ممبئی(ویب ڈیسک)بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ آج سے سینما گھروں کی زینت بن گئی ہے جس میں ان کے ساتھ اداکارہ انوشکا شرما اور کترینہ کیف جلوہ گر ہوئیں۔فلم میں شاہ رخ خان بونے کے کردار میں ‘بوا سنگھ’ بنے ہیں جب کہ ان کے ساتھ اداکارہ انوشکا شرما بطور ‘عافیہ’ ایک معزور لڑکی اور کترینہ کیف بطور ‘حسن جہاں ببیتا’ کا کردار نبھا رہی ہیں۔فلم ’زیرو‘ آنند ایل رائے کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے جس کی تشہیر گزشتہ ماہ سے جاری تھی تاہم آج فلم بینوں کا انتظار ختم ہوا اور شائقین کی بڑی تعداد نے سینما گھروں کا رخ کیا۔فلم دیکھنے کے بعد فلم بینوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر فلم سے متعلق شائقین برملا اظہار کر رہے ہیں۔ہیری سنگھ نامی ٹوئٹر صارف نے فلم زیرو کو بلاک بسٹر فلم قرار دیا۔ بھارتی نامور فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نے فلم ’زیرو‘ کو ناکام قرار دیتے ہوئے 1 اسٹار کی ریٹنگ دی اور لکھا کہ ’آنند ایل رائے اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے امید زیادہ تھی لیکن کہانی میں جھول ہے اور فلم کے دوسرے حصے میں کہانی تنزلی کی طرف جاتی ہے، انہوں نے فلم کو مایوس کن بھی قرار دیا۔ فلم بینوں کی جانب سے تعریفیں بھی سمیٹی جارہی ہیں جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں شاہ رخ خان کی فلم متاثر کرنے میں ناکام رہی۔ ویپل نامی صارف لکھتے ہیں ’طویل عرصے بعد دلچسپی سمیٹ کر شاہ رخ خان کی فلم دیکھی اور نتیجہ مایوس کن رہا‘۔انہوں نے فلم کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اب سمجھ آیا کہ سلمان خان نے اس فلم سے کیوں انکار کردیا تھا۔ روشن رائے نامی صارف لکھتے ہیں کہ فلم کی کوئی منطق ہے نہ شاہ رخ خان نے اچھی اداکاری کی ہے اور فلم متاثر کرنے میں ناکام رہی۔
