شیریں مزاری نے سپیکر قومی اسمبلی کو ”یار“کہنے کے بعد یوٹرن لے لیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق کو روانی میں”یار“کہہ گئیں جس کے بعد ایوان قہقوں سے گونج اٹھا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ماحول اس وقت دلچسپ ہوگیا جب رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری نے روانی میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ”یار“کہہ دیا۔ جسے سن کر ایاز صادق سمیت ایوان میں موجود تمام لوگ قہقہے لگانے لگے۔ اجلاس کے دوران رہنما ایم کیوایم پاکستان شیخ صلاح الدین نے نشاندہی کی کہ شیریں مزاری نے اسپیکر کیلئے” یار“ کا لفظ استعمال کیا ہے اسے حذف کیاجائے۔ جس پر ایاز صادق نے کہا ”یار“کا لفظ مجھے کہہ دیا کافی ہے سب کے سامنے نہیں کہیے گا جس پر شیریں مزاری نے کہا، میں آپ کو یار سمجھتی ہی نہیں ہوں تو کیسے کہوں گی میں آپ کو مسٹر اسپیکر کہتی ہوں۔

 

مقبوضہ کشمیر میں بچی سے زیادتی اور قتل سوچا سمجھا منصوبہ نکلا

سری نگر ( ویب ڈیسک )رواں برس جنوری میں مقبوضہ کشمیر میں ایک 8 سالہ بچی کا زیادتی کے بعد لرزہ خیز قتل مسلمانوں سےعلاقہ خالی کرانے کی کوشش نکلا۔یاد رہے کہ رواں برس 17 جنوری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کٹھوا میں ایک 8 سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کے بعد بہیمانہ انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بکروال کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بچی کو کٹھوا کے علاقے رسانہ سے 10 جنوری کو اغوا کرنے کے بعد ایک ہفتے تک محصور رکھا گیا، اسے نشہ آور ادویات دی گئیں اور پھر گاو¿ں کے مندر میں 6 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اس کا گلا دبا دیا، بعدازاں بچی کو نیم مردہ حالت میں ایک جنگل میں لے جایا گیا اور وہاں اس کے سر پر ایک بڑا پتھر مار کر قتل کردیا گیا۔بچی سے اجتماعی زیادتی اور لرزہ خیز قتل کے خلاف کشمیری مسلمانوں نے مظاہرے کیے تھے، جن میں ملزموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

 

مشہور انڈین اداکار عرفان خان کی حالت تشویشناک ڈاکٹروں نے سنسنی خیز انکشاف کر دیا

ممبئی(شوبزڈیسک) بالی وڈ کے باصلاحیت اداکار عرفان خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا اداکار کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ بالی وڈ کے ساتھ ہالی وڈ میں بھی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار عرفان خان نے گزشتہ ماہ افسوسناک خبر سناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیورو اینڈو کرائن کینسر نامی موذی مرض میں مبتلا ہیں تاہم ان کی بیماری ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔بعد ازاں عرفان خان علاج کی غرض سے بیرون ملک چلے گئے تھے جہاں ان کا علاج جاری ہے لیکن بھارتی صحافی عمیر سندھو نے انکشاف کیا ہے کہ عرفان خان کی طبیعت مسلسل بگڑ رہی ہے اور وہ صحت یابی کی جانب جانے کے بجائے مزید بیمار ہوتے جارہے ہیں۔عمیر سندھو نے اداکار عرفان خان کے انتہائی قریبی ذرائع اور ان کے گھر والوں کی وساطت سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا عرفان خان کینسر کی ابتدائی نہیں بلکہ آخری اسٹیج پر ہیں جب کہ ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ وہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہیں گے۔۔صحافی عمیر سندھو کی جانب سے خبر پوسٹ کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی یہ ٹوئٹ ہٹادی گئی تھی لیکن اس وقت تک یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی تھی۔واضح رہے کہ عرفان خان کو بالی وڈ میں بہترین اداکاری پر پدماشری، نیشنل اور فلم فیئر ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے اور وہ ہالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں جراسک ورلڈ اور لائف آف پائی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔

 

عمران خان کی بطور شیو دیوتا تصویر پوسٹ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بطور ہندو دیوتا پیش کرنے کا معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کر دیا۔ بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی رمیش لال نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر عمران خان کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں انہیں شیو دیوتا کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔ سپیکر نے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری سے کہا کہ وہ سات دن کے اندر رپورٹ ایوان میں پیش کریں۔ رمیش لال نے کہا کہ عمران خان کی مخالفت میں حکمران جماعت کے کارکنوں نے ہندوﺅں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ گفتگو کرتے ہوئے اقلیتی سرگرم کارکن کپل دیو نے کہا کہ ہماری مقدس ہستیوں اور عبادت گاہوں کا احترام کیا جائے۔ اس حوالے سے جامع اور مو¿ثر قانون سازی کی جائے۔

 

باکسر عامر خان کا 2سال بعد رنگ میں اُترنے کافیصلہ

لندن (ویب ڈیسک ) پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر عامر خان دو سال بعد رنگ میں اترنے کو تیار ہیں جس کے لئے وہ اپنے نئے ٹرینر کے ساتھ بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں۔برطانوی کاو¿نٹی مرسی سائیڈ میں عامر خان 21 اپریل کو ویلٹر ویٹ کیٹیگری مقابلے میں کینیڈین باکسر فل لوگریکو کے مدمقابل ہوں گے جس کے لئے انہوں نے بھرپور پریکٹس کا آغاز کردیا۔عامر خان کے نئے امریکی کوچ جوئے گوسین انہیں تربیت دے رہے ہیں جب کہ اس سے قبل وہ امریکی ٹرینر ورجل ہنٹر سے تربیت لے رہے تھے جن کی ناساز طبیعت کے باعث باکسر عامر خان کو ٹرینر تبدیل کرنا پڑا۔لیور پول کے ایکو ارینا میں ہونے والے اس مقابلے میں عامر خان کو ہوم گراو¿نڈ کا فائدہ ہوگا جہاں شائقین ان کی فائٹ دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں۔

 

جنرل قمر باجوہ کی زیر صدارت کو ر کمانڈرزکانفرنس میں فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کا اعلان

راولپنڈی (ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی جیواسٹریٹجک،سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن ردالفساد پر پیش رفت سمیت خوشحال بلوچستان پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے دہشت گردی کو مسترد کرنے اور ملک میں سلامتی و استحکام لانے والوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کو رد کرتا ہے جب کہ ملک میں سیکیورٹی استحکام لانے میں تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کے کردار اور دہشت گردی مسترد کرنے میں بالخصوص پرعزم پاکستانیوں کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔ اجلاس میں دیرپا امن کے لیے ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

 

کنٹرول لائن پر پھر فائرنگ سے 5شہری زخمی پاک فوج کا منہ توڑ جواب

کھوئی رٹہ (ویب ڈیسک) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار بھر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 شہری زخمی ہوگئے۔بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہ آیا اور ایک بار پھر ایل او سی پر شہری آبادی کو اپنی جنگی جنونیت کا نشانہ بناڈالا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 5شہری زخمی ہوگئے۔

 

عوامی شخصیت میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ اداکارہ روینا ٹنڈن نے کہا ہے کہ عوامی شخصیات ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ان پر کبھی بھی کسی وقت بھی کھلے عام تنقید کی جاسکتی ہے۔ماضی کی مست مست گرل کے مطابق عوامی شخصیت کو ہر وقت اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔1990 کی مقبول ترین بولی وڈ ہیروئنز میں شمار ہونے والی روینا ٹنڈن نے یہ بات اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہی۔انہوں نے یہ ٹوئیٹ اس وقت کی جب انہیں ٹوئٹر پر تنقید اور تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔43 سالہ اداکارہ کو اس وقت ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب انہوں نے 7اپریل کو اپنے بیٹے کی جانب سے سوئمنگ میں 3گولڈ میڈل اور ایک برونز میڈل جیتنے کی خوشی کا اظہار کیا۔روینہ ٹنڈن نے 7اپریل کو اپنے 12 سالہ بیٹے رنبیر تھدانی کی جانب سے جیتے جانے والے 3 گولڈ میڈلز اور ایک برونز میڈل کے ساتھ انہیں ملنے والے سرٹیفکیٹ کی تصویر شیئر کی۔اداکارہ کی جانب سے کی جانے والی ٹوئیٹ کے بعد انہیں کئی افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ میڈلز اور سرٹیفکیٹ پیسوں سے خریدے گئے ہیں۔اداکارہ نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے انہیں بے وقوف قرار دیا اور لکھا کہ منفی سوچ چھوڑ کرمثبت انداز میں آگے بڑھنا چاہیے۔اداکارہ نے ایسے لوگوں کو فرسٹریشن کا شکار بھی قرار دیا۔تاہم کئی افراد نے اداکارہ کو بیٹے کی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی اور انہیں تجویز دی کہ تنقید کرنے والوں کو جواب دینے کی ضرورت نہیں۔روینہ ٹنڈن نے خود پر مسلسل تنقید ہونے پر سلسلہ وار ٹوئیٹ کیں اور انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹوئیٹ کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ عوامی شخصیات تنقید کے لیے کھلی ہوتی ہیں، انہیں کوئی بھی تنقید کا نشانہ بنا سکتا ہے۔تاہم اداکارہ نے اپنی ٹوئیٹ میں یہ بھی کہا ٹوئٹر پر صرف عوامی شخصیات کو ٹرول کیا جاتا ہے۔

 

گلیمر کرداروں کی چھاپ کے بعد جدوجہد شروع کی، شلپا شیٹھی

ممبئی(شوبزڈیسک)بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے کہا ہے کہ کیریئر کے وسط میں گلیمر کرداروں کی مخصوص چھاپ کے بعد میری جدوجہد شروع ہوئی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹھی نے کہا ہے کہ میں نے زندگی میں بہت سے اتار چڑھاﺅ دیکھے ہیں لیکن کبھی ہار نہیں مانی اور میں نے فلمی کیریئر کو اپنانے سے متعلق کبھی بھی سوچا تھا،17سال کی عمر میں جیب خرچ کے لئے ماڈلنگ کی اور وہ بھی اس لئے کہ کسی نے مجھے کہا کہ میں لبمی ہوں اور مجھے ماڈلنگ کے لئے کوشش کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ میں نے 90کی دہائی میں زیادہ تر فلموں میں گلمیرس کردار ادا کئے جس کے باعث مجھ پر مخصوص کردار کی چھاپ لگ گئی اورمیں نے کبھی بھی فلموں میں کام کے لئے بھاگ دوڑ یا جدوجہد نہیں کی۔، میں نے اصل میں اپنے کیریئر کے وسط میں مختلف کرداروں پر مبنی فلموں کے لئے جدوجہد کی، پھر مجھے فلم دھڑکن کی پیشکش ہوئی اور میرے کیریئر کی تجدید ہوئی۔

 

ایف بی آر کی نادہندہ نہیں‘ ٹیکس اداکرتی ہوں ‘فلمسٹار نور

لاہور (شوبزڈیسک)فلمسٹار نور نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ میں ایف بی آر کی نادہندہ ہوں اور مذکورہ ادارے نے میرے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں ، میں واضح کرتی ہوں کہ میرا الفلاح بینک میں کوئی اکاﺅنٹ نہیں ہے ، 4ماہ پہلے میرا اکاﺅنٹ فریز کر کے رقم نکال لی گئی تھی جس کے بعد میں نے بذریعہ عدالت اپنا اکاﺅنٹ بحال کروا لیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ میں ٹیکس ادا کرتی ہوں ،شوبز میں جتنا بھی کام کیا ہے مجھے اس کا چیک ملتا تھا جو انکم ٹیکس کی کٹوتی کر کے دیا جاتا تھا ۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ کوئی بھی خبر چلانے سے پہلے لازمی طور پر تصدیق کر لیا کریں اور ویسے بھی میں اب شوبز چھوڑ چکی ہوں لہذا میرے بار ے میں منفی باتوں سے پرہیز کیا جائے۔