کابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں پولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں پولیس اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 6 جنگجو بھی مارے گئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوﺅں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 جنگجو بھی مارے گئے۔پولیس ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے میڈیا کو بتایا کہ درجن سے زائد طالبان جنگجوﺅں نے پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے حملہ کیا، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے طالبان جنگجوﺅں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ زخمی طالبان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔دریں اثناءافغانستان کے صوبے ننگرہار میں ایک مقامی ٹیلی وژن اسٹیشن کے ڈائریکٹر کو بھی اغواءکر لیا گیا ہے جب کہ مزاحمت کرنے پر ڈائریکٹر کے ڈرائیور کو قتل کردیا گیا، تاہم تاحال واضح نہیں کہ اغوا کس نے اور کن مقاصد کے لیے کیا۔واضح رہے کہ افغانستان میں امن عامہ کی حالت نہایت مخدوش ہے اور ماسکو میں افغان مذاکراتی کانفرنس کی روسی کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی جب کہ امریکی صدر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر امن مذاکرات میں مدد طلب کی ہے۔
