65شرفاءکے کھاتے کھل گئے،چونکا دینے والے انکشافات

کراچی (خصوصی رپورٹ) نیب نے اب تک 65سیاسی رہنماﺅں اور سرکاری افسران کے خلاف تحقیقات کی ہیں جن میں 19کا تعلق سندھ سے، 19کا خیبرپختونخوا سے، 18کا پنجاب سے اور 9کا بلوچستان سے ہے۔ ان سیاسی رہنماﺅں کا تعلق کچھ یوں ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 16، پاکستان مسلم لیگ ن کے 10، پاکستان مسلم لیگ ق کے 5، متحدہ قومی موومنٹ کے 4، پاکستان تحریک انصاف کا ایک، پاکستان مسلم لیگ ف کا ایک، جمعیت علمائے اسلام کا ایک، ایک آزاد، عوامی نیشنل پارٹی کا ایک اور بلوچستان نیشنل پارٹی کا ایک عہدیدار شامل ہے۔ نیب کی سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی فہرست کے مطابق سندھ کے افراد میں پہلے نمبر پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے Stevta میں غیرقانونی بھرتیاں کیں، ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ بابر غوری نے کے پی ٹی میں غیرقانونی بھرتیاں، ریفرنس دائر، وہ مفرور ہیں۔ ڈاکٹر عاصم حسین، ریفرنس دائر، تحقیقات جاری، عبوری ضمانت پر ہیں۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ناجائز اثاثے اور غیرقانونی بھرتیاں کیں، تحقیقات جاری ہیں۔ وزیرداخلہ سہیل انور سیال آمدنی سے زائد اثاثے، ان کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔ سابق وزیر رﺅف صدیقی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ شرجیل انعام میمن کے خلاف ریفرنس دائر، جیل میں ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر کے ایم سی فنڈز میں خوردبرد، تحقیقات جاری ہیں۔ سابق وزیر جام خان شورو کرپشن اور پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ، تحقیقات جاری ہیں، سابق وزیر اعجاز جاکھرانی کے خلاف اثاثوں کی تحقیقات جاری۔ سابق وزیر لیاقت جتوئی کے اثاثوں کی تحقیقات جاری۔ سابق ممبر صوبائی اسمبلی پیر صبغت اللہ راشدی کے غیرقانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ‘ تحقیقات جاری۔ سابق چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن کے غیرقانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ، تحقیقات جاری۔ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمانی کرپشن اور کرپٹ پریکٹیسز اور غیرقانونی بھرتیاں، ریفرنس دائر، عبوری ضمانت پر ہیں۔ سابق وزیر نواب محمد تیمور تالپور آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کاکا کے خلاف ریفرنس دائر، ملک سے فرار۔ سابق وزیر منظور وسان آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ خیبرپختونخوا سے پہلے نمبر پر سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک اختیارات کا ناجائز استعمال اور ہیلی کاپٹر کیس، غیرقانونی الاٹمنٹ، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر امیر مقام آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیراعظم کی مشیر عاصمہ عالمگیر اور ان کے خاوند ارباب عالمگیر خان، آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی اختیارات کا ناجائز استعمال، تحقیقات جاری۔ مرید کاظم کے خلاف ریفرنس دائر، تحقیقات جاری۔ مسلم لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سنیٹر عثمان سیف اللہ 34 آف شور کمپنیوں کے مالک، تحقیقات جاری۔ سابق پرائم منسٹر سیکرٹری اعظم خان اختیارات کا ناجائز استعمال، تحقیقات جاری۔ سابق وفاقی سیکرٹری نعیم خان، توانا پاکستان کرپشن سکینڈل کا ریفرنس دائر، سابق آئی بی کے پی کے ملک نوید ریفرنس دائر، پلی بارگیننگ کا عمل جاری۔ سابق وفاقی سیکرٹری طارق حیات خان کے خلاف ریفرنس دائر۔ سابق چیف سیکرٹری امجد علی خان کا اختیارات کا ناجائز استعمال، تحقیقات جاری۔ سابق مشیر برائے چیف مسٹر سکندر عزیز ریفرنس دائر، عبوری ضمانت پر ہیں۔ سابق وزیر صاحبزادہ محمود زیب اختیارات کا ناجائز استعمال، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر شیراعظم ریفرنس دائر۔ کمشنر برائے افغان تارکین وطن ضیاءالرحمن کرپشن اور کرپٹ پریکٹیسز، تحقیقات جاری۔ سابق مشیر ملک قاسم آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ پشاور کے ناظم عاصم خان آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق سیکرٹری حفیظ الرحمن کرپشن اور کرپٹ پریکٹیسز، تحقیقات جاری۔ بلوچستان سے سابق وزیراعلیٰ اسلم خان رئیسانی آمدنی سے زائد ثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیراعلیٰ سردار ثناءاللہ زہری آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق مشیر خالد لانگو کرپشن، تحقیقات جاری۔ سابق سیکرٹری مشتاق رئیسانی 67کروڑ کی کرپشن، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر اسفند یار بھاری خوردبرد، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر محمد عاصم کرد کرپشن، تحقیقات جاری۔ سابق ایم ڈی پی ٹی سی ایل میر شاہجہان کھیتران غیرقانونی بھرتیاں، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر سعادت انور اختیارات کا ناجائز استعمال، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر رحمت بلوچ آمدنی سے زاثد اثاثے، تحقیقات جاری۔ پنجاب سے سابق وزیراعظم نوازشریف ریفرنس دائر، ضمانت پر ہیں۔ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کرپشن اور آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیراعظم شوکت عزیز اختیارات کا ناجائز استعمال اور آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیراعظم پرویزاشرف 12ریفرنس دائر، ضمانت پر ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ریفرنس دائر، ضمانت پر ہیں۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف آشیانہ ہاﺅسنگ میں گرفتار ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر اسحاق ڈار آمدنی سے زائد اثاثے، تحقیقات جاری، مفرور ہیں۔ سابق وزیر خواجہ سعد رفیق، پیراگون/آشیانہ سکیم انکوائری، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر خواجہ آصف منی لانڈرنگ، تحقیقات جاری۔ سابق وزیر شوکت ترین ریفرنس دائر، ملک سے باہر ہیں۔ سابق وزیر رانا مشہود احمد پنجاب سپورٹس بورڈ میں کرپشن، تحقیقات جاری۔ حنیف عباسی کرپشن، جیل میں ہیں۔ علیم خان کرپشن، تحقیقات جاری۔ سابق سٹاف آفیسر برائے وزیراعظم ذوالفقار بخاری آف شور کمپنی، تحقیقات جاری۔ سابق ایف بی آر چیئرمین عبداللہ یوسف، سلمان صدیقی اور علی ارشد حلیم اختیارات سے تجاوز، تحقیقات جاری اور سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسین فواد آشیانہ اقبال کیس، جیل میں ہیں۔

ویڈیو لیک کا معاملہ: وزیراعظم نے وزیراعلیٰ، گورنر اور اسپیکر کو طلب کرلیا

لاہور (ویب ڈیسک ) وزیراعظم نے گورنر پنجاب کی شکایت سے متعلق ویڈیو لیک ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اور گورنر سمیت اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھی اسلام آباد طلب کرلیا۔گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی رہائش گاہ سے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شکایت کررہے تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت میں اختیارات کے معاملے پر وزیراعلیٰ، گورنر اور اسپیکر کو اسلام آباد بلوایا ہے جس میں تینوں رہنماﺅں سے ویڈیو لیک کے سلسلے میں بات کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پہلے ون ٹو ون تینوں رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے اور اتحادی جماعت (ق) لیگ کے گورنر پنجاب سے متعلق تحفظات کو دور کریں گے جب کہ پنجاب حکومت میں اختیارات کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بھی بات کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں سینٹ انتخابات کی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔

تقریب میں عارف علوی کی آمد پر پارٹی ترانے بجانے پر تنقید، ایوان صدر کی وضاحت

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں شرکت کے دوران پارٹی ترانے بجائے جانے پر تنقید کے بعد ایوان صدر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ صدر نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ حال ہی میں اسلام آباد میں پاک-چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں ایک نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں صدر عارف علوی نے شرکت کی تھی۔صدر مملکت جب تقریب میں پہنچے تو اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نغمے بجائے گئے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی۔اس حوالے سے ترجمان ایوان صدر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایوانِ صدر کو جو پروگرام بھیجا گیا تھا، اس میں ترانوں کا ذکر نہیں تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ اگر میزبان پارٹی ترانے بجانا شروع کردیں تو اس میں ایوان صدر کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خطاب کے آغاز میں پارٹی ترانوں پر ناپسندیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب ملک کے صدر ہیں اور ایسی چیزوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔

شہر اقتدار کی بے حسی ، زخمی ممتا کی تصویر مدد کی منتظر ہی رہی

اسلام آباد  (ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں میں واقع دامن کوہ کے سیاحتی مقام کی جانب جانیوالی شاہراہ پر ایک بندریا تیزرفتار گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی۔ چہرے اور سر سے بہنے والےخون میں لت پت بندریا اپنے بچے کو گود میں لپٹائے ممتا کے جذبے سے سرشار سڑک کنارے بے بسی کی تصویر بنی رہی لیکن راہگیروں سمیت اسلام آباد میں جانوروں کے معالجین، جانوروں کیلئے کام کرنیوالی سماجی تنظیموں اور اسلام آباد انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔ زخمی بندریا اپنے بچے کو سینے سے چمٹائے سڑک کنارے پڑی تڑپتی رہی۔ ہمارا مذہب اسلام جانوروں سے بھی حسن سلوک کی تلقین کرتا ہے، مہذب ممالک میں اس طرح کے واقعہ کی صورت میں اسے فوری طبی امداد فراہم کی جاتی۔ بے حسی کے مظاہرے پر سوشل میڈیا میں بھی زبردست تنقید کی گئی۔ دامن کوہ کی جانب جانیوالی سڑک پر بہت سے بندر خوراک کی تلاش میں سڑک پر آجاتے ہیں جنہیں دیکھ کر سیاح اور بچے لطف اندوز ہوتے ہیں‘ انہیں پھل وغیرہ کھانے کو دیتے ہیں۔ گزشتہ روز وزیر مواصلات مراد سعید کے منسٹرز انکلیو میں واقع گھر میں بندروں نے یلغار کر دی تھی جس پر پولیس کو بلوایا گیاتھا۔

خاتون انصاف کیلئے ترس رہی ہے،71 سال گزر گئے سسٹم کو شرم آنی چاہئے،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کے 71 سال پرانی جائیداد کیس میں ریمارکس

لاہور(ویب ڈیسک )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوارالحق نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ایک خاتون انصاف کےلئے ترس رہی ہے،71 سال گزر گئے سسٹم کو شرم آنی چاہئے،تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوارالحق نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی ڈاکٹر نازیفہ عثمان کی 71 سالہ پرانی 310 کنال زمین سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے رو برو موقف اختیار کیا کہ نازیفہ عثمان کے والد نے جالندھر سے پاکستان ہجرت کی تھی،نازیفہ عثمان کے والد نے 310 کنال زمین کا کلیم داخل کیا ،71سال گزرنے کے باوجود زمین نہیں ملی، عدالت سے استدعا ہے کہ زمین یا اس کے بدلے رقم ادا کی جائے۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کےلئے سمری بھجوا دی گئی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ 45 روزمیں پبلک سیفٹی کمیشن کے قیام کے فیصلے پرعمل کیوں نہیں کیا؟۔چیف جسٹس انوار الحق نے ریمارکس دیئے کہ ایک خاتون انصاف کےلئے ترس رہی ہے،71 سال گزر گئے سسٹم کو شرم آنی چاہئے،ہم یہاں منصف اعلیٰ بن کے بیٹھے ہیں، چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی پنجاب حکومت ایک ہفتے میں معاملہ حل کرے۔

آرمی چیف کے بیٹے بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

لاہور(ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کے صاحبزادے بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنر ل قمر جاوید کے بیٹے سعد صدیق باجوہ کے ماہ نور صابر کے ساتھ نکاح کی تقریب گزشتہ رات لاہور کے گریڑن گولف اینڈ کنٹری کلب میں منعقد ہوئی۔ آرمی چیف کے بیٹے کا نکاح معروف کاروباری شخصیت صابر حمید کی بیٹی کے ساتھ ہوا ، نکاح سکالر علامہ ثاقب رضا مصطفائی نے پڑھایا۔تقریب میں دولہے اور دولہن کے قریبی دوستوں اور عزیزوں نے شرکت کی۔شادی کی تقریب میں آرمی چیف نے محفل میلاد کا انعقاد کیا جس میں نعت خوانی کی گئی۔محفل میں معروف نعت خوانوں نے بھی شرکت کی۔

ہالینڈ نے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک )ہالینڈ نے اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ سیکیورٹی خدشات کے بنیاد پر غیر معینہ مدت تک بند کر دیاہے۔ ہالینڈ کے سفارتخانے نے نئے ویزہ کیلئے شیڈول تمام انٹرویوز منسوخ کر دیئے ہیں جبکہ ویزہ کیلئے درخواستوں کی وصولی بھی روک دی گئی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق نیدرلینڈز کی حکومت نے سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر بند کیا ہے،یورپی ملک نے ویزہ کے لیے ہونے والے تمام انٹرویوز کو بھی تاحکم ثانی روک دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ نئی ویزا درخواستوں کی وصولی بھی روک دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ہالینڈ حکومت کو کچھ مشکلات کا سامنا تھا جس کے پیش نظر نہ صرف سفارتخانہ بلکہ تمام قونصل خانوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ، ایک اور نوجوان شہید

 سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔کشمیر میڈیا سیل کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور قابض فوج نے ضلع کپواڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا،  نوجوان کی شہادت کے بعد بھی قابض فوج نے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک متعدد کشمیری شہید ہوچکے ہیں جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو عالمی برادری سے چھپانے کے لیے محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

پاکستانی شہری کا کارنامہ؛ 71 برس کی عمر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی

مشہور کہاوت ہے ’علم حاصل کرو ماں کی گود سے قبر تک’ اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک معمر شہری نے پی ایچ ڈی مکمل کر کے اس کہاوت کو سچ ثابت کر دکھایا۔راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے 71 سالہ محمد نجیب نے نمل یونیورسٹی سے علوم اسلامیہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔محمد نجیب کو یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے دی۔محمد نجیب نے 1964میں میٹرک پاس کیا اور 2018میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

’آج کل ہر کوئی خود کو فلمی تجزیہ کار سمجھنے لگا ہے‘

بولی وڈ اداکار سنیل شیٹھی نے گزشتہ ہفتے ریلیز ہوئی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو ملنے والے منفی ریویوز پر اپنی مایوسی کا اظہار کردیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنیل شیٹھی نے کہا کہ آج کل ہر کوئی خود کو فلموں کا تجزیہ کار سمجھنے لگا ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ ’مجھے کافی مایوسی ہوئی کہ فلم کو اتنی زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کیوں کہ میرے کئی دوستوں نے ٹھگس آف ہندوستان سینما میں دیکھی اور انہیں فلم بےحد پسند آئی، یہ پیسا وصول فلم ہے کیوں کہ اسے بہت بڑے اسکیل پر تیار کیا گیا ہے‘۔