لاہور(شوبزڈیسک)ڈرامہ سیریل ”آنگن“ 1940ءکی دہائی میں اترپردیش میں مقیم ایک ایسے خاندان کی کہانی ہے جسے وقت نے تقسیم ہند سے قبل ہی تقسیم کرکے رکھ دیا۔ایم ڈی پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامہ کی کہانی خدیجہ مستور کے ناول ”آنگن “سے ماخوذ ہے جسے ٹیلی ویژن کیلئے مصطفی آفریدی نے تحریر کیا ہے ۔ اس ڈرامے کی کہانی مظفر علی خان کے خاندان کی خوشحالی سے بدحالی کی جانب سفر کی انوکھی داستان ہے ۔ڈرامے کی ہدایات محمد احتشام الدین کی ہیں ‘ ڈرامے کے نمایاں ستاروں میں عابد علی‘ احسن خان‘ ماورا حسین‘ سجل علی‘ احد رضا میر‘ سونیا حسین‘ حرا سلمان ‘ مدیحہ رضوی‘ حسن نعمان قریشی ‘مہ جبین مسرور ‘ نرگس بھٹی ‘ زیب رحمن‘ شمائل خان‘ عظمی بیگ ‘ علی رضوی اور دیگر شامل ہیں۔ یہ ڈرامہ ہر جمعرات کی رات آٹھ بجے پیش کیا جائے گا ۔
