دبئی ٹیسٹ؛ پاکستان نے پہلی اننگز 418 رنز پر ڈیکلیئر کردی

دبئی(ویب ڈیسک) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز 5 وکٹ کے نقصان پر 418 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کردی۔ دبئی ٹیسٹ میں کے دوسرے روز پاکستان نے 4 وکٹ پر 207 رنز سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی حارث سہیل اور بابراعظم نے ذمہ داری سے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، اس دوران حارث سہیل نے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی جب کہ بابر اعظم نے بھی کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ حارث سہیل کیریئر کا بہترین اسکور 147 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 127 اور سرفرازاحمد 30 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ واپس گئے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ایک بار پھر اوپننگ بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے، امام الحق اور محمد حفیظ 9، 9 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ بعدازاں اظہر علی اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں البتہ اظہر علی 81 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد اسد شفیق وکٹ پر آئے تاہم وہ بھی صرف 12 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ پہلے دن کے اختتام پر حارث سہیل 81 اور بابر اعظم 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔واضح رہے کہ پہلے ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 4 رنز سے ہرا دیا تھا۔

کولن منرو اور کولن انگرام نے بھی پاکستان آنے کی ہامی بھرلی

لاہور(ویب ڈیسک)پی ایس ایل میں کراچی کنگز میں شامل کولن منرو اور کولن انگرام نے بھی پاکستان آنے کی ہامی بھرلی۔پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن شروع ہونے جارہا ہے جس میں ڈیرن براﺅ اور سنیل نارائن سمیت متعدد کرکٹرز پاکستان آکر کھیلنے کی حامی بھرچکے ہیں اور اب کراچی کنگز کے کھلاڑی کولن منرو اور کولن انگرام بھی پاکستان میں کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔کیوی کرکٹر کولن منرو اور جنوبی افریقہ کے کولن انگرام سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے ڈیوائن براوو اور سنیل نارائن بھی پاکستان میں آنے کی حامی بھر چکے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا تعلق کوئٹہ گلیڈیٹرز کے ساتھ ہے۔واضح رہے پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے شروع ہوگا، پی سی بی اس بار پلے آف میچز اور فائنل سمیت آٹھ مقابلے لاہور اور کراچی میں کرانے کا عندیہ دے چکا ہے۔

ویمنز ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ کا تاج آسٹریلیا کے سرپر سج گیا

نارتھ ساﺅنڈ(ویب ڈیسک)ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیدی۔میگا ایونٹ کے فائنل میں انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے آسٹریلین ٹیم کو جیت کیلئے 106 رنز کا ہدف دیا تھا جو آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم نے آسانی سے پورا کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی.آسٹریلوی اسپنر ایشلے گارڈنر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ جورجیا وہام، میگن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سرفراز پر بے جا تنقید مناسب نہیں، کوچ کا بھی احتساب ہونا چاہیے، معین خان

کراچی(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان و سابق ہیڈکوچ معین خان نے کہا ہے کہ کپتان سرفراز احمد پر بے جا تنقید مناسب نہیں، کوچ مکی آرتھر کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ وکٹ کیپرکوبیٹنگ میں موقع کم ملتا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ناکامی کے ذمہ دارکپتان نہیں بیٹسمین تھے، اصل میں پاکستان ٹیم کوچ چلا رہا ہے، پاکستان ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا بھی احتساب ہونا چاہیے، کپتان کا قومی ٹیم کے سلیکشن میں زیادہ دخل نہیں،کھلاڑیوں کی سلیکشن پر مکی آرتھر کی رائے کوفوقیت دی جاتی ہے۔علاوہ ازیں معین خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میں بھارتی لابی مضبوط ہے، پاکستان سے سیریز کے معاملے پر بھارتی حکومت کی بی سی سی آئی میں مداخلت بڑھ جاتی ہے۔

یورپی یونین برطانیہ کے درمیان بریگزٹ پر معاہدہ ہوگیا

برسلز(ویب ڈیسک) یورپی یونین میں شامل تمام ممالک نے برطانیہ کی وزیراعظم تھریسامے کے ’بریگزٹ پلان‘ کی منظوری دے دی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ ڈیل پر اتفاق ہو گیا ہے۔ یورپی یونین کے باقی ماندہ 27 رہنماﺅں نے ایک خصوصی تقریب میں بریگزٹ ڈیل پر دستخط کردیئے ہیں۔برسلز میں ہونے والی خصوصی تقریب میں یورپی یونین اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان بریگزٹ ڈیل طے پا گئی ہے جس کے آدھے گھنٹے بعد ہی یورپیئن کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلاءاور مستقبل میں فریقین کے درمیان سیاسی اور خارجہ تعلقات پر معاملات طے پا گئے ہیں۔یورپی یونین کے رہنماﺅں کی بریگزٹ ڈیل کی منظوری کو برطانوی وزیراعظم کی بڑی کامیابی سمجھا جا رہا ہے، تاہم اصل امتحان اس ڈیل کو برطانوی پارلیمنٹ سے منظور کروانا ہے۔ وزیراعظم تھریسامے کو اس ڈیل پر اپنے رفقا، وزرا اور سیاسی حلیفوں کی مخالفت کا سامنا رہا ہے۔برطانوی عوام نے جون 2016 میں ہونے والے ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا تاہم عمل درآمد میں حائل کٹھن مراحل کو طے کرنے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔ ممکن ہے برطانیہ کا یورپی یونین سے 44 سالہ رفاقت کا خاتمہ 2019 میں مکمل ہو جائے گا۔

مودی کے والد کو کوئی نہیں جانتا، اپوزیشن رہنما

جے پور(ویب ڈیسک) کانگریسی رہنما اور سابق وزیر ویلاس راﺅ نے کہا ہے کہ ساری دنیا راہول گاندھی کی 5 نسلوں کو جانتی ہے جب کہ وزیراعظم نریندرا مودی کے والد کے نام سے بھی کوئی واقف نہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریسی رہنما ویلاس راﺅنے کہا ہے کہ ان کے رہنما راہول گاندھی کی 5 نسلوں کو تو پوری دنیا جانتی ہے البتہ نریندرا مودی کا نام وزیراعظم بننے کے بعد دنیا کے سامنے آیا اور تاحال کوئی بھی نہ تو وزیراعظم مودی کے والد کا نام جانتا ہے اور نہ ماں کے نام سے واقف ہے۔راجستھان میں ایک انتخابی مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر ویلاس راﺅے مزید کہا کہ نریندرا مودی گاندھی خاندان سے حساب مانگ رہے ہیں، وہ بھول گئے کہ راہول کے باپ راجیو گاندھی، دادی اندرا گاندھی اور پڑ دادا نہرو کو پوری دنیا جانتی ہے جب کہ آپ کے تو والد تک کا نام کوئی نہیں جانتا۔وزیراعظم نریندرا مودی پر تقریر کے دوران ذاتیات کو تنقید کا نشانہ بنانے اور مودی کے خاندان کے حوالے سے ذاتی حملے کی ویڈیو بھارتیہ جنتا پارٹی نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جس کے بعد سابق وزیر کو اپنی تنقید پر وضاحتیں دینا پڑ گئیں۔ویلاس راﺅ کا کہنا تھا کہ وہ ذاتیات کو سیاست میں گھسیٹنے کے مخالف رہے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پارٹی میٹنگ کے دوران بنائی گئی اور ویڈیو بنانے والے شخص نے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر ایڈٹ کیا اور پھر ویڈیو اپ لوڈ کردی۔

سدھو کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے

لاہور(ویب ڈیسک) بھارت کے سابق کرکٹر اور مشرقی پنجاب کے سینئر وزیر سدھو نے کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔نوجوت سنگھ سدھو نے شاہ محمود قریشی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان آنے کے لیے بھارتی وزارت خارجہ سے اجازت کے لیے خط لکھا ہے، کرتارپور کوریڈور پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کی بہتری کے حوالے سے ایک امید ہے، سکھ قوم جو دربار صاحب پر اپنا ماتھا ٹیکنا چاہتی ہے اس کے لیے بھی کرتارپور کوریڈور ایک آس ہے جو پوری ہونے جارہی ہے۔واضح رہے کہ کل 26 نومبر کو بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن (ر) امریندر سنگھ ڈیرہ بابا نانک میں کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ پاکستان میں وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اقتصادی مشاورتی کونسل اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، مشیرتجارت، گورنراسٹیٹ بینک اور حکومت کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور جامع اقتصادی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، اجلاس میں 11 ماہرین معیشت بھی شریک ہوئے اور معاشی تجاویز بھی اجلاس میں زیر غور آئیں جب کہ وزیراعظم نے حالیہ بیرونی دوروں کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیا۔

پاکستان نے ثابت کردیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کرتار پورراہداری کھولنے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے عمل سے ثابت کیا ہے وہ جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے۔سکھوں کے مذہبی مقام کرتارپور گوردوارا تک راہداری بنانے کے لیے 28 نومبر کو سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ہوگی۔ اس حوالے سے فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، کرتارپور سرحد کے کھولے جانے کا عمل تاریخ ساز ہے یہ دیکھا جا سکتا ہے کون سی طاقت امن عمل سے مخلص نہیں اور تاریخ فیصلہ کرے گی کون غلط تھا۔واضح رہے کہ 28 نومبر کو کرتار پور راہداری کھولنے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی تھی تاہم بھارتی وزیر خارجہ نے مصروفیات کی بنا پر تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی ہے اور بھارت کی نمائندگی 2 رکنی وفد کرے گا۔

نیب نے نوازشریف کو شہبازشریف سے ملاقات کی اجاز ت دیدی

لاہور(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے نوازشریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے چھوٹے بھائی شہبازشریف سے ملاقات کے لیے نیب کو درخواست بھیجی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد نیب لاہور نے نوازشریف کو ملاقات کی اجازت دے دی۔نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کی درخواست پر انہیں زیرتفتیش اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملنے کا وقت دیا گیا ہے، نوازشریف کل یعنی پیر کے روز شہبازشریف سے ملاقات کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ گزشتہ چند روز میں نوازشریف کی نیب لاہور میں شہبازشریف سے دوسری ملاقات ہوگی، اس سے قبل 17 نومبر کو نوازشریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے شہبازشریف سے ملاقات کی تھی۔احتساب عدالت نے آشیانہ ہاﺅسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے رکھا ہے۔