لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی جس میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا میرا مشن ہے اور آپ کے تعاون سے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مثالی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے جمود کو توڑنا ہو گا اورمریضوں کو علاج معالجے کا حق دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی ہماری سرفہرست ترجیح ہے۔ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ شعبہ طب سے وابستہ افراد اور ڈاکٹروں کو حقیقی معنوں میں مسیحا کا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہماری قومی، ملی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹرو ںکی خدمات قابل تحسین ہیں۔ صوبے کے طول و عرض میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور عام آدمی کو اس کی دہلیز پر بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پرصوبے میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروںکو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں مسیحی برادری نے پر امن ماحول میں بھرپور طریقے سے کرسمس کی تقریبات منائیں۔یوم قائدؒ کی تقریبات کیلئے بھی بہترین انتظامات کئے گئے، جس پر میں متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کے والد حضرت شیخ گل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق علی رضا عابدی کے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم اور جاں بحق علی رضا عابدی کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نامور شاعر و ادیب محمد انور معین زبیری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا ظہار کیا ہے۔
