جا پا نی وزیر خارجہ پاکستان کیوں آئے ۔۔۔ بڑی وجہ سامنے آگئی

لاہور (نیا اخبار رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے ممتاز راہنما سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابقہ حلقے کی انتخابی مہم کے انچارج مرزا محمد شفیق جرال نے کہا کے جاپانی وزیر خارجہ کا ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کا دورہ کر کے امریکہ کے سہولت کار کا کردار ادا کیا وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کیلئے صلح کا پیغام لیکر آئے تھے۔ مرزا محمد شفیق جرال نے کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں طاقت کا توازن تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ جس کے باعث امریکی صدر ٹرمپ بوکھلا اٹھے ہیں۔ (ن) لیگ کے راہنما نے کہا کہ امریکہ کو عالمی دنیا میں سیٹلائٹ کے حوالے سے برتری حاصل ہے جس کا مقابلہ روس سے بہتر تعلقات بنا کر دفاعی معاہدے سے کیا جا سکتا ہے۔ مرزا محمد شفیق جرال نے کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان‘ ایران‘ امریکی اثروسوخ سے نکل رہے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف چین اور روس کے نئے بننے والے اتحاد نے عالمی سامراج کا جنازہ نکال دیا ہے۔ اسی طرح چین نے یوان کرنسی میں تجارت شروع کر کے بین الاقوامی سطح پر عالمی مارکیٹ میں ڈالر کو بہت بڑا دھچکا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2018ءمیں پاکستان میں عام انخابات ہوئے (جو ہوتے نظر نہیں آتے) تو بے شمار معاملات واضح ہو جائیں گے جبکہ متعدد حلقوں کو بلوچستان کی خطرناک صورتحال کی طرف حصوصی توجہ دینا ہوں گی۔

بھکاری سے متعلق حیران کن انکشاف

نئی دہلی (نیٹ نیوز) یہ بات سچ ہے کہ بھکاریوں کے حالات اتنے خراب نہیں ہوتے جتنے نظر آتے ہیں اور بعض تو ایسے مالدار ہوتے ہیںکہ سن کر آپ حیران رہ جائیں۔ اگر یقین نہ آئے تو بھارت سے تعلق رکھنے والے اس بھکاری کو دیکھ لیجئے جس کی کل ماہانہ آمدنی چھ لاکھ روپے سے زائد ہے جس میں سے تقریباً 50 ہزار روپے بھیک سے آتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ سے تعلق رکھنے والے اس 40 سالہ بھکاری کا نام چھوٹو برائیک ہے۔ اس کے دھندے کا مقام چکرا دھرپور ریلوے سٹیشن ہے جہاں وہ اکثر و بیشتر بھیک مانگتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ چھوٹو کئی دہائیوں سے بھیک مانگ رہا ہے۔ وہ دانشمندی سے کام لیتے ہوئے بھیک کی رقم جمع کرتا رہا اور اس رقم سے گزشتہ سالوں کے دوران کئی کاروبار شروع کر دیئے۔ اس نے متعدد دکانیں بھی بنا لی ہیں جن میں برتنوں کی ایک بڑی دکان بھی شامل ہے جس کی ذمہ داری اس کی تین بیویوں میں سے ایک کے پاس ہے۔ باقی دو بیویاں بھی اس کے دیگر کاموں کی نگران ہیں جبکہ وہ خود بدستور ریلوے سٹیشن پر بھیک مانگنے جاتا ہے۔ چھوٹو کا کہنا ہے کہ اس کا سائیڈ بزنس بڑا اچھا چل رہا ہے لیکن وہ بھیک مانگنا نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ اس کی زندگی میں ساری تبدیلی اسی کام کے طفیل آئی۔

 

نئے نصاب سے متعلق اہم فیصلہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزرات وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور وزرات کیڈ کے اشتراک سے 2017ءکے نظر ثانی شدہ نصاب کی بنیاد پر پہلی سے پانچویں جماعت کی نصابی کتب کی تیاری کے رہنما اصول تیار کر لیے گئے ہیں، وزرات کے جوائنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر پروفیسر رفیق طاہر کی مشاورت سے تیار کردہ رہنما اصولوں کی بنیاد پر پہلی سے پانچویں تک کی تمام نصابی کتب مارچ 2018ءکے تعلیمی سیشن سے دستیاب ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ چھٹی سے بارہویں جماعت کیلئے نصاب کی تیاری اگلے تعلیمی سیشن 2019ءکے بعد شروع کی جائے گی۔ رواں سیشن میں نیشنل بُک فاﺅنڈیشن گذشتہ پریکٹس کے مطابق ہی چھٹی سے بارہویں جماعت کی نصابی کتب پرنٹ کرائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلی سے پانچویں جماعت تک نیا نصاب مکمل ہو چکا ہے جبکہ چھٹی جماعت سے بارہویں تک نئے نصاب پر کام تیزی سے جاری ہے، ماہرین کی مشاورت سے پہلی سے پانچویں جاعت تک تیار کردہ نئے نصاب کے مطابق کتب کی تیاری مکمل کرتے ہوئے رواں سال سے لاگو کر دیا جائے گا جبکہ شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس سے قبل نصاب کی تیاری کے لیے وزرات کیڈ کے تحت نصاب 2006ءکا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی سے پانچویں کلاس تک ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سمیت ساتھ مضامین کے نصاب کیلئے وفاقی اداروں کے ماہرین تعلیم پر مشتمل سات عدد جائزہ کمیٹیاں تشکیل دی تھی جبکہ ان سات کمیٹیوں میں ہر کمیٹی کے پانچ رکن منتحب کیے گئے تھے۔ نئے نصاب کی تیار کردہ کتب رواں تعلیمی سیشن سے بچوں میں تقسیم کر دی جائیں گی۔

کسانوں کا انوکھا احتجاج

نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) بھارتی ریاست اترپردیش میں کسانوں نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف انوکھا احتجاج کر ڈالا۔ کئی سو کلو آلو ریاستی اسمبلی اور وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے پھینک دئیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کسانوں کا کہنا تھا کہ آلو کی قیمت لاگت سے بھی کم مل رہی ہے۔ ان حالات میں کسانوں کے پاس آلو پھینکنے کے علاوہ اور کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

سابق صدر پھر متحرک ۔۔۔بڑی وجہ بھی سامنے آگئی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سینیٹ انتخابات کیلئے متحرک ہو گئے ، بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناءاللہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی پس پردہ زرداری کے کردار کی اطلاعات ہیں جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے بھی جوڑتوڑ شروع کر دیا گیاہے ، سابق صدر نے اپنی بہن فریال تالپور کو سینیٹ الیکشن جتوا کر چیئرمین سینیٹ بنوانے کیلئے جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں سے بیک ڈور رابطے شروع کرد ئیے ہیں ،ذرائع سے معلوم ہوا کہ زرداری نے سینیٹ الیکشن میں فریال تالپور کو چیئرمین بنوانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں،فریال تالپور کو پارٹی فیصلوں بالخصوص سندھ کے حکومتی معاملات میں غیرعلانیہ مرکزیت حاصل ہے ،سینیٹ الیکشن میں جے یو آئی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، مولانا فضل الرحمن فاٹا اصلاحات بل پر مسلم لیگ (ن)سے ناراض ہیں جس کے نتیجہ میں انہوں نے تاحال بلوچستان میں وزیراعلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ثنائاللہ زہری کی حمایت کی یقین دہانی نہیں کرائی،ان کے نوازشریف سے اختلافات بڑھتے جارہے ہیں،اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زرداری نے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا ہے ،مولانا فضل الرحمن جو مرکزی حکومت کا حصہ ہیں وہ آئندہ کے سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مارچ میں حکومت سے علیحدگی اختیار کرلیں گے تاکہ سینیٹ انتخابات میں وہ اپنے مفاد کو مدنظر رکھ کر حصہ لے سکیں ،سینیٹ الیکشن اگر بروقت ہوتے ہیں تو چیئرمین سینیٹ کے عہدہ کیلئے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا،اگرچہ مسلم لیگ (ن)سنگل لارجسٹ پارٹی ہوگی تاہم اسے سینیٹ میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں ہو گی، 104کے ایوان میں (ن)لیگ کے پاس 40 سیٹیں ہو سکتی ہیں،اس کے برعکس پیپلزپارٹی چھوٹی پارٹی ہوتے ہوئے جے یو آئی، (ق)لیگ، فاٹا ارکان کو ساتھ ملانے کی کوشش کرے گی ،مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ممکنہ ڈیل کی صورت میں چیئرمین سینیٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئرمین جے یو آئی سے ہو گا، آصف زرداری اے این پی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھی کوشش کررہے ہیں،قوی امکان ہے کہ اے این پی مسلم لیگ (ن)کے بجائے سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی حمایت کرے گی۔

 

انوشکا کی ایسی حرکت مداح حیران

جوہانسبرگ (خصوصی رپورٹ)بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بلے بازی کے اسٹائل کو شائقین نے بہت سراہا اور بلے بازی کی بدولت ریکارڈ بنانے سے ان کے مداحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اسکے علاوہ بھی کوہلی کی شیکردھوان کے ساتھ جنوبی افریقا میں بھنگڑے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ، جس کو مداحوں نے کافی پسند فرمایا تھا اس مرتبہ کوہلی کی اہلیہ انوشکا بھی جنوبی افریقا میں اسٹریٹ ڈانس کرتے ہوئے پائی گئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران انوشکا ایک سڑک پر جنوبی افریقہ کے شہری کے ساتھ رقص کررہی ہیں۔ واضح رہے کہ انوشکا بھی ویرات کوہلی کے ساتھ جنوبی افریقا میں موجود ہیں اور بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے اور جس میں کوہلی کی خراب کارکردگی پر انوشکا کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

فیصلہ کن تحریک ۔۔۔پیر سیالوی نے اعلان کر دیا

راولپنڈی‘ سرگودھا (نیااخبار رپورٹ) سرگودھا کے سجادہ نعشین خواجہ پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ختم نبوت کی فیصلہ کن تحریک 13 جنوری کو لاہور سے شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ لےکر خود لے کرآنے کا وعدہ کیا تھالیکن نہ استعفیٰ آیا اور نہ وہ خود آئے۔اس سلسلہ میں حکومت نت نئی چالیں چل رہی ہے علماء و مشائخ کو تقسیم کرنے کا حکومتی ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے ملک بھر کے علماء مشائخ سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے ہدائت کی کہ احتجاجی تحریک میں بلوچستان سندھ کے پی کے سمیت ملک بھر سے قافلے لے کر شامل ہوں۔انھوں نے کہاکہ ہماری تحریک 13 جنوری کے بعد ختم نہیں ہوگی بلکہ یہ پاکستان میں نفاذ شریعت تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ختم کرنے کے لیے تمام یہود ی قوتیں اکھٹی ہوچکی ہیں لہزا میری تمام مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ اسلام کی بقاء کے لیے متحد ہو جائیں،پیر سیال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست قرار دینے اور پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے سنگین الزامات لگانے کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا امیر تحریک لبیک یا رسول اللہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ ااسلام اپنی طاقت سے تخت پر آئے گا عوام 9 جنوری کو پی پی 20 الیکشن میں کرین پر مہر لگا کر دین کو تخت پر لانے کے لئے کردار ادا کریں۔ 9 جنوری کا سورج تحریک لبیک کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ اب محمد عربی کا دین تخت پر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوال اور دیگر علاقوں میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پیر محمد افضل قادری‘ مولانا فاروق الحسن عنایت الحق شاہ‘ سلطانپوری‘ مفتی قاضی سعید الرحمان قادری مولانا مہر محمد لطیف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خادم رضوی نے کہا کہ اب گلی گلی نگر آیا آیا دین آیا‘ دیکھو دیکھو کون آیا محمد عربی کا دین آیا لبیک یا رسول اللہ پاکستان کا مطلب کیا لالہ الا اللہ قانون ریاست کیا ہوگا محمد رسول اللہ تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے نعرے بلند ہورہے ہیں۔

 

شہریوں کی زندگیوں کو بڑا خطرہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) خستہ حال عمارتوں کا معاملہ، اندرون شہر سمیت نو ٹاﺅنوں میں خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کی زندگیاں داﺅ پر لگ گئیں، ان عمارتوں کو محفوظ بنانے کیلئے کوئی جامع منصوبہ بندی تیار نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں واقع خطرناک اور بوسیدہ حال عمارتوں میں رہائش پذیر خاندانوں کے سروں پر موت کے سائے منڈلا رہے ہیں، وال سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کا پول گزشتہ روز اندرون موچی گیٹ میں تین منزلہ خستہ حال مکان زمین بوس ہونے سے کھل کر سامنے آگیا ہے۔ ہر سال مون سون سے قبل شہر کے نوٹاﺅنز جن میں اندرون شہر میں 650 سے زائد جبکہ راوی ٹاﺅن کی حدود میں 165 سے زائد، داتا ٹاﺅن 137، عزیز بھٹی ٹاﺅن 100، شالیمار ٹاﺅن 85، سمن آباد ٹاﺅن130، نشتر ٹاﺅن 75، علامہ اقبال ٹاﺅن 60، واہگہ ٹاﺅن 92 اور گلبرگ ٹاﺅن میں 33 خطرناک عمارتیں موجود ہیں۔ جنہیں ہر سال نوٹس دینے کے باوجود خالی نہیں کرایا جاتا۔ ضلعی حکومت اور ٹاﺅنز انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ان عمارتوں کو ہر سال نوٹس تو جاری کئے جاتے ہیں جن میں ان عمارتوں کو خالی کرنے یا انکی بروقت مرمت کرانے کی ہدایات جاری کی جاتی ہےں مگر ان میں مقیم افراد کی مالی حیثیت کمزور ہونے کے سبب ان عمارتوں کی مرمت نا ممکن بن چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کو ان عمارتوں کے انفراسٹرکچر کو بحال کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے فنڈز جاری کئے جاتے ہیں مگر وہ دیگر کاموں میں استعمال کر لئے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ عرصہ دراز سے ان مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ مون سون کا موسم گزرنے کے بعد ان بوسیدہ عمارتوں سے متعلق کوئی محکمہ نہیں سوچتا۔ اندرون شہر میں پانی والا تالاب کے قریب سیٹاں والی گلی، ٹبی گلی، گمٹی بازار، حافظ والی گلی اور دیگر رہائشی گلیوں شامل ہیں۔ خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کے حوالے سے راوی ٹاﺅن کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق ٹیکسالی گیٹ اور رنگ محل میں یہ بوسیدہ عمارتیں کثرت سے موجود ہیں۔ جبکہ عزیز بھٹی ٹاﺅن میں ان عمارتوں کی زیادہ تعداد ہربنس پورہ، فتح گڑھ، داروغہ والا، دربار غازی پور، مغلپورہ، غازی آباد، دھرمپورہ، گوالمنڈی، بند روڈ، مزنگ، اچھرہ نواں کوٹ، قینچی، کوٹ لکھپت، چونگی امر سدھو، ملتان روڈ ، ساندہ، کھوکھر روڈ پر ہے۔ ان بوسیدہ عمارتوں کی مرمت نہ ہونے کے باعث گزشتہ پانچ سالوں میں خطرناک عمارتوں کے گرنے کے 50 سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں تقریباً 20 کے قریب افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

 

خلع کے کیسیز میں پریشان کر دینے والے اعدادوشمار

لاہور (اے پی پی) صوبائی دارالحکومت لاہور کی فیملی عدالتوں میںگزشتہ سال کے دوران خلع کے 13800 دعوے دائر ہوئے،عدالتوں کی طرف سے 6707 خواتین کو خلع کی ڈگریاں جاری کی گئےں، فلمسٹار نور بخاری، اداکارہ وینا ملک،گلوکارہ فریحہ پرویز سمےت شوبز سے وابستہ پڑھے لکھے معروف ستارے بھی خلع کے ذریعے ایک دوسرے سے جدا ہوئے،تفصیلات کے مطابق سال 2017 ءمےں لاہور کی فےملی عدالتوں مےں خلع کے کیسز کے انبار لگے رہے ۔گذ شتہ بر سوں کے مقابلے میں سال دو ہزار سترہ میں اعلیٰ تعلیم یا فتہ و ملازمت پیشہ خواتین میں طلاق و خلع لینے کا رحجان بڑی تیزی بڑھا،اناءپر ستی ،خود کمانے ا ور خود کفیل ہونے کا گھمنڈ اور معاشرتی بے راہ روی نے ”خانگی نظام“ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، لاہور کی آٹھ فیملی عدالتوں میں گھریلو جھگڑوں کے باعث خلع کے13800 دعوے دائر ہوے جبکہ فیملی عدالتوں نے6707 خواتین کو خلع کی ڈگریاں جاری کیں۔خلع کی ڈگریاں لینے والی خواتین میں تعلیم،صحت و ملٹی نیشنل و نجی و سرکاری اداروں میں ملازمت کرنے والی اعلیٰ تعلیم خواتین کے ساتھ ساتھ معروف اداکارائیں اور گلو کارائیںبھی شامل ہیں۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ طلاق کی شرح میں اضافے کی بنیادی وجہ عدم برداشت ،اناءپر ستی اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی دوڑہے جبکہ ماہرین نفسیات کے مطابق مغربی کلچر کا بڑھتا ہوا رحجان، کیبل ٹی وی پر چلنے والے مغربی و بھارتی ڈرامے اور سو شل میڈیا کا غلط استعمال بھی پاکستانی خاندانی نظام کو تباہ کرنے میں اہم کر دار ادا کر رہا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندانی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی ہم آہنگی کا ہونا اشد ضروری ہے ۔

روزنامہ خبریں پھر بازی لے گیا

لاہور (خبر نگار) روزنامہ خبریں ایک دفعہ پھر بازی لے گیا عوامی مسائل کی نشاندہی کر نے پر شہریوں کا چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں ضیا شاہد کو خراج تحسین۔گزشتہ روز خبریں نے خبر شائع کی تھی جس میں نشاندھی کی گئی کہ شہر بھر میں اکسی ٹوسین ،فارملین اور دیگر کیمیکلز سے ملا دودھ کی فروخت جاری ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ اکسی ٹوسین ٹیکے سے بچیوں پر خطرناک اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔جس پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر میں بھینسوں کو زائد دودھ کے لئے لگائے جانے والے ٹیکوں کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے کمپنیوں کا سٹاک قبضے میں لینے کا حکم دیدیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے سندھ ہائیکورٹ کا حکم امتناعی خارج کرتے ہوئے بھینسوں کو زائد دودھ کی پیداوار کے لئے لگائے جانے والے ٹیکوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان میں دودھ کی پیداواربڑھانے کے لیے بھینسوں کو لگائے جانے والے انجیکشن سے کینسرجیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں، بچے اور بڑے سبھی کینسرزدہ دودھ پینے پر مجبور ہیں، ہماری بچیاں وقت سے پہلے ہی بوڑھی ہورہی ہیں۔چیف جسٹس نے دودھ بیچنے والی کمپنیوں سے استفسارکیا کہ پاکستان میں ڈبے کے تمام دودھ جعلی اورمضرِصحت ہیں، ڈبہ پیک دودھ میں فارمولین کیمیکل موجود ہے جو کہ انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بتائیں کیا ٹی وائٹنردودھ کا متبادل ہے، جس پر ڈبہ پیک دودھ فروخت کرنے والی کمپنیوں کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم نے کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ ٹی وائٹنر دودھ کا متبادل ہے۔جس پر عدالت نے استفسار کیا ڈبہ پیک دودھ فروخت کرنے والی کمپنیاں ایک ماہ میں ڈبہ تبدیل کریں اور اس پر لکھیں کہ یہ دودھ نہیں ہے، جتنا پرانا اسٹاک ہے اسے ضائع کردیں۔ اس پر شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ سب کچھ اگر عدالتوں نے کر نا ہے تو پنجاب فوڈ اتھارٹی جن میں بھاری بھرکم تنخوائیں لینے والے افسران کیا کر رہے ہیں وہ اگر ملاوٹ پر قابو نہیں پاسکتے تو اپنے گھروں کو چلے جائیں ۔