لاہور (خصوصی رپورٹ) نان بائی ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر روٹی 6 اور نان کی قیمت 10 روپے مقرر ہے جس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے کے صدر اسلم گل کی جانب سے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نان اور خمیری روٹی کی قیمت 12 جبکہ سادہ روٹی کی قیمت چھ روپے ہی رکھی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمت میں کسی قسم کاکوئی بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تعین ضلعی انتظامیہ کرتی ہے۔ تاحال نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کا سرکاری سطح پر کوئی بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ تاحال نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کا سرکاری سطح پر کوئی بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ خودساختہ اضافہ کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس حوالے سے مانیٹرنگ ٹیموں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
