سال پناہ گزین کیمپ میں قیام کیا۔بعدازاں 1995 میں وہ امریکا آگئے اور ابتدا میں ورجینیا کے علاقے ارلنگٹن میں رہائش اختیار کی جس کے بعد منیسوٹا منتقل ہوگئے۔الہان نے منیسوٹا کے ضلع 5 سے انتخابات میں حصہ لیا جو ڈیموکریٹ کا گڑھ مانا جاتا ہے اس سے قبل یہاں سے ایک اور ڈیموکریٹ مسلمان رکن ’کیتھ ایلیسن‘ مسلسل 6 مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔کیتھ ایلیسن کے منیسوٹا کے اٹارنی جنرل کی نشست کے لیے جدو جہد کی وجہ سے یہ نشست خالی ہوگئی تھی جس پر الہان نے ریپبلکن رکن جینیفر زیلنسکی کو شکست دے کامیابی حاصل کی۔

بولی وڈ اداکارہ کی جوتا چھپائی میں 50 لاکھ روپے کی مانگ

ممبئی (ویب ڈیسک) بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار و اداکار نک جونس رواں سال دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور ان دونوں کے مداح اس لیے کافی خوش ہیں۔لیکن کوئی اور بھی ہے جن کو ان دونوں کی شادی کی بےحد خوشی ہے اور شادی سے زیادہ وہ اس میں ہونے والی رسموں کے لیے پرجوش ہیں۔وہ کوئی اور نہیں بولی وڈ اداکارہ اور پریانکا چوپڑا کی کزن پرینیتی جوپڑا ہیں۔جیسے تمام بہنیں اور کزنز شادیوں میں دلہے کے ساتھ رسمیں کرکے ان سے پیسے بٹورتی ہیں، ویسی ہی پرینیتی چوپڑا بھی ان معاملات میں پیچھے نہیں۔اداکار نے پریانکا چوپڑا کے ہونے والے شوہر نک جونس سے شادی کی رسم جوتا چھپائی میں ان کے جوتے واپس کرنے کے لیے بڑی رقم کا مطالبہ کرلیا۔پرینیتی چوپڑا نے اپنے انسٹاگرام پر پریانکا چوپڑا کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس پر نک جونس نے پریانکا کے لیے کمنٹ کیا، تاہم یہی کمنٹ ان کے گلے پڑ گیا۔نک جونس نے تصویر پر پریانکا کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’واہ یہ کتنی خوبصورت ہیں، کیا آپ مجھے ان سے متعارف کرا سکتی ہیں؟‘اس پر پرینیتی نے حامی بھرتے ہوئے نک جونس کے سامنے اپنی مانگ بھی رکھ دی۔اداکارہ نے لکھا کہ ’ان سے متعارف کروانا خاصہ مشکل ہے لیکن میں آپ کے لیے کوشش کرسکتی ہوں، لیکن صرف تب جب آپ مجھے جوتا چھپائی کے لیے 5 ملین ڈالر (50 لاکھ روپے) دینے کی حامی بھریں‘۔

دیپکا نے شادی کیلئے بیش قیمت منگل سوتر خرید لیا

ممبئی(شوبزڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈکون نے اپنی شادی کے لیے ایک کروڑ روپے مالیت کا منگل سوتر خرید کر سب کو حیران کردیا۔دیپکا پڈکون اور اداکار رنویر سنگھ کی شادی رواں سال کی سب سے بڑی خبر ہے، دونوں کے مداح اپنے پسندیدہ اسٹارز کی شادی سے متعلق ہر بات جاننے کے لیے بے تاب ہیں اور دونوں اداکاروں کی جانب سے شادی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ دیپکا پڈکون نے ممبئی کی مشہور جگہ اندھیری سے اپنی شادی کے لیے منگل سوتر خریدا ہے جس کی مالیت 1 کروڑ روپے ہے۔ انہوں گلے کے دو ہاروں کے ساتھ ساتھ اپنے ہونے والے شوہر رنویر سنگھ کے لیے بھی چین خریدی ہے۔کہا جارہا ہے کہ اداکارہ کا جیولری کی دکان کا دورہ طے شدہ تھا کیوں کہ دکان کو اپنے وقت سے آدھے گھنٹے قبل ہی عوام کے لیے بند کردیا گیا تھا۔رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی 14 سے 15 نومبر تک اٹلی میں انجام پائے گی جہاں شادی میں صرف مخصوص عزیزوں اور قریبی دستوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

عمران خان رہائی کیلئے مدد کریں،انہیںامت مسلمہ کا لیڈر دیکھنا چاہتی ہوں : عافیہ صدیقی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے پاکستانی قونصلر جنرل کے ہاتھ وزیراعظم عمران خان کیلئے خصوصی پیغام بھیجا ہے جس میں انہوں نے عمران خان کو مسلم امہ کا خلیفہ دیکھنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے انہیں اپنے اردگرد موجود منافقین سے خبردار رہنے کی تلقین کی۔ وزارت برائے امور خارجہ کی جانب سے لکھا گیا یہ خط سوشل میڈیا پروائرل ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہوسٹن میں تعینات پاکستان کے قونصلر جنرل باقاعدگی سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کرتے ہیں۔ انہوں نے آخری ملاقات 9 اکتوبر کو کی جس دوران عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے خصوصی پیغام بھیجا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں رہا ہونا چاہتی ہوں، امریکہ میں میری قید غیر قانونی ہے کیونکہ مجھے اغواکر کے امریکہ لایا گیا۔ عمران خان نے ماضی میں بھی میری حمایت کی۔ وہ ہمیشہ میرے ہیروز کی فہرست میں رہے ہیں اور انہیں مسلم امہ کا خلیفہ بنتا دیکھنے کی خواہش ہے۔ انہیں اپنے اردگرد موجود منافقین سے خبردار رہنا چاہئے۔ ماضی کی غلطیوں پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے والے تمام لوگوں کو ایسا نہیں کرنا چاہئے۔

پر امن اسلام کا تاثر پوری دنیا میں پھیلانا چاہتے ہیں : عمران خان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے ملاقات کی ہے اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کی جانب سے وزیراعظم کو موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشائخ اور علماءکرام سے مسلسل رابطے میں رہوں گا۔ پرامن اسلام کا تاثر پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔ حضور کی سیرت طیبہ کا پیغام آئندہ نسلوں تک پہنچانا ریاستی ذمہ داری ہے ریاست مدینہ کے قیام کیلئے علماءکرام کی مشاورت چاہیے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آئندہ 12ربیع الاول شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ 12ربیع الاول منانے کیلئے صوبوں کو ہدایات جاری کردی ہیں اسلام آباد میں 2روزہ ختم نبوت انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں امام کعبہ، شام، عراق اور تیونس کے علماءشرکت کرینگے۔ ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والے احتجاج کےدوران جلاو¿ گھیراو¿ سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین سے واپسی پر ملک میں حالیہ دنوں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف ہونے والے احتجاج سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی جس میں دھرنے کے دوران شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کے بارے میں آگاہ کیاگیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ شرپسندی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور دیگر اداروں سے بھی مدد لی جارہی ہے جب کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے سوشل میڈیا پر کام کررہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملک میں شرپسندی پھیلانے والوں کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کردی گئی ہیں تاکہ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جاسکے۔

نواز شریف کی سزا بحال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں : چیف جسٹس

اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے نواز شریف و دیگر کی رہائی کے خلاف نیب اپیل پر فریقین کے وکلاءسے تحریری دلائل کے نکات طلب کر لیے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ہائیکورٹ کا سزا معطلی کا فیصلہ کالعدم کردیں، بظاہر ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاﺅں سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں،، ہائی کورٹ نے فیصلے میں سخت ترین الفاظ استعمال کیے، عدالتی نظیروں کو خاطر میں نہیں رکھا، اپنے فیصلے میں قیاس ارائیوں اور اور شواہد کا ذکر کیا، کیا سزا معطلی کا فیصلہ ایسا ہو سکتا ہے،کیا ماضی میں کسی عدالت نے اس قسم کا فیصلہ دیا، احتساب عدالت کے فیصلے کا کوئی ایک نقص ہی دکھا دیں، کس قسم کا نقص سزا معطلی کا باعث بن سکتا ہے، نواز خاندان نے کیس میں چار مختلف موقف اپنائے، آمدن سے زیادہ اثاثے ہیں، لندن کے اثاثے کس کے ہیں، ،لندن فلیٹ درخت سے تو نہیں اگے تھے، اگر پراپرٹی تسلیم کر لی تو بتانا پڑے گا کہ پراپرٹی کیسے خریدی، یہ ثابت کر دیں جب فلیٹس خریدے وسائل کیا تھے۔منگل کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی خصوصی بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)صفدر کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت کی۔نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ ہائی کورٹ میں دائر آئینی درخواستوں پر اعتراض کیا تھا کہ آئینی درخواست پر زیر سماعت کیس کے میرٹ پر بحث نہیں ہو سکتی، ملزم کی زندگی خطرے میں ہوتو ہی سزا معطل ہو سکتی ہے۔چیف جسٹس نے نیب پراسکیوٹر سے مکالمے کے دوران کہا کہ آپ اپنے تحریری نکات پہلے دے چکے ہیں، آپ کے نکات مد نظر رکھ کر ہی فریقین کو نوٹس جاری کیا تھا، نیب مقدمات میں عام طور پر ضمانت نہیں ہوتی، سزا معطلی میں شواہد کو نہیں دیکھا جاتا، کورٹ نے میرٹ اور شواہد پر فیصلہ دیا ہے، پہلے کبھی ایسا فیصلہ نہیں دیکھا، بہتر ہو گا خواجہ حارث کا موقف پہلے سن لیں۔خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام لگایا گیا، کہا گیا ایون فیلڈ فلیٹس نواز شریف کے ہیں، اس کیس کے فیصلے اصول پر مبنی ہیں، اصول یہی ہے کہ جہاں ضرورت ہو وہاں ضمانت دی جاتی ہے۔چیف جسٹس نے خواجہ حارث سے مکالمے کے دوران استفسار کیا کہ یہ کسی ایک شخص کا کیس نہیں ہے، اصل معاملہ عدالتی فیصلے سے وضع اصول کا ہے، فیصلہ بظاہر ماضی کے فیصلوں سے مطابقت نہیں رکھتا، بظاہر ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، کیا ماضی میں کسی عدالت نے ایسا فیصلہ دیا،کیا سزا معطل میں اب فیصلہ ہو سکتا ہے؟۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کا پہلا حکم نامہ سپریم کورٹ میں چیلنج ہوا تھا ، اپیل سنی جاتی تو چند دن میں فیصلہ ہو سکتا تھا لیکن سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے کام میں مداخلت نہیں کی تھی، ہائی کورٹ نے فیصلے میں سخت ترین الفاظ استعمال کیے، عدالتی نظیروں کو خاطر میں نہیں رکھا، اپنے فیصلے میں قیاس ارائیوں اور اور شواہد کا ذکر کیا، کیا سزا معطلی کا فیصلہ ایسا ہو سکتا ہے، ہائی کورٹ کو پہلے اپیل پر فیصلہ کرنا چاہیے تھا، جائزہ لیں گے ہائی کورٹ کس حد تک جا سکتی ہے۔ کیا ماضی میں کسی عدالت نے اس قسم کا فیصلہ دیا، احتساب عدالت کے فیصلے کا کوئی ایک نقص ہی دکھا دیں، کس قسم کا نقص سزا معطلی کا باعث بن سکتا ہے۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پاناما کیس تو احتساب عدالت جانا ہی نہیں چاہیے تھا، عدالت کو خود بھی فیصلے کا اختیار تھا لیکن سپریم کورٹ نے معاملہ ٹرائل کورٹ بجھوا کر بہت مہربانی کی،نواز خاندان نے کیس میں چار مختلف موقف اپنائے۔خواجہ حارث کے دلائل پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الزام تھا کہ آمدن سے زیادہ اثاثے ہیں، لندن کے اثاثے کس کے ہیں، ،لندن فلیٹ درخت سے تو نہیں اگے تھے، اگر پراپرٹی تسلیم کر لی تو بتانا پڑے گا کہ پراپرٹی کیسے خریدی، یہ ثابت کر دیں جب فلیٹس خریدے وسائل کیا تھے۔ کیس کی مزید سماعت 12 نومبر کو ہوگی۔دوران سماعت نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے چیف جسٹس کو مشورہ کیا دیا کہ آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، بہتر ہو گا اپ آرام کر لیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیاہے اور کام سے روکا لیکن عدالتی ذمہ داریوں سے کیسے بری ہو سکتا ہوں، اہم ترین معاملہ ہونے کے باعث سماعت کر رہا ہوں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11، مریم کو 8 اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر کو تینوں افراد کو دی گئی سزا معطل کی تھی۔ جس کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

میشا شفیع جھوٹی ہے: وکیل علی ظفر‘21 نومبر کو بحث کا حکم

لاہور (شوبزڈیسک ) گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے اداکار علی ظفر کی جانب سے عدالت میں دائر کیے گئے ہرجانے کے نوٹس کا جواب داخل کراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں گلوکار نے نجی اسٹوڈیو اور ایک خاندانی تقریب میں ہراساں کیا تاہم اب علی ظفر کے وکیل نے میشا شفیع پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ تاخیری حربے استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔لاہور کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ کورٹ میں میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں علی ظفر اور میشا شفیع دونوں کے وکلاء پیش ہوئے۔ اس موقع پر علی ظفر کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار حسین نے دلائل دئیے۔علی ظفر کے وکیل کا کہنا تھا کہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جھوٹے بے بنیاد الزامات لگائے ۔تاہم گلوکارہ کے وکیل نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ علی ظفر نے میشا شفیع کو دو سے زائد مرتبہ ہراساں کیا۔انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر انہیں مزید وقت دے۔
جس پر علی ظفر کے وکیل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میشا شفیع کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔بعدازاں عدالت نے 21 نومبر کو فریقین کے وکلا کو بحث کرنے کا حکم دیدیا۔یاد رہے کہ اس کیس کی ایک سماعت گزشتہ سال 18 اکتوبر کو ہوئی تھی۔

سلمان خان کینسر کے مریض بچے کی خواہش پر اسے ملنے ہسپتال پہنچ گئے

ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے کینسر میں مبتلا ننھے بچے کی خواہش پر ملاقات کیلئے ہسپتال پہنچ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ننھے بچے نے سلمان خان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی سلمان خان کو جیسے ہی پتہ چلا وہ فورا بچے سے ملنے ممبئی کے ٹاٹا میموریل ہسپتال پہنچے اور نا صرف بچے سے ملاقات کی بلکہ وارڈ میں موجود تمام بچوں سے ملے اور ان کے معصوم چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کی وجہ بنے۔سلمان خان کی بچے سے ملنے کی ویڈیو ہسپتال میں موجود ان کے ایک اور مداح نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کینسر کے مرض میں مبتلا بچہ اپنے پسندیدہ اسٹار سے مل کر کتنا خوش ہے۔

انوشکا شرماکی ویرات کوہلی کی سالگرہ پر خوبصورت پوسٹ

ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے شوہر ویرات کوہلی کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خوبصورت انداز میں سالگرہ کی مبارک باد د یتے ہوئے خدا کا شکر ادا کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کےلئے ایک خوبصورت پوسٹ جاری کیا جس میں انہوں نے اپنی اور ویرات کی تصویر شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ ان کی پیدائش کے لیے خدا کا شکر ہے۔ جبکہ ویرات نے بھی اپنی اور اہلیہ کی تصویر ٹوئٹر پر جاری کرتے ہوئے انوشکا میری زندگی، میری دنیا قرار دیا۔ یاد رہے انوشکا شرما کا تعلق بالی وڈ سے ہے جبکہ ویرات کوہلی بھارتی کرکٹرز میں اہم کھلاڑی مانے جاتے ہیں۔