قومی فٹبال ٹیم نے مسجد اقصی میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کرلی

مقبوضہ بیت المقدس (آئی ا ین پی) فلسطین سے دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے جانے والے قومی فٹبال ٹیم نے مسجد اقصی میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کرلی۔میزبان فلسطین کیخلاف دوستانہ میچ کے لیے جانے والے قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز نے قبلہ اول میں نماز جمعہ ادا کی، قومی کھلاڑیوں نے یہ سعادت حاصل کرنے کے بعد تصاویر بھی بنوائیں۔صدام حسین کی قیادت میں گرین شرٹس مقبوضہ بیت المقدس میں موجود ہیں۔ ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں میں یوسف اعجاز بٹ، احسان اللہ، عمر حیات، ارسلان علی، نوید احمد، ذیشان رحمان، مہدی حسن، یعقوب اعجاز بٹ، عدنان یعقوب، عمیر علی، حسن بشیر، محمد علی، محمود خان، نوید رحمان اور مںصور جب کہ آفیشلز میں ہیڈ کوچ جوز اینٹونیو، معاون کوچ محمد حبیب، ٹرینر جوز روبرٹو اور محمد عدنان شامل ہیں۔یاد رہے کہ 2014میں فلسطین پاکستان آ کر کھیل چکی ہے، لاہور میں کھیلا گیا یہ میچ برابر رہا تھا۔ اگلے سال فلسطین کی ٹیم تیسرے میچ کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی- پاکستانی فٹبالرز اور کوچنگ اسٹاف کو اس ٹور کیلیے ویزے بڑی مشکل سے جاری ہوئے تھے۔

ہاکی ورلڈ کپ، پاکستانی پلیئرز کو بھارتی ویزے مل گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر )بھارتی حکومت نے 28نومبر سے بھونیشور میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کی ہاکی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دیے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی 18 رکنی ٹیم کے ساتھ6 آفیشلز، صدر اور سیکرٹری پی ایچ ایف میں سے متعدد کو ہی ہمسایہ ملک کا ویزہ جاری کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم میچز شروع ہونے سے ایک ہفتہ پہلے 21 نومبر کو بھارت روانہ ہو گی اور یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔یاد رہے قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لئے لاہور میں دو روزہ ٹرائلز رکھے گئے تھے جس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اصلاح الدین نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ورلڈ کپ کی 18 رکنی ٹیم کی قیادت رضوان سینئر کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان عماد شکیل بٹ، عمران بٹ، مظہر عباس، عرفان سینئر، مبشر علی، محمد علیم بلال، فیصل قادر ، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عرفان جونیئر، عمر بھٹہ، علی شان، ابوبکر محمود، محمد عتیق اور محمد زبیر شامل ہیں۔واضح رہے 14 ویں میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔پول اے میں ارجنٹینا، سپین، نیوزی لینڈ اور فرانس جب کہ پول بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ اور چین کی ٹیمیں شامل ہیں۔پول سی بیلجیئم، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور میزبان بھارت پر مشتمل ہے۔ جب کہ پاکستان ٹیم پول ڈی میں ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا سے مقابلہ کرے گی۔

ابو ظہبی ٹیسٹ میں کیویز153پر ڈھیر ،پاکستان کے 59رنز پر دو کھلاڑی آﺅٹ

ابوظہبی(آئی این پی)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی باﺅلرز نے کیویز بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا،نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔کیوی کپتان کین ولیم سن 63رنز بنا کر کامیاب بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں2وکٹوں کے نقصان پر59رنز بنا لئے ہیں اور پاکستان کو کیویز کی پہلی اننگز کی بتری ختم کرنے کیلئے مزید 94رنز درکار ہیں اور اسکی8وکٹیں ابھی باقی ہیں،اوپنر محمد حفیظ20اور امام الحق6رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل22اور اظہر علی10رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔جمعہ کو ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کر دیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لاٹہم نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 35رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر بھی 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے نصف سنچری مکمل کی اور 63رنز بنائے تاہم کپتان کے آﺅٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکااورپوری ٹیم صرف153رنز بناکرپویلین لوٹ گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت راول7، ٹام لاٹہم13،روس ٹیلر2،نیک کولس28،واٹلنگ10،گرینڈ ہوم صفر،ٹم سوتھی4،ویگنر12،اعجاز پٹیل6 اور ٹرینٹ بولٹ4رنز بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13اوورز میں 33رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز 153رنز کے جواب میں پاکستانی اننگز کا آغاز نوجوان اوپر امام الحق اور محمد حفیظ نے کیا تاہم ایک بار پھر پاکستانی اوپننگ ناکام ہو گئی، اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 27رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، نوجوان اوپنر امام الحق 6رنز بنا کر 27کے مجموعی سکور پر گرینڈ ہوم کی گیند پر کیوی کپتان ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے جسکے بعد اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ20رنز بنا کرٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آﺅٹ ہو گئے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں2وکٹوں کے نقصان پر59رنز بنا لئے ہیں اور پاکستان کو کیویز کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 94رنز درکار ہیں اور اسکی8وکٹیں ابھی باقی ہیںجبکہ حارث سہیل22اور اظہر علی10رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل کی بیٹھک آج لاہورمیں لگے گی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) کی میزبانی میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس (آج)ہفتہ کو لاہور میں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان کی 2سالہ صدارتی مدت ختم ہوجائیگی اور آیندہ دوسال کےلئے صدارت بنگلا دیش بورڈ کے سربراہ کو سونپی جائے گی،اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ کپ ،ڈویلپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے ایونٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، اجلاس کے شرکا کو لاہور شہر کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کروانے کی تجویز ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس (آج)ہفتہ کو لاہور میں ہو گا۔ بھارت اجلاس میں شریک نہیں ہو گا۔ اجلاس میں رکن ممالک کے 20سے زائد آفیشلز شریک ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اجلاس میں کون کون شریک ہو گا اس کی تصدیق (آج) ہو جائے گی لیکن زرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہو گا جبکہ دیگر رکن ممالک کے 20کے لگ بھگ ارکان شریک ہوں گے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیورچرڈسن بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں ان کے پروگرام کو کل حتمی شکل دے دی جائے گی۔اجلاس میں اے سی سی کی صدارت بنگلہ دیش کو سونپی جائے گی۔ اس وقت صدارت دو سالہ مدت کے لیئے پاکستان کے پاس ہے۔بنگلہ دیش کے صدر ناظم الحسن اگلے دو برس کے لیے اے سی سی کی صدارت سنبھالیں گے۔ اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ کپ کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ ایشیا ایمرجنگ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ ڈویلپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے ایونٹس پر بات چیت ہو گی۔اجلاس میں میڈیا کے نمائندوں کو کوریج کی اجازت نہیں دی ہوگی تاہم قذافی اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے پریس کانفرنس ضرور رکھی گئی ہے جس میں پی سی بی کے سربراہ احسان مانی اور ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر بنگلا دیش کے ناظم الحسن اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

خاشقجی قتل؛ امریکا نے 17 سعودی شہریوں پر پابندیاں لگادیں

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 17 سعودی شہریوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے جمال خاشقجی کے قتل کے ردِ عمل میں پہلی مرتبہ عملی قدم اٹھاتے ہوئے ان 17 سعودی شہریوں پر پابندیاں عائد کی ہیں جو صحافی کے قتل کا منصوبہ بنانے اور اسے عملی جامہ پہنانے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ ان افراد میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سابق مشیر سعود القحطانی اور استنبول میں تعینات سعودی قونصل جنرل محمد العتیبی بھی شامل ہیں۔امریکا نے سعودی شہریوں پر پابندیاں ماگینتسکی ایکٹ کے تحت عائد کی ہیں، جو عام طور پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف استعمال ہوتا ہے۔امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے یہ افراد ایک ایسے صحافی کو نشانہ بنانے اور بہیمانہ طور پر قتل کرنے میں ملوث ہیں، جو امریکا میں مقیم تھا اور یہاں کام کر رہا تھا۔ انہیں اپنے کیے کا خمیازہ بھگتنا چاہیے۔

چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیرکا ایئرپورٹ حکام سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد کی جانب سے حکام کو دھکے دینے کا نوٹس لے لیا ہے۔زرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا محمد کی جانب سے حکام کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں دھکے دینے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد خان اور پی آئی اے حکام کو کل لاہور رجسٹری پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے گلگت بلتستان کے وزراءکے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وزیرسیاحت فدا خان کو عملے نے جھوٹ بول کر جذباتی کیا، معاملہ رفع دفع ہوگیا ہے اور اگر وزرا کے رویئے سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی تو صوبائی وزیر فدا حسین آگ بگولہ ہوگئے اور شفٹ انچارچ سے بدتمیزی کی اور دھکے دیئے تھے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو ایئر پورٹ پر موجود کسی نامعلوم شخص نے اپنے موبائل فون کیمرے میں عکس بند کرلی تھی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے یہ خبر پورے ملک میں پھیل گئی۔

جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کی فیض میلے میں شرکت کیلیے پاکستان آمد

لاہور(ویب ڈیسک) بھارتی شاعر جاوید اختر اور ان کی اہلیہ اداکارہ شبانہ اعظمی فیض میلے میں شرکت کے لیے واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔زرائع کے مطابق بھارتی ادیب جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی واہگہ بارڈر کے راستے تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ دونوں فیض میلے میں شرکت کریں گے۔شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر جاوید اختر نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی،اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے دونوں ممالک میں ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیار اور محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے ہونے چاہئیں۔

انور مجید کو کراچی سے لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل

کراچی(ویب ڈیسک) اومنی گروپ کے مالک انور مجید کو راہداری ریمانڈ پر کراچی سے لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید کو راہداری ریمانڈ پر کراچی سے لاہور منتقل کئے جانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔انور مجید کو کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے حوالات کی سکیورٹی کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں، ہر ٹیم کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے کا افسر کرے گا، تمام افسران کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جب کہ ہر ٹیم 4 افسران پر مشتمل ہوگی۔واضح رہے کہ انور مجید کا تعلق سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے جب کہ انور مجید کے خلاف 74 ارب کی منی لانڈرنگ کا کیس چل رہا ہے۔

ایس پی طاہر قتل کیس کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل

اسلام آباد/ پشاور(ویب ڈیسک) ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی جب کہ شہید کے لواحقین کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق افغانستان میں شہید ہونے والے ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی ہے، جے آئی ٹی 7 اراکین پر مشتمل ہے جس میں پولیس، انٹیلی جنس اور سی آئی ڈی افسران بھی شامل ہیں اور اس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔دوسری جانب خیبر پختون خوا حکومت نے شہید طاہر داوڑ کے لواحقین کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے شہید پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ بی پی ایس 17 میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، اس لیے کے پی حکومت نے ان کی بہترین خدمات اور شہادت پر پیکیج کا اعلان کیا جس میں مالی امداد اور پلاٹ بھی شامل ہے۔شوکت یوسف زئی کے مطابق شہید ایس پی کی 60 سالہ ریٹائرمنٹ تک ان کی اہلیہ کو تنخواہ دی جائے گی، ان کے ایک بیٹے کو اے ایس آئی بھرتی کیا جائے گا اور شہید کے بچوں کی تعلیم کے لیے اسکالرشپ دی جائے گی جب کہ شہید کی بیوہ اور بچوں کو مفت طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔واضح رہے کہ طاہر داوڑ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین فور سے اغوا کیا گیا تھا اور افغان وزارت خارجہ کے مطابق ان کی لاش ننگر ہار کے ضلع دربابا میں مقامی لوگوں کو ملی تھی جسے انہوں نے پاکستان کے حوالے کیا۔ بی بی سی کے مطابق خراسان ولایہ نامی تنظیم نے طاہر خان کے اغوا اور شہید کرنے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان نے لاپتہ ہونے کی تردید کردی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آباد سے پراسرا طور پر لاپتہ ہونے والے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز محسود کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے اپنی گمشدگی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈی آئی خان میں رشتہ داروں سے ملنے آئے ہیں۔ایاز خان کی اہلیہ نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ ان کے شوہر آبپارہ کے قریب اپنے دفتر سے جمعرات کی شام جی 13 گھر جانے کے لیے نکلے مگر گھر نہ پہنچے اور بعد میں رات 8 بجے فون پر بتایا کہ کورنگ ٹاﺅن میں ہیں۔اہلیہ کے مطابق ایاز خان نے فون پر بات کرتے ہوئے تین غیر متعلقہ افراد کے ساتھ ہونے اور پریشانی کا ذکر کیا،اس کے بعدسے ان کا فون مسلسل بند ہے ، ایاز خان کی بیٹی کی ہفتہ کو شادی ہے ، اہلیہ نے ایاز خان کے اغوا کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد ایاز خان کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا جس میں وہ اپنی خیریت سے ہونے کی اطلاع دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور ڈی آئی خان میں رشتہ داروں کے پاس ہیں۔ایاز خان نے کہا کہ ان کا موبائل فون خراب تھا جس کی وجہ سے وہ گھر والوں سے رابطہ نہیں کرسکے۔