سلمان خان اپنے مداحوں کی محبت حوصلہ افزائی پر آبدیدہ ہوگئے

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار سلمان خان اپنے تمام مداحوں کی محبت، حوصلہ افزائی اور حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے جذبات سے مغلوب ہو کر آبدیدہ ہو گئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار سلمان خان نے ٹویٹر پر نایاب کالے ہرن کے غیر قانونی شکار پر رہائی پر اپنے تمام مداحوں کی محبت، حوصلہ افزائی اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ میرے سے محبت کرنے والوں نے میرا ساتھ دیا اور کبھی ناامید نہیں ہوئے جس پر ان کی محبت اور حمایتا پر شکرگزار ہوں جبکہ سلمان خان نے اپنے تمام پیاروں اور مداحوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اداکار سلمان خان فلم ”ریس 3“ میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گے۔

 

امریکی سفارت کار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ،کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس عامر فاروق نے کی، عتیق بیگ کے والد محمد ادریس وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے اورجنیوا کنونشن کے تحت کارروائی کرنے کی استدعا کر دی ۔گزشتہ روز اسلام ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے امریکی سفاتکار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے والد کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوط کیا جبکہ وکیل سے امریکی سفاتکار کا نام ای سی ایل میں نام ڈالنے کے حوالے سے قانونی نقطہ بھی پوچھ لیا جس کے جواب میں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کرنل جوزف ایک سفارتکار ہیں اور کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ جاں بحق جبکہ اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوا اور جنیوا کنونشن کے تحت کارروائی کی جائے۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے پریشر سے مقدمہ درج کر دیا لیکن تحقیقات مکمل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی لہذاعدالت پولیس کو شفاف تحقیقات کر کے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

ہم اڈیالہ‘ اٹک قلعہ اور کوٹ لکھپت جیل کے کورسز کر چکے ہیں: کیپٹن صفدر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اورسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن یٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے اہم مہمان پرویز مشرف بھی ہوسکتے ہیں۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے کیپٹن صفدر کی غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ اڈیالہ جیل کی صفائیاں ہو رہی ہیں، وہاں کوئی خاص مہمان جا رہا ہے؟۔ اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے جواب دیا کہ اہم مہمان جنرل پرویز مشرف بھی ہو سکتے ہیں، انہیں اب آنا چاہیے، جنرل مشرف 12 اکتوبر کو آئین توڑ کر چلے گئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اڈیالہ، اٹک قلعہ، کوٹ لکھپت، کراچی سارے کورسز کر گزرے ہیں، نئے کورس والے جنرل مشرف ہی ہیں، جن کے لیے صفائیاں ہو رہی ہیں۔

سرخ بتی پر نہ رکنے اور سبز پر نہ چلنے والی قومیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں

لاہور (کرائم رپورٹر) چیف ایڈیٹر روز نامہ خبریں اور سیمینار کے میزبان ضیاشاہد نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پولیس کی عزت احترام اور خدمت کرنے والے شہریوں کے بارے میں بھی ایک بہت ہی عجیب سی رائے قائم کرلی جاتی ہے جس کی مثال کچھ اس طرح سے ہے کہ ایک دفعہ خبریں گروپ کی جانب سے سڑکوں اور چوراہوں پر کھڑے ٹریفک اہلکاروں کیلئے دن میں مختلف اوقات میں ٹھنڈا شربت بنا کر انہیں پیش کرنے کا اقدام اُٹھایا گیا تو فلم و سٹیج کے معروف کامیڈین امان اللہ ایک مرتبہ میرے دفتر میں آئے اور مجھے پنجابی زبان میں کہنے لگے کہ ”پا جی ویگناں پالیاں جے“ یعنی کیا آپ نے ٹرانسپورٹ کا کاروبار شروع کر دیا ہے جس پر میں نے کہا کہ نہیں کیوں تو انہوں نے کہا کہ آج کل بڑا ٹریفک پولیس کی خدمت ہو رہی ہے اس لئے پوچھا ہے۔ انہوں نے سی ٹی او لاہور رائے اعجازکے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوبصورت اور خوش اخلاق انسان ہیں، ان کو تو پولیس میں ہونا ہی نہیں چاہیے تھا، اگر میں پروڈیوسر ہوتا تو ان کو اپنی فلم میں بطور ہیرو سلیکٹ کرتا جس پر سی سی پی او لاہور سمیت سٹیج پر بیٹھے تمام افسران اور حاضرین قہقہے لگا کر ہنس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ میں نے رائے اعجاز احمد سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تو یہ خود چل کر میرے دفتر میں آگئے کیونکہ یہ ہالینڈ، نیوزی لینڈ یا کسی اور ملک کے افسر نہیں ہیں یہ میرے وطن عزیز کے افسران ہیں اور میرا احترام کرتے ہیں اور میں بھی ان سے بے حد محبت کرتا ہوں۔ بطور صحافی اور سینئر سٹیزن میں ان کو ڈانٹوں گا بھی ، ان کی اصلاح بھی کروں گا ، محکمہ کی کمی بیشیوں کی بھی نشاندہی کر تا رہوں گا لیکن اس میں قطعی ہی یہ عنصر موجود نہیں ہے کہ مجھے اپنی پولیس فورس سے نفرت ہے یا میرا مقصد صرف تنقید برائے تنقید کرنا ہی ہے ۔انھوں بطور چیف ایڈیٹر روز نامہ خبریں اور سی پی این ای کے صدر کی حیثیت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہدا کی کوئی بھی تشہیر بلا معاوضہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل بھی مجھے ایک اشتہار محکمہ پولیس کی جانب سے مجھے موصول ہوا جو کہ پولیس کے شہدا کے حوالے سے تھا جس پر میں نے فوراً ڈی پی آر ٹو آئی جی پنجاب سید نایاب حیدر کو فون کر کے کہا کہ کوئی خدا کا خوف کریں ،میرے پاس ایک اشتہار آیا ہے کہ شہدا کی کوئی تقریب ہورہی ہے اور آپ ایک اشتہاری ایجنسی کے ذریعے اس کو اخبارات میں پرنٹ کروانا چاہتے ہیں ۔ آپ فوراً اس اشتہار کو واپس لیں۔میں کسی بہت امیر ترین ادارے کا مالک تو نہیں ہوں لیکن میں نے کبھی اس طرح کے اشتہارات نہیں لئے ۔ اس طرح کی تقریبات کے حوالے سے جتنے بھی اشتہارات ہوں گے وہ بالکل مفت شائع کیئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ متعدد سابق آئی جیز پنجاب سمیت اہم پولیس افسران کے ساتھ میرا اچھا تعلق رہا ہے ۔چیف ایڈیٹر ضیاشاہد نے سابق آئی جی پنجاب احمد نسیم کے ساتھ ایک شہدا کی فیملیز کو میڈل دینے کی تقریب میںہونے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شہدا کے ورثاءکو میڈل دینے کے دوران ایک بڑی عمر کے بزرگ شخص نے میڈل لینے سے انکار کر تے ہوئے اور روتی ہوئی آواز میں کہا کہ مجھے یہ میڈل ، دولت اور کوئی بھی چیز نہیں چائیے ۔ میرا بیٹا پولیس والا تھا اور ڈاکوﺅں سے مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوگیا ہے جبکہ ملزمان تاحال علاقہ میں دندناتے پھررہے ہیں اور مجھے دیکھ کر قہقہے لگاتے ہیں اور انھوں نے مجھے کھلے عام دھمکی دے رکھی ہے کہ تمہارے باقی بچے بھی نہیں چھوڑیں گے ۔ یہ سامنے آئی جی صاحب بیٹھے ہیں اور آپ بھی ایک اخبار والے ہیں اگر مجھے دینا ہی ہے تو انصاف فراہم کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا کر میرے شہید بیٹے کی روح کو سکون پہنچائیں اور باقی اہل خانہ کو محفوظ کریں جس پرسابق آئی جی پنجاب احمد نسیم نے کہا کہ جو آپ تقاضہ کر رہے ہیں وہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں ہے لیکن پولیس نے فیصلہ کیا ہے شہید کے بچوں اور دیگر اہل خانہ کی حفاظت اور انکے اخراجات اور تعلیم وغیرہ کیلئے ہر ممکن اقدام کریگی اورشہید کے بچوں کو اس سے بھی بڑے عہدے پر بھرتی کر نے کیلئے کوششیں کی جائیں گی ۔ان کا کہناتھا کہ پولیس دہشتگردوں ، جرائم پیشہ افراد اور عوام کے درمیان ایک دیوار کی حیثیت رکھتی ہے ۔سانحہ قصور کا ذکر کرتے ہوئے ضیاشاہد کا کہنا تھا کہ زینب کے قاتل بہت پہلے ہی پولیس نے پکڑ لیا تھا لیکن مرگی کے دورے کا بہانا بنایا تو وہاں کے ایس ایچ او نے اسے فوراً رہا کر دیا جس پر جب ایس ایچ او سے چھوڑنے کی وجہ دریافت کی گئی تو اس نے کہا کہ جی اس کو مرگی کے دورے پڑتے ہےں سوچا کہ کہیں ہماری حراست میں ہی مرگیا تو ہمارے اُوپر کاروائی ہوگی اور پھر بعد میں وہی ننھی زینب سمیت 8بچیوں کا قاتل اور عصمت دری کا ملزم نکلا ۔انھوں نے کہا کہ سیاست ہویا پولیس ، میڈیا ہو یا عوامی حلقے ہر جگہ پر کالی بھیڑوں کی موجودگی ہمیشہ رہتی ہے ۔ انھوں نے سی سی پی او لاہور اور دیگر افسران کو مخاطب کرتے ہوئے پنجابی زبان میں کہا کہ “اسی اپنے اندرصفائی کرن دی کوشش کرنے آں ،پائی جی تسی اپنے اندر کرو”۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جو شہری سکون کی نیند سوتے ہیں اور صبح اُٹھ کر شہر میں ہونے والی وارداتوں اور واقعات کا ذکر کے پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ان کو بھی یہی سوچنا چاہیئے کہ پولیس ہی کی موجودگی کی وجہ سے لاکھوں کی عوام میں سے صرف درجنوں کے ساتھ کچھ نہ کچھ کرائم ہوا ہے ۔ان کے باوجود جب کسی نہ کسی تھانے کے آگے شہریوں کی جانب سے دادرسی کیلئے واویلا کرتے ہوئے دکھائی دینے والے بے بس اور مجبور چہرے دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس کے اُوپر تو صدر پاکستان سے لیکر آئی جی اور دیگر پولیس افسران موجود ہوتے ہیں لیکن اس بے بس شہری کے اُوپر صرف اور صرف اللہ تبارک و تعالی کی ذات بابرکت ہوتی ہے جس کی لاٹھی بے آواز ہے اورہمیں بھی کل کو اللہ کو جواب دہ ہونا ہے ۔میں نے پہلے بھی سی ٹی او لاہور رائے اعجاز سے کہا تھا کہ آپ اپنے طور پر اور میں اپنے اخبار سمیت دیگر سی پی این ای کے ممبر اخبارات میں ایک چھوٹے سائز کا پینل تشکیل دیتے ہیں تاکہ محکمہ پولیس بالخصوص شہدا کے حوالے سے سیمینار وغیرہ بلا معاوضہ منعقد ہوتے رہیں ، ہمیں پیسے نہیں چائیے ہمیں عدل ، انصاف اور قانون کی حکمرانی کا سیلاب چائیے ۔ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا ارشاد ہے کہ میرے بنائے ہوئے پاکستان میں غریب کیلئے چھت اور مظلوموں کیلئے انصاف نہیں ہے تو مجھے ایسا پاکستان نہیں چائیے جبکہ علامہ اقبال نے فرمایا تھا کہ (اٹھو میری دنیا کے غریبو ں کو جگا دو ۔ کاخِ امرا کے درو دیوار ہلا دو ۔جس کھیت کے دہقاں کو میسر نہیں روزی ۔ اس کھیت کے ہر خوشئہ گندم کو جلا دو)۔

 

انگلینڈٹور، قومی ٹیسٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

لاہور(آئی این پی)قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کیلئے کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک اضافی فاسٹ بالر کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آئر لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کےلئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکٹرز کے درمیان 16رکنی ٹیم پر اتفاق ہوگیا ہے ،لیگ سپنر یاسر شاہ کی عدم موجودگی میں بالنگ ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اضافی بالر کو سکواڈ میں شامل کرنے کا پلان بنایا گیا ہے ،محمد عامر ، حسن علی اور محمد عباس کا ٹیسٹ سکواڈ کے ساتھ انگلینڈ جانا یقینی ہے جبکہ راحت علی اور میر حمزہ کے لیے بھی ٹیسٹ ٹیم کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ ،ذرائع کے مطابق آل رانڈر فہیم اشرف چھٹے فاسٹ باﺅلر کی حیثیت سے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔\نوجوان ٹیسٹ اوپنر سمیع اسلم کی غیر متاثر کن فٹنس ان کی ٹیم میں سلیکشن کی راہ میں حائل ہو سکتی ہے اور اوول میں چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے فخر زمان اوپننگ پوزیشن کیلئے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں ،پی سی بی ذرائع کے مطابق فواد عالم کے لئے بھی کوئی اچھی خبرسامنے آنے کا امکان نہیں ہے۔

پاکستانی انتخابات کو فیس بک سے متاثر نہیں ہونے دینگے: مارک زکر برگ

نیویارک (این این آئی) فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عام انتخابات کو فیس بکسے متاثر نہیں ہونے دیں گے اور ان کی کمپنی کسی بھی طرح مداخلت کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گی۔ امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی انرجی اینڈ کامرس میں پیشی کے دوران مارک زکربرگ نے ایک بار پھر کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل اور امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے حوالے سے کہا کہ یہ میری غلطی ہے اور میں اس پر معافی مانگتا ہوں‘ میں نے یہ کمپنی شروع کی اور وہاں ہونے والے کاموں کا ذمہ دار میں ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 2018 فیس بک کےلئے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس برس پاکستان، بھارت اور دیگر کئی ممالک میں انتخابات ہونے والے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کی کمپنی اب کسی قسم کی مداخلت کےلئے استعمال نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جعلی اکاﺅنٹس کو ڈیلیٹ کررہے ہیں جبکہ ایسے پیجز اور اکاﺅنٹ کے خلاف بھی ایکشن لے رہے ہیں جو کہ انتخابی سرگرمیوں میں مداخلت کررہے ہیں، اسی طرح ہم نے سیکیورٹی اور مواد پر ریویو کےلئے بھی کام کررہے ہیں جس کےلئے عملے کی تعداد کو 15 سے بڑھا کر 20 ہزار کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ اب سے ہم سیاسی یا مسائل پر اشتہارات شائع کرنے کے خواہشمند ایڈورٹائزرز کو اتھارائزڈ ہونا ہوگا جس کےلئے انہیں اپنی شناخت اور لوکیشن کی تصدیق کرنا ہوگی۔

 

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو علیم خان کو بغیر وارنٹ گرفتار کرنے سے روک دیا

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان کو بغیر وارنٹ گرفتارکرنے سے روک دیا اور علیم خان کو نیب کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے علیم خان کہ درخواست پر سماعت کی جس میں کی جانب سے ایک ہی معاملے پر چوتھی بار چھان بین کو چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے کوارڈینیٹر مبشر جاوید نے علیم خان کے خلاف بے بنیاد درخواستیں دائر کیں جس پر لاہور ہائیکورٹ نے مبشر جاوید کی ج ایس ای سی پی میں دائر شکایات پر عمل درآمد کو معطل کر دیا. علیم خان کے وکیل نے بتایا کہ ریور ایج ہاﺅسنگ سوسائٹی سے متعلق نیب تین مرتبہ انکوائری بند کر چکا ہے لیکن اسپیکر قومی اسمبلی کے کہنے پر بے بنیاد درخواستیں درخواستیں دائر کر کے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

 

ساتھیوں کی سزاپر آسٹریلین ٹیم میں بے چینی پھیل گئی،

سڈنی(آئی این پی) گلین میکسویل نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزاں پر آسٹریلوی ٹیم میں بے چینی پھیل گئی۔گلین میکسویل نے کہا ہے کہ ساتھی کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ بال ٹیمپرنگ کیس میں ان تینوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا گیا۔، ان کے لیے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو ٹی وی پر روتا اور معافیاں مانگتے ہوئے دیکھنا بہت ہی مشکل تجربہ تھا۔آل رانڈر نے کہاکہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے یہ سب کچھ قبول کرنا بہت ہی مشکل اور سب ہی اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

نواز شریف چودھری نثار کو ٹکٹ دینگے یا نہیں یہ میرے اختیار میں نہیں

اسلام آباد (آئی این پی) احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے وقت سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نےکہا ہے کہ تمام جیتنے والے امیدواروں کی پہلی ترجیح ن لیگ ہی ہوتی ہے، خوشی ہے کہ کیس ہمارے حق میں ہو یامخالف لیکن سب رپورٹ ہو رہا ہے گزشتہ روز احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہ میاں نواز شریف چودھری نثار کو ٹکٹ دیں گے یا نہیں یہ میرے اختیار میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کا مستقبل اچھا ہے۔ خوشی ہے کہ کیس ہمارے حق میں ہو یامخالف لیکن سب رپورٹ ہو رہا ہے۔

 

چیف جسٹس نے چیچہ وطنی میں 8 سالہ کمسن بچی کے قتل کا ازخود نوٹس لے لیا

اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس میاں ثاقبنثار نے چیچہ وطنی میں آٹھ سالہ کمسن بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل پر از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے ۔چیف جسٹس نے چیچہ وطنی میں کمسن بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل پر از خود نوٹس لے لیا سپریم کورٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے از خود نوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا میڈیا رپورٹس کے مطابق چیچہ وطنی میں آٹھ سالہ کمسن بچی کو زیادتی کے بعد جلایا گیا بچی کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہو گئی اعلامیہ کےمطابق چیف جسٹس نے معاملے پر از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔