جنسی ہراسگی:ابرارالحق نے خاتون صحافی کے الزامات مسترد کردئیے

لاہور (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما گلوکار ابرارالحق نے خاتون صحافی کےجنسی ہراسگی کے الزامات مسترد کردئیے۔ صباحت زکریا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ”مجھے یاد ہے کہ تقریباً 30 سالہ ابرار الحق کا میری ایک دوست کیساتھ اس وقت تعلق تھا جب وہ 16 سال کی تھی، ابرارالحق نے مسلسل شادی کے وعدوں کے ذریعے اس کا جنسی استحصال کیا۔ یہ وہ دن تھے جب ہمیں یہ معلوم نہیں تھا کہ نابالغی کیا ہے اور یہ سب کچھ مردوں کا معمول سمجھتے ہوئے قبول کر لیا۔“

 

پاکستانی ملکہ حسن کی بے باک تصویر پر مداحوں کی تنقید

نیویارک(شوبز ڈیسک ) دو سال قبل بہت سے پاکستانیوں نے انزیلکا طاہر نامی پاکستانی نژاد لڑکی کا نام پہلی بار اس وقت سنا جب انہوں نے مس ارتھ 2016 کے مقابلہ حسن میں پاکستان کی نمائندہ بن کر شمولیت کی اس وقت سے ہی اکثر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ان سے ناخوش تھے۔تاہم اب انہوں نے ایک اور ایسا کام کر دیا ہے کہ ایک بار پھر تنقید کی توپوں کا رخ ان کی جانب ہوگیا ہے۔ ایک ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے انٹرنیٹ پر اپنی تازہ ترین تصویر پوسٹ کی جس میں وہ کچھ زیادہ ہی قابل اعتراض لباس پہنے ہوئے نظر آئی ہیں جس پر اکثر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اسے برداشت نہیں کر پائے اور انہیں بدترین القابات سے نواز رہے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں ان کے ایسے بے شمار پرستار بھی موجود ہیں جو ان کی تعریف کر رہے ہیں اور مزید ایسی تصاویر پوسٹ کرنے کیلئے حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں۔

 

فلم کی کامیابی کےلئے معیاری سکرپٹ ہونا لازمی ہے

لاہور (شوبزڈیسک) نامور ادا کارہ صائمہ نور نے کہا ہے کہ کسی بھی فلم کی کامیابی کےلئے سکرپٹ کا اچھا اور معیاری ہونا لازمی ہے، ماضی کی سپر ہٹ فلمیں اور ٹی وی ڈرامہ کی کامیابی کی بڑی وجہ یہی تھی کہ انکے موضوعات انتہائی عمدہ اور معیاری تھے اور ان پر کام کرنے والے افراد بڑے صلاحیت اور پروفیشنل لوگ تھے اسی وجہ سے وہ فلمیں آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اچھی اور اصلاحی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں، اب فلمسازوں کا کام ہے کہ وہ عوام کے ذہن اور زوق کے مطابق فلمیں بنائیں تاکہ ناراض فلم بینوں کو دوبارہ سینما گھروں میں واپس لایا جا سکے اور فلم انڈسٹری دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو سکے ۔

 

پہلے پی پی پھر پی ٹی آئی ،فردوس کی اب ” ن “ پر نظریں

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) پاکستان پیپلز پارٹی سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والی خاتون رہنما فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ ن لیگ میں شمولیت کی خواہشمند ہیں ۔مقامی نیوز ویب پورٹل کے مطابق فردوس عاشق اعوان کو پی ٹی آئی میں وہ پذیرائی نہیں مل سکی جس کی انہیں توقع تھی۔ فردوس عاشق اعوان پی ٹی آئی کے منظرنامے سے بھی غائب ہیں۔ انہوں نے پارٹی کی تقریبات میں بھی شرکت کرنا چھوڑ دیا ہے جس کے بعد اب یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دبنگ خاتون سیاستدان فردوس عاشق اعوان حکومتی جماعت مسلم لیگ ن میں شامل ہو جائیں گی ان کی اپنی خواہش بھی یہی ہے ۔

 

بھارت میں 12 سال سے کم عمر بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت دینے کا قانون نافذ

نئی دلی(ویب ڈیسک) بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے 12 سال سے کم عمر بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت دینے کے آرڈیننس پر دستخط کردیے جس کے بعد یہ قانون کی حیثیت اختیار کرگیا۔ بھارتی کابینہ نے گزشتہ روز 12 سال سے کم عمر بچوں یا بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو سزائے موت دینے سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دی تھی جس پر آج صدر نے دستخط کردیے۔ بھارتی کابینہ کی جانب سے اس قانون کو ‘کرمنل لاء آرڈیننسس 2018’ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت نئی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو بچوں سے زیادتی کے کیسز پر جلد فیصلے سنائیں گی۔نئے قانون کے مطابق تمام پولیس اسٹیشنز اور اسپتالوں میں اسپیشل فرانزک کٹ اور دیگر ضروری چیزیں فراہم کی جائیں گی۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کی منظوری کے بعد اب 12 سال سے کم عمر بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرم کو سزا موت دی جائے گی جب کہ خاتون سے زیادتی کرنے والوں کی کم سے کم سزا 7 سال سے بڑھا کر 10 سال کردی گئی، جسے عمر قید تک بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 16 سال یا اس سے کم عمر بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرموں کے لئے بھی سزا 10 سال سے بڑھا کر 20 سال کردی گئی جسے عمر قید تک بھی لے جایا جاسکتا ہے۔نئے قانون کے تحت عدالتوں کو کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز کا 2 ماہ میں فیصلہ کرنا ہوگا جب کہ اپیلوں کو بھی 6 ماہ کے عرصے کے دوران نمٹانا ہوگا۔کرمنل لاء آرڈیننسس 2018 کے تحت 16 سال یا اس سے کم عمر بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرم کو ضمانت بھی نہیں مل سکے گی۔

شاہد آفریدی کا خطاب روکنے کیلئے سرینگر میں انٹرنیٹ بند

لاہور (ویب ڈیسک)سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کی جامع مسجد میں ٹیلی فونک خطاب کرنا تھا۔بھارتی میڈیاکے مطابق اس موقع پر انتظامیہ نے شہر میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی تھی تاکہ آفریدی کے خطاب کو بڑے پیمانے پر نہ سنا جا سکے یوشاہد آفریدی نے پچھلے دنوں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی تھی جس پر انہیں بھارتی کھلاڑیوں کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھاتاہم شاہدآفریدی اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔

 

اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ باہر سے سفارشوں پر بھرتیاں کی جاتی ہیں جسے نظر انداز نہیں کرسکتے جب کہ عدالت نے اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے چھٹی کے روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بے ضابطگیوں کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور پی آئی سی کے سربراہ ندیم حیات ملک سمیت دیگر پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ دہری شہریت رکھنے والے کو کیسے اوورسیز کمشنر اور پی آئی سی میں لگایا گیا، چیف جسٹس پاکستان نے اوورسیز کمشنر سے استفسار کیا کہ ‘تمہاری کتنی تخواہ ہے’ جس پر افضال بھٹی نے بتایا کہ میری تنخواہ ساڑھے 5 لاکھ روپے ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ صوبے کا چیف سیکرٹری ایک لاکھ 80 ہزار لے رہا ہے، تمہیں سرخاب کے پر لگے ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی مداخلت پر سرزنش کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ باہر سے سفارشوں پر بھرتیاں کی جاتی ہیں جسے نظر انداز نہیں کرسکتے اور یہ قاضی اتنا کمزور نہیں، معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ معاملہ نیب کو بھجواتے ہیں سب سامنے آجائے گا اور جو بھی ذمہ دار ہوگا اُسے چھوڑیں گے نہیں۔چیف جسٹس نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘خواجہ صاحب آپ کے ہوتے ہوئے یہ سب کیسے ہوگیا، دل کرتا ہے وزیراعلیٰ کو بلا کر ساری کارروائی دکھاؤں۔معزز جج نے مزید کہا کہ خواجہ سلمان جو کچھ محکمہ صحت میں ہو رہا ہے، نوٹ کرتے جائیں، یہی آپ کے خلاف چارج شیٹ بنے گی۔عدالت نے اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب، ممبر بورڈ پی آئی سی افضال بھٹی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کو معاملے کی انکوائری کے لیے طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ معاملے کی تہہ تک جائیں گے اسی لئے نیب کو بھجوایا جارہا ہے جب کہ 28 اپریل کو تمام متعلقہ حکام کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے میرٹ کے برعکس سرکاری یونیورسٹیز کے متعدد وائس چانسلرز کو استعفے دینے کی ہدایت کرتے ہوئے نئی سرچ کمیٹیاں قائم کر کے وائس چانسلرز کی جلد تعیناتیاں کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

تربیتی کیمپ میں فاسٹ باﺅلرمحمدعامرانجری کاشکار

لندن (آن لائن )دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کے تیسرے روز فاسٹ بالر محمد عامر زخمی ہونے کے باعث کیمپ میں شریک نہ ہو سکے۔ٹریننگ کے تیسرے روز بھی لاہور میں موسم بہتر رہا اور ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ پریکٹس کی،جس کے بعدکھلاڑیوں نے اپنی بیٹنگ خامیوں پرقابو پانے کےلئے مشقیں کیں۔دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کا آج آخری روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا کھلاڑی بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں میں بہتری کیلئے خوب ٹریننگ کریں گے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم 22 اپریل کی شب انگلینڈ روانہ ہوگی، گرین کیپس آئر لینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی اور اس کے بعد 24 مئی اور یکم جون سے انگلینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔

سہواگ نے مجھے ٹیم کیلئے خرید کر آئی پی ایل کو بچا لیا

موہالی(آن لائن )ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور 21 سنچریاں بنانےوالے کرس گیل کنگز الیون پنجاب کے ٹیم ڈائریکٹر وریندر سہواگ کے شکرگزار ہیںجنہوں نے ان کو نیلامی کے دوران آخری لمحات میں ٹیم کیلئے خرید کر آئی پی ایل کو بچا لیا۔11ویں ایڈیشن کے اولین سنچری میکر آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران2 مرتبہ بولی نہ لگنے پر کسی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے لیکن دو مسلسل میچز میں مرد میدان کا ایوارڈ لے کر انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔کرس گیل کے مطابق انہیں نیلامی میں نظر انداز کئے جانے کا کوئی دکھ نہیں ہوا بلکہ وہ ثابت قدم رہے اور لوگوں کی اس بات سے متفق نہیں کہ انہیں خود کو ثابت کرنا ہے۔ جارحانہ بیٹسمین کے مطابق وہ خود کو ہر سطح پر ثابت کر چکے جس کا ثبوت ان کی کارکردگی

 

انگلینڈسیریزمیں جوروٹ میرااصل ہدف

لاہور(صباح نیوز)پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ انگلینڈ کےخلاف سیریز میں ان کا ہدف انگلش کپتان جوروٹ ہوں گے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز بہت سخت ہوگی،تمام کھلاڑیوں کو اپنا اپنا رول ادا کرنا ہو گا ۔پاکستان کی جیت میں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنانے والے پاکستانی پیسر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں دورہ انگلینڈ کےلئے کافی ایکسائیٹڈ ہوں۔پاکستانی گلین مک گرا کے نام سے مشہور محمد عباس ان دنوں انگلینڈ میں کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بھرپور پریکٹس کررہے ہیں،کاونٹی کی وجہ سے انگلش کنڈیشنز سے بھی کافی اچھی ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے۔انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان 24 مئی سے کھیلے گا۔