کلبھوشن کو پھانسی ، بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں تازہ جواب جمع کرادیا

نئی دہلی(این این آئی) بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کے حاضر سروس آفیسر کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں تازہ جواب جمع کرادیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں23جنوری2018کوہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے دونوں ممالک پاکستان اور بھارت کو جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔ پاکستان اپنا جواب17 جولائی2018 تک جمع کرائے گا۔کلبھوشن کو 3 مارچ 2016 کو پاکستان کے حساس اداروں نے بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا تھا،جس نے اعتراف کیا تھا کہ اسے 2013 میں خفیہ ایجنسی ‘”را“ میں شامل کیا گیا ،وہ اس وقت بھی بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپریل2017میں سزائے موت سنا دی گئی۔کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے فیصلے کیخلاف بھارت 8مئی 2017کو عالمی عدالت انصاف جا پہنچا ،18 مئی کو عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں پاکستان کو ہدایت کی کہ مقدمے کا حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن یادیو کو پھانسی نہ دی جائے۔

 

سجل علی کاسابق دوست فیروز خان کوکرارا جواب دینے کا فیصلہ

لاہور(شوبزڈیسک)نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی نے اپنے سابق دوست فیروز خان کو جواب دینے کیلئے عنقریب شادی کرنے والی ہیں ۔سجل علی کی شادی کے بارے میں ذرائع نے بتایا ہے ہ سجل علی یہ شادی اپنے سابقہ دوست فیروزخان و جواب دینے ے لئے کررہی ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ نہایت دھوم دھام سے اپنی بہنوں اور والدہ کی پسند سے علیزے فاطمہ سے شادی کی تھی جس میں سجل علی کی فیملی میں سے کسی کو بھی مدعو نہیںکیا گیا تھا کیونکہ دونوں فیملیزکے درمیان دوسال سے کسی طرح کاکوئی بھی رابطہ نہیں ہے۔یاد رہے کہ چند سال پہلے سجل علی اور فیروز خان کی دوستی مثالی سمجھی جاتی تھی اور دونوں شادی کے خواہش مند بھی تھے۔ یہی نہیں فیروزکی بڑی بہن معروف اداکارہ حمائمہ ملک تو اثر مقامات پر سجل کو بھابھی کہہ کر تعارف کرواتی رہی ہیں ۔ لیکن کئی وجوہات کی بنا پر ان دونوںکے راستے جدا ہوگئے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سجل علی کی دوستی ان دنوں ایک مشہور شخصیت کے ساتھ ہے اور وہ دونوں عنقریب شادی کرلیں گے۔

 

بابر نے دورہ انگلینڈ کو ےادگار بنانے کی ٹھان لی

لاہور(آن لائن)قومی مڈل آرڈربلے باز بابراعظم نے کہاہے کہ دورہ انگلینڈمشکل ضرورہے مگر ٹیم اپنا بہتر کھیل دکھائے گی اورفتح نام کرے گی،میں ٹیسٹ میچز میں ابھی تک اچھا پرفارم نہیں کرسکاہوں۔انگلش ٹورکے دوران کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی کی بدولت ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔مصباح اوریونس کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا اس کو کم کیا جائے ۔ کوشش ہوگی وکٹ پرزیادہ دیر تک ٹھہر کر رنزکروں۔ حالیہ برسوں میں پاکستان کی نماندگی کرنےوالے بلے بازوں میں بابراعظم سب سے بہترین دکھائی دیتے ہیں جومحض دس ہفتوں کے دوران دو بار ٹی ٹونٹی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پاچکے ہیں جبکہ ون ڈے رینکنگ میں پانچ بہترین بلے بازوں میں شامل ہیں۔بابر اعظم کی محدود اوورزکے دونوں فارمیٹس میں کاکردگی کا تسلسل تو برقرار ہے تاہم حیران کن طورپر وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔گزشتہ ٹیسٹ کیلنڈرایئر کے دوراان چھ ٹیسٹ میچوں کی 12اننگزمیں بابر اعظم 16.72کی معمولی اوسط سے صرف 184رنزبناسکے ہیں جن میں صرف دوففٹیاں شامل ہیں ،5اننگزمیں تو وہ کوئی رن بنائے بغیر ہی آ¶ٹ ہوگئے تھے۔40 ون ڈے اننگزمیں 7سنچریاں بنانے والے بابراعظم اب تک کیریئرکے گیارہ ٹیسٹ میچوں کی 22اننگز میں سنچری سے محروم ہیں اور دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ ان کے ٹیسٹ کیریئر کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔واضح رہے کہ بابر اعظم کا فرسٹ کلاس ریکارڈ بھی زیاد ہ اچھا نہیں ہے اور 23سالہ بلے باز اب تک40فرسٹ کلاس میچز میں 34.29کی اوسط سے 2092رنز سکور کرسکے ہیں جن میں صرف 2سنچریاں اور14نصف سنچریاں شامل ہیں۔

چودھری نثار کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے پارٹی قیاد ت کوخبردارکیاہے کہ اگر ان کیخلاف پارٹی کے بعض سرکردہ رہنماوں کی مبینہ سرپرستی میں منفی مہم کاسلسلہ نہ روکاتووہ عام انتخابات میں آزادحیثیت سے حصہ لیں گے۔نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیاہے کہ ن لیگ کے قابل اعتماد رہنماوں کے ساتھ بات چیت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سابق وزیرداخلہ مریم نواز سے ان کی کشیدگی کے حوالے سے پارٹی قائدنوازشریف کے کردار سے ناخوش ہیں۔اطلاعات کے مطابق نوازشریف اپنی صاحبزادی کا ساتھ دے رہے ہیں اور چوہدری نثارکے ساتھ دوریاں ختم کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ پارٹی صدراور پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف سے لاہورمیں حالیہ ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے یہ پیغام دیاکہ اگر سینئر قیادت کی ان پر تنقید کا سلسلہ جاری رہا تووہ پارٹی ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑیں گے جب کہ مریم نواز کے اس بیان نے کہ پارٹی چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی جلتی پر تیل کا کام کیا۔ اگرچہ وزیراعلی پنجاب کے کہنے پر چوہدری نثار نے خاموشی اختیار کی اور پارٹی پالیسیوں پر تنقید سے گریز کیا تاہم مریم نواز کے بیان کا بھرپور جواب دیا۔

 

 

سرفراز کی اپنی بھتیجی کی جان بچانے کے لیے جگرکے عطیے کی اپیل

لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی بھتیجی کے جگر نے کام کرنا چھوڑدیا ہے اور اس بچی کو جگر عطیہ کرنیو الے کی فوری ضرورت ہے ۔ سرفراز احمد نے دنیا بھرمیں پھیلے پاکستانیوں سے اپنی بھتیجی کی جان بچانے کے لیے جگرکے عطیے کی دردمندانہ اپیل کی ہے۔وکٹ کیپر کپتان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پراپنی بھتیجی آئزہ کے حوالے سے بتایا کہ اس کی ایک سرجری ہوچکی ہے اور اسے فوری طور پر جگر عطیہ کرنے والے کی اشد ضرورت ہے۔اپنے پیغام میں انہوںنے کہا میری یہ اپیل سب سے ہے اور وہ اپنی بھتیجی کی ضرورت پوری ہونے پر تعاون کرنے والے کے بیحدشکرگزار ہوں گے ۔ان کاکہناتھا کہ وہ اپنی بھتیجی کی طرف سے یہ اپیل کررہے جس کی بیماری سے لڑنے کی ہمت ہماری طاقت ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر فولوئرز سے اس پیغام کوزیادہ سے زیادہ پھیلانے کی بھی اپیل کی تاکہ بچی کو جلد از جلد جگر عطیہ کرنے والا مل جائے۔

 

کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

ممبئی (اے پی پی ) بھارتی بلے باز ویرات کوہلی انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے، انہوں نے رواں آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کےخلاف کھیلے گئے میچ میں 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آئی پی ایل میں زیادہ رنز بنانے کا چنائی سپر کنگز کے بلے باز سریش رائنا کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔، رائنا نے 4558 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کوہلی نے 4619 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 4 شاندار سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

 

’پروفیسر‘باﺅلنگ ٹیسٹ میں پاس ہونے کےلئے پرامید

لندن(آئی این پی)ٹیسٹ کرکٹ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو میکنگ ٹیسٹ ایک بار پھر ہوگیا،قومی کرکٹر پر امید ہیں کہ اس بار ایکشن کلیئر ہو جائے گا۔آئی سی سی کی نامزد لفبرا یونیورسٹی میں قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کی گیندین ریکارڈ کی گئیں جن کا نتیجہ 14 روز میں سامنے آئے گا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کی لیب میں ٹیسٹ کرکٹر سے 3 اوورز کرائے گئے اور ان کی ہر گیند کا ریکارڈ کیمروں میں محفوظ رکھا گیا۔محمد حفیظ بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے بعد جمعے تک وطن لوٹیں گے، آل راﺅنڈر کا بولنگ ایکشن پہلی بار2005 میں رپورٹ ہوا تھا۔نومبر 2014 میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں دوسری بار وہ شک کی زد میں آئے، اپریل 2015 میں کلیئرنس کے 2 ماہ بعد ہی گال ٹیسٹ میں دوبارہ ایکشن رپورٹ ہوگیا۔یوں ایک سال کی پابندی لگ گئی، مدت پوری ہونے کے بعد گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز میں ایک بار پھر ان کا ایکشن رپورٹ ہوا، آل راﺅنڈر کا اسٹیٹس چھننے کے بعد حفیظ ٹیم کے غیر مستقل رکن بن گئے۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر واضح طور پر کہہ چکے کہ بولنگ کے بغیر ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، آئی سی سی کی جانب سے حفیظ کا ایکشن کلیئر ہونے یا نہ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

انگلینڈ ٹور کے لیے باصلاحیت سکواڈ منتحب کیا

لاہور(آئی این پی)قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈاورآئرلینڈکےلئے باصلاحیت ٹیم منتخب کی۔انگلش کنڈیشنزکومدنظررکھ کر ٹیسٹ سکواڈفائنل کیا۔ذاتی پسندناپسندپرکسی کوڈراپ نہیں کیا۔مطلوبہ فارمیٹ کےلئے درکار کھلاڑیوں کو ہی اپنی ترجیح بنایاجائے گا۔ یہ تاثر غلط ہے کہ میں وہاب ریاض یا فواد عالم کے خلاف ہوں، بعض فیصلے سخت ضرور دکھائی دیتے ہیں لیکن وقت آنے پر پتہ چلے گا کہ ہماری نیت کس قدر صاف ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں پر نہ دروازے بند ہوئے ہیں اور نہ ان کا کیریئر ختم ہوا ہے، اگلی سیریز میں یقینی طور پر فواد عالم اور وہاب ریاض کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں فواد عالم کو پاکستان ٹیم میں جگہ ملنے کے امکانات روشن ہیں، کیمپ کے خاتمے پر انہیں یہ کہہ کر گھر رخصت کیا گیا کہ وہ دلبرداشتہ نہ ہوں۔تاہم میڈیا اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ہونے والی تنقید نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام، ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کو بیک فٹ پر کر دیا ہے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں کئی نئے تجربات کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر اور ٹی ٹونٹی میں اوپننگ کرتے ہیں لیکن آئرلینڈ اور انگلینڈ میں انہیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کی تجویز ہے۔سب سے اہم اور مشکل ترین پوزیشن ون ڈان پر لیفٹ ہینڈ بیٹسمین حارث سہیل کھیلیں گے۔ حیران کن طور پر جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو بھی مڈل آرڈر میں پانچویں یا چھٹے نمبر پر آزمایا جائے گا اور انہیں ذمے داری دی جائے گی کہ وہ اٹیک کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں پاکستان ٹیم کی سلیکشن کرتے ہوئے فواد عالم ٹیم میں سلیکشن کے بہت قریب آگئے تھے لیکن پھر مکی آرتھر نے چوتھے اوپنر کے طور پر امام الحق کو پاکستان ٹیم میں شامل کرکے فواد عالم کی فائل بند کردی۔کپتان نے ٹیم میٹنگز میں فواد عالم کو ٹیم میں شامل کرنے پر زور دیا تھا لیکن مکی آرتھر اور چاروں سلیکٹرز پہلے امام الحق کو شامل کرنے کے حق میں تھے پھر سعد علی کو شامل کر کے فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت کا راستہ بند کردیا۔ انضمام الحق نے فواد عالم کیس میں ہونے والی تنقید پر اپنے دفاع میں کہا کہ فواد عالم ایک بہترین کرکٹر ہیں لیکن گزشتہ 3 سال کے دوران دیگر کھلاڑی فہرست میں ان سے آگے رہے۔ ہم نے انہیں نیٹ میں طلب کیا تھا لیکن سعد علی کو ان سے بہتر پایا، کپتان اور کوچنگ اسٹاف سے مشاورت کے بعد سعد علی کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم فواد کی بیٹنگ اوسط کو نظر انداز نہیں کر سکتے لیکن گزشتہ 3 سال کے دوران دیگر کھلاڑیوں نے ان سے زیادہ رنز اسکور کیے، فواد عالم کو منتخب نہ کرنے کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ انہیں اب منتخب نہیں کیا جائے گا۔

ترک صدر کا قبل از وقت ملک میں انتخابات کا اعلان

انقرہ (نیٹ نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کروانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق ترک صدر نے ملک میں قبل ازوقت عام انتخابات کا اعلان کردیا۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں پارلیمانی اورصدارتی انتخابات24 جون کو ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات وقت کی ضرورت ہے۔الیکشن میں جوبھی جیتے گا وہ پارلیمانی نظام کی بجائے صدارتی نظام کو مستحکم کرے گا۔ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ ایم ایچ پی پارٹی کے سربراہ ڈیولٹ بچیلی سے ہونے والی ملاقات کے بعد کیا جس میں انہوں نے قبل از وقت انتخابات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔طیب اردوان نے اس پارٹی کے ساتھ رسمی اتحاد بھی قائم کرلیا ہے جس کے بعد ان کی پارٹی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے لئے اس فیصلے کو روکنا بھی مشکل ہوجائے گا۔

قصور کے ن لیگی ایم این اے وسیم شیخ سمیت 45گرفتار

قصور(بیورورپورٹ)ن لیگ کی عدلیہ مخالف ریلی میں نازیبا الفاظ کا استعمال، مسلم لیگ نون کے ایم این اے وسیم اختر شیخ کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے وسیم اختر کو کشمیر چوک سے گرفتار کیا۔ انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے نون لیگی ایم این اے کے خلاف عدلیہ مخالف جلوس نکالنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ قصور پولیس نے عدلیہ اور دوسرے ریاستی اداروں کے خلاف احتجاجی جلوس نکالنے کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے اور مذکورہ اداروں کی ہرزہ سرائی کرنیوالے مسلم لیگ ن کے ایم این اے وسیم اختر شیخ ایم پی اے حاجی نعیم صفدر انصاری چیئرمین بلدیہ ایازاحمدخاں ،وائس چیئرمین احمد لطیف ،چیئرمین بیت المال ناصر محمود خاں،وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی قصور جمیل احمدخاں سمیت دیگر 80 لیگی رہنماﺅںاور کارکنوں کے خلاف دو علیحد ہ علیحدہ مقدمات درج کرکے ناصر محمودخاںاور جمیل احمد خاںسمیت پنتالیس افراد کو گرفتار کرلیا ہے قصور پولیس کی طرف سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ممبران اسمبلی اور دیگر لیگی کارکنان نے 13 اپریل کو ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میں ریاستی اداروں کے خلاف انتہائی تذلیل آمیز زبان استعمال کی گئی یہ لوگ نعرے بازی کرتے رہے اور انہوںنے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک کو بلاک کر دیا پولیس تھانہ اے ڈویژن نے ڈسٹرکٹ بار قصور کے سینئر وکیل میجر(ر)حبیب الرحمن کی مدعیت میں پہلی ایف آئی آر درج کی ہے جبکہ اپنے ایک اہلکارعبدالرشید کی ملکیت میں دوسری ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا ہے پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ مقدمات کے اندراج سے قبل ہی لیگی کارکنوں اور ممبران اسمبلی ،کونسلرز کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا بتایا گیا ہے کہ پولیس نے جمیل احمدخاںاور ناصرخاں کے گھروں پر چھاپوں کے دوران ان کے گھروں کے دروازے توڑ دیے اس امر کی اطلاع ملتے ہی دیگر لیگی کارکنان اور عہدادار زیر زمین چلے گئے پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ اے ڈویژن کے علاوہ ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیموںنے اب تک ن لیگ کے دو کونسلروں سمیت چالیس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے ڈی پی او قصور کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں مقدمات کا اندراج کیا ہے اور ضلع کے اندر قانون کی عمل داری کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا انہوںنے کہاکہ کسی شخص کو پاکستان کے اعلیٰ اداروں کی ہرزہ سرائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی ان لوگوںنے امن عامہ کی صورتحال کوخراب کرنے کی کوشش کی ہے انہوںنے سابق وزیر اعظم میاںمحمد نوازشریف کی حمایت میں جو ریلی نکالی اس میں چیف جسٹس آف پاکستان اور حکومتی اداروں کے خلاف سخت تنقید نعرے بازی اور گالم گلوچ کیا گیا جس پر مقدمہ نمبر 197/18بجرم 166/506/341/228/109/147/189ت پ درج رجسٹر ہوا جبکہ دوسرا مقدمہ198/18 برخلاف ایم این اے شیخ وسیم اختر، ایم پی اے نعیم صفدر انصاری،ناصر محمو د خاں چیئرمین بیت المال، جمیل خاں،ایاز خاں چیئرمین تحصیل کونسل قصور ودیگر 50/60کس نامعلوم افراد، شہری حبیب الرحمان کی طرف سے دی گئی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔