اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نامزدگی فارم جمع کروانے کا عمل (آج)بدھ سے شروع ہو گا۔ نامزدگی فارم دو روز تک صبح نو بجے سے شام 5بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن انتخابات 12 دسمبر کو سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں ہوںگے۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ریٹرننگ آفیسر الیکشن اور ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان محمد شعیب شاہین نے بتایاکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات میں حصہ لینے والے اپنے نامزدگی فارم 5 اور 6 دسمبر کو صبح نو بجے سے شام 5بجے تک داخل کرواسکتے ہیں۔ نامزدگی فارم کی سکروٹنی 7 دسمبر کو صبح نو بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی اور شام تین بجے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بارے آگاہ کیا جائیگا۔8دسمبر کو صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک امیدواروں کے غیر قانونی کاغذات پر منظوری / مسترد کے خلاف اعتراض اور ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے اس سلسلہ میں فیصلہ10 دسمبر کو صبح نو بجے سے شام تین بجے تک امیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں اور 10 دسمبر کو شام پانچ بجے امید واروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ 12 دسمبر کو دوپہر دو بجے سے ساڑھے تین بجے تک پی ایف ایف ویمن کانگریس کیلئے ووٹنگ ہوگی بعد میں اسی وقت ہی زرلٹ کا اعلان کیا جائیگا اسی روز شام چار بجے سے ساڑھے پانچ بجے تک پاکستان فٹ بال فیڈریشن کیلئے ووٹنگ ہوگی اور شام چھ بجے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے منتخب عہدیداروں کا اعلان کیا جائیگا۔13دسمبر کو دن گیارہ بجے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے عہدیداروں کا نوٹیفکیشن کیا جائے گا۔
