مشن پرواز مکمل؛ فخر عالم دنیا کا چکر لگانےوالے پہلے پاکستانی بن گئے

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکاروفنکار فخرعالم کا مشن پرواز مکمل ہوگیا جس کے بعد وہ تنہا جہاز پر دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔دنیا کا چکر لگانے کے مشن پر نکلے فخرعالم کا سفر مکمل ہوگیا فخرعالم تنہا جہاز پر دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے، انہوں نےاپنے سفر کاآغاز 10 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا سے شروع کیاتھا اور24 روز میں سنگل انجن جہاز میں دنیا کا چکر لگاکر واپس فلوریڈا پہنچ گئے، اپنے سفر کے دوران انہوں نے 22 ممالک کا دورہ کیا۔ فخرعالم یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ انہوں نے مشن پرواز مکمل ہونے کی خوشخبری ٹوئٹر پرپاکستان کا جھنڈا لہرا کر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دی۔فخر عالم کو اپنے مشن پرواز پرکئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا سفر کے آغاز میں جہاز میں تکنیکی خرابی کے باعث وہ مقررہ وقت پر اڑان نہ بھر سکے اور 4 روز کی تاخیر کے بعد مشن کاآغاز کیا بعد ازاں ویزہ ختم ہونے پر روسی حکام نے انہیں حراست میں لے لیا لیکن فخر عالم نے کسی بھی مشکل کو اپنی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیا اور تمام رکاوٹوں کو پار کرکے اپنا سفر کامیابی سے مکمل کیا۔

سندھ میں غنڈہ راج ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے، فواد چوہدری

کراچی(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ میں غنڈہ راج ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے جب کہ پی پی پی کی فرسودہ سیاست ہے جس کی امین آصف زرداری کی پارٹی ہے۔کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی کو بند کیا جاتا تھا اس دفعہ لاہور بند ہوگیا جب کہ وزیر خزانہ کو نشانہ بنایا گیا کہ وہ آئی ایم ایف کے سامنے جھک گئے ہیں تاہم اسٹیٹ بینک کو باہر سے ملنے والی رقم سے سپورٹ ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سوشل میڈیا پر کنٹرول بلکل بھی نہیں اور ٹی ایل پی کی جانب سے سوشل میڈیا کا بہت استعمال کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ انفارمیشن منسٹری ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، ہر بات کہنے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے کیوں کہ پرانی ویڈیو سامنے آجاتی ہی، پہلے وزراءبیانات دے کر مکر جاتے تھے، زمانہ بدل گیا ہے اور اب ویڈیوز سامنے آجاتی ہیں،وزراءکو اب محتاط رہنا چاہیے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کیس پر خادم رضوی کا اکاﺅنٹ سرگرم تھا، سوشل میڈیا سے متعدد نیوز آتی ہیں اور انہیں روکنا مشکل ہوتا ہے تاہم ہم پہلی بار سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے جارہے ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ میں غنڈہ راج ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے، پی ٹی آئی نے سندھ میں لسانی سیاست کے خاتمے کی بنیاد رکھ دی اور اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت ہوگی، پی پی پی کی فرسودہ سیاست ہے جس کی امین آصف زرداری کی پارٹی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے غریبوں کے اکاﺅنٹس میں پیسے ڈالے ہیں، ان غریبوں کو چاہیے کہ ان پیسوں سے مکر جائیں، چاہے آصف زرداری ہوں یا نواز شریف کسی کے کرپشن کے مقدمات واپس نہیں لیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ دھرنا شرپسندوں کو ریاست بھولے گی نہیں، یہ مذہب نہیں سیدھا سادھا بغاوت کا معاملہ ہے اور بغاوت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ریاست اس رویے کو معاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے سے حکومت کی کمزوری کا تاثر دیا جارہا ہے، اس تاثر کو دور کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتجاج میں فوج، عدلیہ اور حکومت کو نشانہ بنایا گیا، ریاست اسے نظرانداز نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے اور احتجاج ختم کرنے کے لیے ریاستی طاقت استعمال کرتے تو نقصان کا اندیشہ تھا، پھر تنقید ہوتی کہ طاقت کا استعمال کیوں کیا، ہم نے آگ بجھانے کو ترجیح دی اور بغیر نقصان کے شہروں کو کھولا، لیکن یہ مسئلے کا حل نہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار دل میں تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل

راولپنڈی(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( آر آئی سی) میں داخل کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار انتہائی سخت سیکیورٹی میں فیملی کے ہمراہ چیک اپ کے لیے راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے جہاں آر آئی سی کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر کیانی نے چیف جسٹس کا چیک اپ کیا۔ذرائع کے مطابق چیک اپ کے دوران پتا چلا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے دل کی ایک شریان بند تھی، اسپیشل بیلون استعمال کرکے شریان کی بندش دور کردی گئی تاہم چیف جسٹس کو مزید دیکھ بھال کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔میڈیاسے گفتگو میں سربراہ آر آئی سی جنرل (ر) اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی کامیاب اینجیوپلاسٹی کی گئی اور دل کی ایک بند شریان کو کھول دیا گیا، چیف جسٹس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اب وہ اہلخانہ سے گفتگو بھی کررہے ہیں جب کہ چیف جسٹس کو کیتھ لیب سے وی وی آئی پی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں 30 بے نامی اکاﺅنٹس، 10 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف

پشاور(ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے خیبرپختونخوا میں 30 بے نامی اکاﺅنٹس کا سراغ لگالیا ہے۔بے نامی اکاﺅنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 30 بے نامی اکاﺅنٹس کا سراغ لگالیا ہے جن کے منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے کے ثبوت بھی مل گئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق 8 گھریلو ملازمین کے نام پر یہ بے نامی اکاﺅنٹس کھلوائے گئے ہیں اور ان اکاﺅنٹس سے تقریباً 10 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔یہ بے نامی اکاﺅنٹس بونیر، سوات ، کالام اور بشام کے بینکوں میں سامنے آئے ہیں جب کہ رقوم کی ٹرانزیکشنز ایک سے زائد اضلاع میں کی گئی ہیں۔ ایف آئی اے نے مزید معلومات حاصل کرنے اور تحقیقات کے لئے ملوث افراد کے شناختی کارڈ اسٹیٹ بینک کو ارسال کردیے ہیں۔

وزیراعظم نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی۔وزارت قانون نے نئے بلدیاتی نظام کے قانونی مسودہ کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جسے جلد پنجاب کابینہ اور پھر صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ پنجاب کے وزیر بلدیات عبد العلیم خان نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری کی تصدیق کردی ہے۔نئے نظام کے تحت تحصیل اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹس قائم کی جائیں گی۔ شہری علاقوں میں ٹاﺅن کونسل اور دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ کونسل ختم کرکے دیہی علاقوں میں ویلیج کونسل اور شہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسل بنائی جائیں گی۔تحصیل اور سٹی ڈسٹرکٹ حکومتوں میں میئرز کے انتخابات براہ راست جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ تاہم حکومت پنجاب ویلیج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کی خواہشمند ہے۔بلدیاتی ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،واسا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی (پی ایچ اے) بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت ہوں گے، تاہم پولیس بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نیبر ہڈ کونسل اور ویلیج کونسل چھ چھ ارکان پر مشتمل ہوگی جن کے سربراہان کو چیئرمین کہا جائے گا۔ ان کونسلز کے تین ارکان کو براہ راست منتخب کرنے اور تین اسپیشل سیٹیں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

سپاہی مقبول حسین کی یاد میں خصوصی کھیل 5نومبر سے پیش ہو گا

لاہور(شوبزڈیسک)لاہور آرٹس کونسل الحمرا ،محکمہ اطلاعات و ثقافت ،حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ڈرامہ سپاہی مقبول حسین صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کی خصو صی ہدایت پر 5 تا 10 نومبر 2018 سے الحمرا ہال نمبر 2میں پیش کیا جا رہا ہے۔چیئرمین الحمرا توقیر ناصر کی زیر نگرانی پیش کردہ اس ڈرامہ کو نامور ادیب و محقق اور ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید نے تحریر کیا ہے جبکہ ہدایتکار عامر نواز اور قیصر جاوید ہیں۔ ملک کے نامور فنکار جن میں راشد محمود،پرویز رضا،سرفراز انصاری ، تنویر شاہ ، زوہیب احمد ،تنویر خالد ،ظہیر تاج ، تحسین خان،عذرا آفتاب اور قیصر شہزاد شامل ہیں ،اپنی اداکاری کے جوہر دیکھائے گے۔واضح رہے یہ ڈرامہ شام 7 بجے شروع ہوا کرئے گا۔

عائشہ عمر لاہور میں فلم ” کاف کنگنا“ کی شوٹنگ میں مصروف

لاہور (شوبزڈیسک ) اداکارہ و ماڈل عائشہ عمر لاہور چلی گئیں وہ آجکل وہاں ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر کی بطور ہدایتکار پہلی فلم کاف کنگنا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں انکے ہمراہ ایشا فیاض ، سمیع خان اور عابی خان نے اپنا اپنا کام مکمل کرالیا۔ مذکورہ فلم کا سکرپٹ بھی خلیل الرحمن قمر نے لکھا ہے۔

نیلم منیر فلم ”رانگ نمبر 2“ میں جلوہ گر ہونگی‘تیاریاں مکمل

کراچی (شوبزڈیسک)فلم و ڈرامہ پروڈیوسر حسن ضیا نے فلم رانگ نمبر 2 بنانے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔مذکورہ فلم کی شوٹنگ کیلئے اس بار حیدرآباد کا انتخاب کیا گیا ہے ، فلم کے پروڈیوسر شیخ امجد رشید اور حسن ضیا ہیں جو پہلی بار مشترکہ طورپر فلمسازی کررہے ہیں۔ فلم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے حسن ضیانے کہا شوٹنگ کا آغاز 6 نومبر سے حیدرآباد سے کیا جائیگا،یہ سپیل 10 روزہ ہوگا اس کے علاوہ فلم سکھر اور بہاولپور میں بھی شوٹ کی جائیگی۔ فلم کی کہانی اداکار دانش نواز نے لکھی ہے ، منظر نامہ و ہدایات یاسر نواز اور مکالمے احمد حسن کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔فلم کی کاسٹ میں نیلم منیر، سمیع خان،جاوید شیخ، دانش نواز، یاسر نواز، محمود اسلم، احمد حسن، نوشین ابراہیم، اشرف خان ، شفقت چیمہ، عرفان کھوسٹ و دیگر شامل ہیں ، واضح رہے کہ حسن ضیا کے کریڈٹ پر کئی کامیاب ترین ڈرامہ سیریلز بھی ہیں۔

دانش تیموراب عبداﷲکادوانی کی نئی سیریل میں نظر آئیں گے

لاہور(شوبزڈیسک) اداکارعبداللہ کادوانی نے ہوم پروڈکشن کے تحت شروع ہو نیوالی نئی ڈرامہ سیریل کے مرکزی کردارکیلئے دانش تیمورکوکاسٹ کرلیا جسکے ہدایتکار اسد جبل ہیں، دیگر کاسٹ فائنل کی جارہی ہے۔ بتایاگیاہے کہ کاسٹ فائنل کرنے کے بعد عنقریب ریکارڈنگ کاسلسلہ کراچی میں شروع کردیاجائیگا۔ واضح رہے دانش تیمورکی فلموں میں کامیابی کے بعد انکے ٹی وی ڈرامے بھی ناظرین میں مقبول ہورہے ہیں۔