رنویر کی فلم ’سمبا‘ نے شاہ رخ کی ’زیرو‘ کو پیچھے چھوڑدیا

مبئی(ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی فلم ’سمبا‘ نے ریلیز کے پہلے روز شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ سے زیادہ کمائی کرلی۔اداکار رنویر سنگھ اورسارہ علی خان کی گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ’سمبا‘ نے ریلیز کے پہلے روز 20 کروڑ 72 لاکھ کا بزنس کیا۔ فلم کے پہلے دن کے اچھے آغاز اورشاندار بزنس پر رنویر سنگھ نے انسٹاگرام پر اپنی خوشی کااظہار بھی کیا۔دوسری جانب تقریباً ایک ہفتے قبل ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم’زیرو‘نے ریلیز کے پہلے روز 20 کروڑ 14 لاکھ کا بزنس کیاتھا۔ دونوں فلموں کے پہلے روز کے بزنس میں صرف 58 لاکھ کا فرق ہے لیکن اس کے باوجود بالی ووڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم’زیرو‘ کو فلاپ قراردیاتھا۔

نلتر میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے آئس ہاکی میچ کا انعقاد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کی تاریخ کا پہلا آئس ہاکی میچ آج نلتر میں کھیلا گیا جو کہ سخت مقابلے کے بعد پاکستان فضائیہ نے جیت لیا۔یہ میچ پاکستان ائیر فورس اور جی بی اسکاﺅٹس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔دونوں جانب سے کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا، لیکن کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میں گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ پر کیا گیا، جس میں پاکستان ائیر فورس کے کھلاڑی شاہ سیار نے فیصلہ کن گول کرکے پاک فضائیہ کو فتح سے ہمکنار کیا۔گلگت بلتستان کے علاقے میں دو چھڑیوں اور گیند کی مدد سے کھیلا جانے والا ایک تاریخی کھیل گٹل بھی ہے، جس کو آئس ہاکی سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔اس خطے میں اس روایتی کھیل کی میراث جاری رکھنے کے لئے آئس ہاکی کو یہاں متعارف کروایا گیا ہے۔

سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز احمد سینئر مستعفی

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد سینئر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے شہباز احمد سینئر نے اپنا استعفی صدر پی ایچ ایف کو بھجوادیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فنڈز نہ ہونے کے باعث غیر یقینی کی صورتحال رہتی ہے، حکومت اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے پاس اگر قومی کھیل کے لیے وقت نہیں تو میرے پاس بھی نہیں ہے۔شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ہاکی کے لیے ہمارے ہاس کوئی اثاثہ یا فنڈز کا سسٹم موجود نہیں اور نہ ہی ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، جس دن سے فیڈریشن میں آیا بار بار کہا کہ اس سسٹم سے ہاکی نہیں چل سکتی اور اس حوالے سے بار بار حکومت اور متعلقہ وزارت کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہے لیکن قومی کھیل کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے بے حد افسوس ہوا۔سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ ہاکی کی موجودہ صورتحال برداشت سے باہر ہو چکی ہے، نامساعد حالات کے باوجود پوری کوشش کرتا رہا سہولیات نہیں دی گئیں اور رزلٹس کا پوچھا جاتا ہے لیکن انقلابی اقدامات اور حکومتی مدد کے بغیر ہاکی ٹھیک نہیں ہو سکتی، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایک فیصد بھی تعاون نہیں کیا، بھارت کا سالانہ ہاکی بجٹ ایک ارب سے زائد ہے اور پاکستان ہاکی کی سالانہ گرانٹ 35 لاکھ ہے۔

بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے: آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کی خوشحالی صوبے کے امن واستحکام اور خوشحالی سے جڑی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی اور معاشی صورتحال میں بہتری پر پاک فوج کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کے امن واستحکام اور خوشحالی سے جڑی ہے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر باڑ کی تنصیب سے سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگی اور پاک ایران سیکیورٹی تعاون سے بھی سیکیورٹی مزید بہتر ہوگی۔

سال 2018 میرے لیے بہت ہی مشکل ثابت ہوا، عالیہ بھٹ

ممبئی(ویب ڈیسک) رواں سال ’راضی‘ جیسی کامیاب فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ناموراداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے 2018 ان کے لیے کافی مشکل ثابت ہوا ہے۔ناموربالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے سوشل میڈیا پرمداحوں کے ساتھ سال 2018 کی یادیں شیئرکرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2018 میرے لیے کافی مشکل ثابت ہواہے، رواں سال میں نے صرف کام کام اورکام کیا ہے، یہاں تک کہ ایک وقت آیا جب میں یہ سوچنے لگی تھی کہ مجھ سے مزید یہ کام نہیں ہوگا لیکن کام سے محبت نے مجھے آگے بڑھتے رہنے کی ہمت دی۔عالیہ بھٹ نے کہا کہ اس سال میں نے زندگی میں بہت کچھ سیکھا اوراب جب 2019 کی آمد ہے تو میں نے کام سے چند دنوں کی چھٹیاں لی ہیں اورمیں بہت خوش ہوں۔واضح رہے کہ عالیہ بھٹ کی رواں سال صرف ایک فلم ’راضی‘ ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر کامیاب رہی تھی، تاہم آنے والا سال ان کے لیے کافی اہم ثابت ہوگا کیونکہ 2019 میں عالیہ بھٹ تین فلموں ’کلنک‘، ’گلی بوائے‘ اور ’براہمسترا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

امریکی صدر نے افغانستان سے فوجی انخلا کا حکم نہیں دیا، وائٹ ہاﺅس

واشنگٹن(ویب ڈیسک) وائٹ ہاﺅس کے ترجمان نے افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کے فیصلے کی تردید کردی۔افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے معاملے نے نیا موڑ اختیار کرلیا۔ چند روز قبل امریکی میڈیا نے خبر دی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے اپنی نصف فوج واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ افغانستان میں تعینات 14 ہزار امریکی فوجیوں میں سے 7 ہزار کو واپس بلایا جائے گا، تاہم اب امریکی حکام کی جانب سے اس خبر کی تردید کی گئی ہے۔امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان گریٹ مرکس نے جاری کردہ مختصر بیان میں کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے احکامات نہیں دیے کیونکہ وہ وہاں امریکی فوج کی نفری کم نہیں کرنا چاہتے۔ گریٹ مرکس نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے محکمہ دفاع پنٹاگون کو افغانستان سے فوجی انخلا کے احکامات نہیں ملے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے باضابطہ طور پر اپنی فوج واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

مصر میں سیاحوں کی بس کے نزدیک بم دھماکا، 4 غیر ملکی ہلاک

قاہرہ(ویب ڈیسک) مصر میں سیاحوں کو لے جانے والی بس پر ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 غیر ملکی سیاح اور ایک مقامی گائیڈ ہلاک ہوگیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے علاقے گیزا کے نزدیک سیاحوں کی لے جانے والی بس کو سڑک کنارے نصب شدہ بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ویت نام کے 3 سیاح اور 1 مصری گائیڈ ہلاک ہوگئے۔پراسیکیوٹر جنرل نبیل صادق نے بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں 11 افراد زخمی ہیں جن میں 10 ویت نامی سیاح اور ایک مصری بس ڈرائیور شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بم کو سڑک کے نزدیک ایک دیوار میں چھپایا گیا تھا اور جیسے ہی سیاحوں سے بھری بس گزری بم کو دھماکے سے اُڑادیا گیا۔ دہشت گردوں کو بے نقاب کرکے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔واضح رہے کہ قدیم تہذیب کے مرکز مصر میں غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد رخ کرتی ہے جس سے حکومت کو کثیر زرمبادلہ ملتا ہے تاہم کچھ عرصے سے دہشت گردی کی وارداتوں کے باعث اس صنعت کو مشکل کا سامنا ہے۔

عثمان بزدار،فیاض الحسن چوہان،شوکت بسرا ،سمیرا احمد،عائشہ عمر،معمر رانا ،ثمینہ پیرزادہ،وارث بیگ کی چینل ۵ کے نا ظرین کو نئے سال کی مبارکباد

لاہور(صدف نعیم سے)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چینل ۵ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ نیا سال انشااللہ بہت اچھا ثابت ہو گا انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کرینگے کہ یہ سال ”تبدیلی“ کا سال ثابت ہو ۔اسی طرح صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔شوکت بسرا نے چیف ایڈیٹر ”خبریں “ضیا شاہد کو نئے سال کی مبارکباد دی اور کہا کہ اُنہوں نے ”خبریں “”نیا اخبار اور چینل ۵ کا کامیاب اجراءکرکے ثابت کر دیا کہ اُن سے بڑا اور نفیس صحافی کوئی اور نہیں ہو سکتا۔اداکارہ ثمینہ پیرزادہ،معمر رانا ،وارث بیگ،عائشہ عمراور پی ٹی آئی رہنما سمیرا احمد نے بھی ”خبریں “ چینل۵ اور نیا اخبار کے قارئین کو نئے سال کی مبارکباد دی۔

گرم آنڈے ،گرما گرم آنڈے”بڑے میاں“ جیل میں انڈے ابالنے لگے

لاہور (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے صحت مند زندگی کے طرز عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے گھر سے تازہ کھانے کی فراہمی کے باوجود اپنے کھانے پینے کی عام اشیاءمیں ذاتی دلچسپی لینا شروع کردی۔ کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز ازخود ناشتے میں انڈے ابال کر کھائے۔ خیال رہے کہ نواز شریف کو گھر کے کھانے کی سہولیت کے علاوہ ان کی بیرک میں چھوٹے موٹے کاموں کی انجام دہی کیلئے ایک مشقتی کی سہولت بھی دی گئی ہے تاہم گزشتہ روز ان کے ازخود اپنے ہاتھوں سے تازہ انڈے بال کر کھانے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ صحت مند زندگی گزارتے ہوئے اپنے کھانے پینے کے شوق پر آج بھ ی کسی افسردگی کو اثر انداز نہیں ہونے دے رہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 4 ججز کام کررہے ہیں، سارابوجھ ان پر ہے :جسٹس ثاقب نثار

لاہور:(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام ا?باد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کے معاملے پر ریمارکس دیے کہ حکومت چاہتی ہے عدلیہ مفلوج ہوجائے۔سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق خان سے مکالمہ کیا کہ حکومت کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے پر سفارشات بھیجی تھیں، نگران حکومت کے دور کی سفارشات پر کچھ نہیں کیا گیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے عدلیہ مفلوج ہو جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس وقت 4 ججز کام کررہے ہیں، کام کا سرا بوجھ ان ججز پر ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ ججز کی تعداد کیوں نہیں بڑھا رہے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو رکنی بینچ تشکیل نہیں دیا جا سکتا، ملک کی تمام ہائی کورٹس اہم ہیں مگر اسلام آبادہائی کورٹ میں بہت اہم کیسز ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کا معاملہ دیکھے ورنہ عدالت سوموٹو لے گی۔