رنویرنے دپیکا کو دنیا کی خوبصورت ترین لڑکی قرار دیدیا

ممبئی(ویب ڈیسک) رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کو دنیا کی خوبصورت ترین لڑکی قراردیدیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی کی خوشی میں منعقد ہونے والی گرینڈ پارٹی میں رنویر سنگھ کا اپنی اہلیہ کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے دنیا کی خوبصورت ترین لڑکی سے شادی کی ہے۔رنویر نے پرجوش انداز میں کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ آپ سب آج رات ایک ساتھ یہاں موجود ہیں، یہ رات ہم دونوں کے لئے بہت یادگار ہے کیوں کہ ہمارے سارے دوست اور محبت کرنے والے ایک چھت تلے جمع ہیں جب کہ ہم یہاں اپنا شاندار مستقبل آپ کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے آئے ہیں۔واضح رہے کہ رنویر اور دپیکا رواں ماہ ہی اٹلی کے پرفضا مقام پر شادی کے بندھن میں بندھے ہیں۔

لمز یونیورسٹی فلم کلب کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل فلم فسٹیول کے اختتامی روزصوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن کا خطاب

لاہور(صدف نعیم سے)تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن نے کہا کہ پاکستان میں فلم ڈرامہ کو جتنا فروغ دے سکیں ہم مدد کریں گے ۔3 ماہ میں 45 میٹینگز کر چکا ہوں جس میں سینیئر فنکار شامل تھے۔پاکستان میں فلم کے حالات بدقسمتی سے بہت خراب ہیں ۔کراچی میں لوگ فلم کے لیے اسپانسر کررہے ہیں ۔10 سالوں سے فلم انڈسٹری کا برا حال ہے ۔انڈین اور ہالی ووڈ کی فلموں سے سینیما گھر چل رہے ہیں ۔فلم فسٹیول سے آپ نے ہمیں سوچنے پر مجبور کردیا ۔گزشتہ 18 سالوں سے انڈیا پاکستان کو دہشت گرد ملک کے طور پر فلم کے ذریعے پیش کررہا ہے ۔10 سالوں سے تو ہر فلم میں پاکستان کی بدنامی کا کوئی سین شامل کیا جاتا تھا ۔لیکن پاکستانی سیاست میں لوٹ مار میرا شوق اور روک سکوں تو روک لو فلم نظر آرہی تھی۔پچھلے دس سالوں میں نواز شریف اور زرداری ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر فلم چلا رہے تھے ۔میں پنجاب کے ثقافت کے وزیر کے طور پر بہت بہتری لاﺅں گا ۔اگلے ماہ سے وائس آف پنجاب پروگرام لارہا ہوں۔سرکاری سطح پر فلم فسٹیول لارہے ہیں۔آل شریف کو بھی ٹھیک کریں گے اور فلم انڈسٹری کو بھی۔پاکستان کے تصور کو ہم فلم کے ذریعے بہتر کرسکتے ہیں ۔خادم اعلی کی قیادت میں جو ثقافت میں کرپشن جاری تھی اسے روک دیاہے۔

یوگنڈا کی جھیل میں کشتی ڈوبنے سے 30 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

کمپالا(ویب ڈیسک) یوگنڈا کی وکٹوریا جھیل میں مسافر بردار کشتی الٹنے کے باعث 30 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا کے نزدیک جھیل وکٹوریا میں 84 مسافروں کو لے کر جانے والی کشی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 30 مسافر ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ریسکیو ادارے اور یوگنڈا بحریہ کی ٹیم نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 27 افراد کو ڈوبنے سے بچالیا جب کہ 27 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم خراب موسم کے باعث امدادی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے جس کے باعث کشتی الٹ گئی تاہم خراب موسم بھی حادثے کی ایک وجہ ہوسکتی ہے، قبل ازیں موسم کی خرابی سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 70 ہزار اسکوائر کلومیٹر پر محیط وکٹوریا جھیل میں ناکافی سہولیات اور احتیاطی تدابیر کے فقدان کے باعث کشتی الٹنے کے واقعات عام ہیں، رواں برس ستمبر میں کشتی ڈوبنے کے باعث 100 سے زائد افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے۔

کینسر کے مریض کا صحت یابی پر سرجن کو انوکھا خراج تحسین

ارجنٹینا(ویب ڈیسک) کینسر سے صحت یابی کے بعد مریض نے اپنے سرجن اور اسپتال کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منفرد طریقہ اپنا کر سب کے دل جیت لیے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن کا نوجوان شہری نینو سرگیئرو بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھا۔ زندگی سے مایوس نوجوان کی ماہر آنکولوجوسٹ ڈاکٹر پال لاڈا نے ہمت بندھائی اور آپریشن کے لیے رضامند کیا۔ 42 سالہ سرجن کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم طویل آپریشن کے بعد کینسر کو آنت سے نکالنے میں کامیاب ہوگئی۔نوجوان کی کیمو تھراپی کا عمل ابھی آخری مراحل ہے اور وہ خود کو کافی صحت مند محسوس کر رہا ہے۔ پر عزم نوجوان نے ایک بار پھر زندگی ملنے کو سرجن کی مرہون منت قرار دیتے ہوئے اپنی پیٹھ پر سرجن اور اسپتال کا خاکہ بنوالیا۔ پیٹھ پر بنے ان ٹیٹوز کے ساتھ سرجن کی تصویر نے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرلی۔نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سرجن کو انوکھا تحفہ دینا چاہتا تھا جو اب تک کسی مریض نے اپنے معالج کو نہ دیا ہو۔ کینسر تو میرے جسم سے ختم ہوگیا لیکن جس کی وجہ سے کینسر ختم ہوا وہ عظیم محسن اب ساری عمر میرے ہمراہ ٹیٹو کی شکل میں رہے گا۔