سر فراز نے شکست کی وجہ بتا دی

ویلنگٹن (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم نے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو مشکل قرار دیتے ہوئے اہم کھلاڑیوں کے کیچ چھوڑنے کو شکست کی وجہ قرار دیدیا ہے۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یہ کنڈیشنز ہمارے لئے بہت مشکل تھیں تاہم نیوزی لینڈ کے بلے بازوں اور بالخصوص کین ولیم سن کو کریڈٹ دینا چاہتا ہوں جنہوں نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔ انہوں نے اہم کھلاڑیوں کے کیچ ڈراپ ہونے کو میچ میں شکست کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کیچ پکڑ لئے جاتے تو مقابلہ اچھا ہوتا لیکن امید ہے کہ ہم مل کر بیٹھیں گے اور اگلے میچ کیلئے نئی حکمت عملی کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ابتدائی 2 اوورز میں 2 کھلاڑی آﺅٹ ہونے سے نقصان ہوا جس کے بعد میچ میں واپس آنا مشکل ہو گیا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ خود سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کا اس وقت کیچ چھوڑا جب وہ 26 کے انفرادی سکور پر بیٹنگ کر رہے تھے اور بعد ازاں انہوں نے 106 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنا ڈالے۔ شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر سرفراز احمد کے کیچ ڈراپ کرنے پر بھی کافی نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔

پائلٹ سواریوں سے بھرا جہاز چھوڑ کر کیوں چل دیا

لاہور (نیا اخبار رپورٹ) ایئرلائن کے پائلٹ نے ڈیوٹی اوقات ختم ہونے پر طیارہ اڑانے سے انکار کر دیا ۔ مسافروں نے احتجاج کیا، سول ایوی ایشن انتظامیہ نے شارجہ جانے والی پرواز268 کی6گھنٹے سے زائد تا خیر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے 134مسافروں کو صبح کا ناشتہ دلوایا اور پرواز چھ گھنٹے بعد روانہ ہو گئی ۔سول ایوی ایشن انتظامیہ نے پائلٹ کے روئیے کے خلاف متعلقہ ایئر لائن کو آ گا ہ کر دیا ۔

قانون سازی بچو ں کا کھیل

لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے کابینہ کے اجلاس کے طلب کئے بغیر ہی آئینی تقاضے پورے کرنے کیلئے جدید طریقہ دریافت کرلیا ہے۔ تمام اہم حکومتی امورکے بارے میں کابینہ کی منظوری ضروری ہوتی ہے لیکن اہم حکومتی امور کے بارے میں کابینہ کا باضابطہ اجلاس طلب کئے بغیر ہی اہم مسودہ جات کی منظوری دیناشروع کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف دیگر مصروفیات کی وجہ سے کابینہ کے اجلاس کی صدارت نہیں کرپاتے۔ پنجاب کابینہ کے متعدد بار اجلاس طلب کرنے کے بعد ملتوی کردئیے جاتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزراءکی سرگرمیوں کے باعث بھی حاضری مکمل ہونا ممکن نہ رہا جس کی بنا پر مختلف سرکاری مسودہ جات پر کابینہ کے تمام اراکین کے دستخط کروا کر اسے منظوری کی شکل دیدی جاتی ہے اور اب کسی بھی معاملہ پر کابینہ کا اجلاس بلوانے کے بجائے اہم دستاویزات پر دستخط کروا کر یہ ظاہر کیاجاتا ہے کہ کابینہ نے اس کی منظوری دیدی ہے۔ اس طرح کابینہ کا اجلاس بلوائے بغیر آئینی تقاضا پورا کرکے حکومتی معاملات چلائے جارہے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کابینہ کا بوجھ کم کرنے کیلئے بنائی گئی سب کمیٹیوں کے اجلاس بھی التوا کا شکار ہونا معمول بن گیا ہے۔ یاد رہے وزیراعلیٰ شہبازشریف اپنے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں صرف چند بار ہی پنجاب اسمبلی کے ایوان میں آئے، اپوزیشن مسلسل اس پر احتجاج بھی کرتی رہی ہے۔

چیف جسٹس صاحب کچھ توجہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کے اسپتالوں پر بھی دیں ،مریم نواز

لاہور(ویب ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ صحت اور تعلیم کے شعبے پر کام نہ ہوا تو اورنج لائن سمیت تمام منصوبے بند کردیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں چیف جسٹس پاکستان کو مخاطب کیا۔مریم نواز نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا سے لوگ علاج کے لیے پنجاب کے اسپتالوں میں آتے ہیں، چیف جسٹس سےالتماس ہےکچھ توجہ سندھ، خیبر پختونخوا کے اسپتالوں پر بھی دیں۔