آن لائن ٹیکسی سروس،کریم کو کسی دبنگ ہیکر نے ”کریم “ لگا دی ایک کروڑ 40لاکھ صارفین پریشان

لاہور( ویب ڈیسک) دبئی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس کریم کا ڈیٹا سائبر حملے کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا چوری ہو گیا۔کریم کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بلاگ میں بتایا گیا کہ رواں برس 14 جنوری کو ہمیں پتہ چلا کہ سائبر ملزمان نے ہمارے کمپوٹر سسٹمز تک رسائی حاصل کی جس میں صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا موجود تھا تاہم 14 جنوری کے بعد رجسٹرڈ ہونے والے صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوا۔بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور سفر کی تفصیلات چوری کر لی گئیں۔کریم ویب سائٹ کے بلاگ میں مزید کہا گیا کہ انتظامیہ نے اس معاملے میں کوئی فراڈ یا غلط استعمال نہیں دیکھا، اس لیے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سچائی کے ساتھ اس معاملے کو صارفین کے سامنے رکھیں اور مستقبل میں ا±ن کے ڈیٹا کی حفاظت کی ذمہ داری کی یقین دہانی کرائیں۔اماراتی میڈیا کے مطابق کریم کو سائبر حملے کا اس وقت پتہ چلا جب ہیکرز نے ان کے سسٹم پر ایک پیغام چھوڑا۔کریم کی جانب سے اس حملے کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔

 

غیرت کا سوال ہے بابا۔۔۔؟ پاکستانی نثراداٹالین دوشیزہ کا گجرات میں بہیمانہ قتل

گجرات(ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں ایک پاکستانی نڑاد اطالوی لڑکی ثناءچیمہ کو اس کے باپ، بھائی اور چچا نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا اور موت کو حادثہ قرار دے کر سپرد خاک کردیا۔پولیس کے مطابق 18 اپریل کو گاﺅں منگووال غربی میں پاکستانی نڑاد اٹلی کی شہری 26 سالہ ثناءچیمہ کی موت کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم اہلخانہ نے اسے حادثہ قرار دے کر لڑکی کو سپرد خاک کردیا تھا۔بعدازاں سوشل میڈیا اور اٹالین میڈیا پر یہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد کہ ثناءچیمہ کو قتل کیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) گجرات کے حکم پر تحقیقات شروع کردی گئیں۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد غلام مصطفیٰ اس کی شادی رشتے داروں میں کرنا چاہتے تھے، مگر ثناءچاہتی تھی کہ اس کی شادی اٹلی میں ہو۔پولیس کا کہنا ہے کہ غلام مصطفیٰ نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنے بیٹے عدنان مصطفیٰ اور بھائی مظہر اقبال کے ساتھ مل کر اپنی بیٹی کو تشدد کرکے قتل کردیا۔

 

ڈیرن سیمی از کمنگ بیک ان پاکستان،کرکٹ کے مداحوں کیلئے خوشخبری

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے ہر دلعزیز کپتان ڈیرن سیمی جلد ہی پاکستان آنے والے ہیں۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مداحوں کو آگاہ کیا کہ ڈیرن سیمی جلد پاکستان آرہے ہیں، جہاں وہ ’سالانہ زلمی ایکسیلینس ایوارڈز‘ تقریب میں شرکت کریں گے۔جاوید آفریدی نے مزید لکھا کہ ‘فرنچائز کرکٹ میں بہت کم کپتان ہیں، جنہیں ڈیرن سیمی جتنا پیار اور محبت ملتی ہے’۔سالانہ زلمی ایکسیلینس ایوارڈز کی تقریب اسلام آباد میں رواں ماہ 30 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔واضح رہے کہ ڈیرن سیمی کو کراچی کی بریانی سے لے کر پاکستان کی ثقافت کا ہر رنگ متاثر کرتا ہے، جس کا اظہار وہ اکثر ٹوئٹر پر کرتے رہتے ہیں۔

 

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل کا ایمنسٹی سکیم کیخلاف اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

کراچی (آئی این پی) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل نے ایمنسٹی سکیم کیخلاف اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا،ایمنسٹی سکیم پر کمیٹی نہ بنی تو اسمبلی کے اگلے سیشن میں سپیکرکواستعفا اور اپناستارہ امتیازاحتجاجاًپیش کردونگا،چیف جسٹس ایمنسٹی سکیم پر سوموٹو لیں۔۔پیر کو تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ایم اے این خواجہ سہیل نے ایمنسٹی سکیم کیخلاف اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ انہیں نے کہا کہ ایوان میں طے ہوا تھا کہ ایمنسٹی سکیم پر کمیٹی تشکیل دی جائے گی،تاحال سپیکر نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ کمیٹی نہ بنی تو اسمبلی کے اگلے سیشن میں سپیکرکواستعفا اور اپناستارہ امتیازاحتجاجاًپیش کردونگا۔خواجہ سہیل کا کہناتھا کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ زیادتی پرخاموش نہیں رہوں گا،ایوان جانے،وزیراعظم جانیں اور یہ حکومت جانے،اب اس اسمبلی میں ہم جیسے ٹیکس دہندگان کا کام نہیں۔ ملک اور عوام کےلئے قربانی دینے کو تیار ہوں،چیف جسٹس ایمنسٹی سکیم پر سوموٹو لیں۔

 

سابق اولمپئن منصور احمد کو دل کا عارضہ علاج کیلئے بھارت سے اپیل

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اور اولپمئن منصور احمد نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کا علاج کیا جائے۔پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد کافی عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور کراچی میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ دل کی پیوند کاری سے ان کی حالت میں بہتری آ سکتی ہے اور یہ علاج اس وقت بھارت میں کامیابی سے ہو رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق منصور احمد نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ویزے اور علاج کے سلسلے میں انسانی ہمدردی پر غور کریں۔ انھوں نے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں انہیں بہتر علاج معالجہ کی ضرورت ہے جو اس وقت انڈیا میں ممکن ہے۔یاد رہے کہ منصور احمد کی شاندار گول کیپنگ نے 1994ء میں پاکستان کو سڈنی میں عالمی کپ جتوایا تھا۔ اسی سال ان کی گول کیپنگ نے پاکستان کو لاہور میں چیمپیئنز ٹرافی جتوانے میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔

 

فارمولا فلموں کے بجائے نئے تجربات کئے جائے

لاہور(شوبز ڈیسک)سپرماڈل اوراداکارہ طوبی صدیقی نے کہا ہے کہ فلموں میں کام توکرنا چاہتی ہوں لیکن مجھے صرف وہی کام کرنا ہے، جومعمول سے ہٹ کرہو اوراس کے ذریعے مجھے ایک الگ شناخت ملے۔ایک سوال کے جواب میں طوبی صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں اچھی اورمعیاری فلمیں پروڈیوس کی جارہی ہیں لیکن تاحال ان کومزید بہتربنانے کی ضرورت ہے۔ یہ سلسلہ فوری تو نہیں مگروقت کے ساتھ ساتھ بہترہوسکتا ہے مگراس کیلئے سب سے ضروری بات یہ ہے کہ ایک ہی طرز کی فارمولا فلموں کے بجائے کچھ ایسے تجربات کا کرنا بے حدضروری ہے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ہیروز کے ساتھ ہمارے معاشرے کی ایسی بہت سی کہانیاں ہیں، جن کو آج تک نہیں چھیڑا گیا، ان پرکام کیا جائے تویقینا پاکستانی سینما دنیا بھرمیں اپنی منفردپہچان بناسکتا ہے۔

 

سپریم کورٹ کی نوازشریف کو قانون کے مطابق سکیورٹی دینے کی ہدایت

اسلام آباد(اے این این ) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو قانون کے مطابق سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔پیر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں غیر متعلقہ افراد کی سیکیورٹی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے حکم دیا کہ جن لوگوں کو جان کا خطرہ ہے ان سے سیکیورٹی واپس نہ لی جائے اور تمام صوبے سیکیورٹی فراہمی کا فارمولا ایک ہفتے میں طے کرلیں۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ جن افراد کے نام وزارت داخلہ نے دیئے ہیں ان کو سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ لوگوں کو سیکیورٹی واپس لینے پر اعتراض ہے، جس کی زندگی کو خطرہ ہے اس کو سیکیورٹی ملنی چاہیے، اس سے سیکورٹی واپس نہ لیں، کسی کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے، نواز شریف کو بطور سابق وزیراعظم سیکیورٹی ملی ہے، قانون کے مطابق نواز شریف کی جوسیکیورٹی بنتی ہے ملنی چاہیے، معلوم کریں اسفند یار ولی خان کو سیکیورٹی ملی؟۔چیف جسٹس نے کہا کہ پنجاب میں غیر متعلقہ افراد کو سیکیورٹی کا خرچہ ایک ارب 38 کروڑ بنتا ہے، سفید کپڑوں میں ملبوس افراد کو بھی سیکیورٹی پر مامور کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ تمام صوبے اپنے سیکیورٹی کے قوائد یا طریقہ کار بنا لیں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس نے ملک بھر میں غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا جس کے بعد خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آبادکے آئی جیز نے غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لے کر رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔

فنکار کو کسی بھی کیٹگری میں تقسیم کرنا درست نہیں

لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ وماڈل مومل شیخ نے کہا ہے کہ جس طرح فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اسی طرح سچے فنکاروں کوفلم اورٹی وی کی کیٹگری میں تقسیم کرنا درست نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مومل شیخ نے کہاکہ ایک نوجوان جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تواس کے کچھ ٹارگٹ ہوتے ہیں اورآگے بڑھنے کے لیے ایک طریقہ کاربھی اس کے ساتھ ہوتا ہے۔ جس کے تحت وہ کام کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنواتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں جب ایک فنکارکسی ٹی وی ڈرامہ میں مقبول ہوجائے توپھر اس کوٹی وی تک ہی محدود رہنے دیا جاتا ہے۔مومل شیخ نے کہا کہ اسی طرح فلم انڈسٹری میں کسی کواچھا مقام مل جائے توپھروہ ٹی وی پرکام کرنے سے گریز کرتا ہے۔ جس کی وجہ اس کے اسٹارڈم میں کمی مانا جاتا ہے۔مگرمیرے نزدیک شوبزمیں حد بندی کوئی درست عمل نہیں ہے۔ ایک فنکارکوفنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے۔ بلاشبہ فلم ایک بڑا اورمقبول میڈیم ہے لیکن لوگوںکی بڑی تعداد ٹی وی ڈرامے دیکھتی اورانہی سے انٹرٹین ہوتی ہے۔ اس لیے اب وہ دورنہیں رہا جب ایک مقبول فنکارکسی ایک میڈیم تک خود کومحدود رکھ لے۔اداکارہ نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کے سپراسٹارز شاہ رخ، سلمان خان اورامیتابھ کے علاوہ بہت سے اب توفلموں کے ساتھ ٹی وی پربھی خوب کام کررہے ہیں۔ اگرٹی وی پرکام کرنے سے ان کی شہرت اورمقبولیت میں کوئی کمی آتی تویہ مقبول فنکارکبھی بھی ٹی وی پرکام کرنے کوترجیح نہ دیتے۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ اب وقت بدل چکا ہے اورہمیں اپنی سوچ کوبدلنے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں مومل نے کہا کہ میں نے فیشن انڈسٹری میں کام کے ساتھ ٹی وی ، فلم میں ایکٹنگ کی اوربطورمیزبان بھی اپنی صلاحیتوں کومنوایا۔ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکارمیں اگرٹیلنٹ ہے تواس کوضرورتمام شعبوں میں قسمت آزمانی چاہیے۔

 

امریکہ پابندیاں نہیں ہٹاتا تو ہم بھی نہیں ہٹائیں گے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی دفاعی اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت پر پاکستان اور امریکا میں پیدا ہونے والا تناو¿ کم نہ ہو سکا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا دور ناکام رہا۔ دونوں ممالک سفارتکاروں پر عائد پابندیاں نہ ہٹانے پر بضد ہیں۔ ٹریفک حادثے میں پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر پاکستان اپنے موقف پر ڈٹ گیا ہے اور اس حوالے سے قائم مقام نائب امریکی وزیرِ خارجہ ایلس ویلز کو دو ٹوک پیغام دیدیا گیا ہے۔ اس وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تناو¿ برقرار ہے۔ دونوں ممالک نے سفارتکاروں پر عائد پابندیاں ہٹانے سے ریز کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے قائم مقام نائب امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز سے ملاقات میں اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ویانا کنونشن اور ملکی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ پاکستان نے امریکی سفارت کاروں کی نقل و حرکت سے متعلق سکیورٹی وجوہات سے آگاہ کیا جبکہ امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں پر سفری پابندیاں نہ لگانے کا مطالبہ کیا۔نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق مذاکرات کے باوجود پاک امریکا تناو¿ میں کوئی کمی نہیں آ سکی ہے۔ دونوں ممالک سفارت کاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ تناو¿ کے خاتمے کے حوالے سے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام نائب امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز نے اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال سمیت پاک امریکا تعلقات میں تناو¿ پر بات چیت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں امریکی دفاعی اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی شہری کی ہلاکت کے معاملے پر غور سمیت پاکستان پر سفارتی حدود و قیود عائد کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

 

رشی کپورنے ایک بار پھر ٹویٹر جوائن کر لیا

ممبئی (شوبزڈیسک) بالی وڈاداکار رشی کپور نے ایک بار پھر ٹویٹر جوائن کر لیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رشی کپور نے حال ہی میں ٹویٹر اکاونٹ پر مداحوں کو واپسی کی اطلاع ہیلو کے ٹویٹ سے دی ، رشی کپور کا کہنا ہے کہ وہ 23 روز بعد ٹویٹر پر واپس آئے ہیں اس دوران انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والی متنازعہ باتوں کو کافی یاد کیاہے۔واضح رہے کہ رشی کپورنے ایک پوسٹ پر ہونے والی بحث کے بعد ٹویٹر اکاونٹ استعمال کرنا چھوڑدیا تھا حالانکہ وہ ٹویٹر پر کافی فعال رہنے والے اداکار ہیں۔ رشی کپور ان دنوں امیتابھ بچن کے ساتھ فلم 102ناٹ آﺅٹ کی عکسبندی میں مصروف ہیں جس میں وہ امیتابھ بچن کے بیٹے کا کردارادا کر رہے ہیں، فلم رواں سال 4 مئی کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔