سعودی شہزادوں کی کرپشن میں بھی شریف برادران ملوث نکلے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابق سعودی شہزادوں کیخلاف جاری کرپشن تحقیقات نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف ، بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاءاور لبنان کے موجودہ وزیراعظم سعد حریری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سعودی عرب کے اینٹی کرپشن ادارہ نے اربوں روپے کی تحقیقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دست راز اور پولیٹیکل سیکرٹری سنیٹر آصف کرمانی اور وزیر تجارت پرویز ملک بھی منی لانڈرنگ الزامات کی تحقیقات میں شامل کئے جانے کا امکان ہے اور وہ جلد طلب کئے جاسکتے ہیں۔ یہ انکشاف کینیڈا کے ایک نیوز چینل نے کیا ہے۔ جو سعودی عرب شہزادوں کیخلاف جاری تحقیقات پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں نیوز چینل (جی آئی این) کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے کرپشن میں ان شہزادوں نے تین ممالک کے وزرائے اعظم جن میں نواز شریف، بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاءاور وزیراعظم سعد حریری کیخلاف بھی ناقابل تردید کرپشن کے ثبوت فراہم کئے ہیں سعودی شہزادوں کی طرف سے دیئے گئے ثبوتوں کی روشنی میں اب نواز شریف، خالدہ ضیاءاور سعد حریری کیخلاف بھی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں۔سعودی حکومت پہلے ہی 19 سعودی شہزادوں کی جائیدادیں قرقی کرچکی ہے چند بنکوں اور دیگر مالیات اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سعودی شہزادوں کی کرپشن اور ان کے ساتھ ملزمان کی معلومات بھی فراہم کریں۔ سعودی عرب کے اینٹی کرپشن محکمہ کے اعلیٰ افسر نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ نواز شریف، خالدہ ضیاءاور سعد حریری منی لانڈرنگ، بھتہ خوری اور رشوت کی رقم دیگر ممالک میں چھپانے کے جرم میں ملوث ہیں۔ تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ خالدہ ضیاءکے پاس 12 ارب ڈالر کے اثاثے ہیں۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شریف برادران نے یورپ بھجوانے کیلئے سعودی شہزادے کو بھیجے گئے تین ارب کے مال مشروط طور پر واپس کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔ اس حوالے سے شریف برادران نے سعودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان کا نام اس حوالے سے تفتیش میں شامل نہ کیا جائے اور یہ معاملہ راز داری سے چپ چاپ حل کرلیا جائے۔ سعودی حکومت نے اس حوالے سے اپنے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے مشاورت شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں کرپشن کے الزاما کے تحت گرفتار کئے گئے شہزادے مشال بن عبداللہ کے انکشاف پر میاں شہباز شریف اور پھر میاں نواز شریف کو سعودی عرب بلایا گیا ہے۔ سعودی شہزادے مشال بن عبداللہ نے تفتیشی ٹیم کو بتایا تھا کہ یورپ میں ہونیوالی 3 ارب ریال کی منی لانڈرنگ اور سرمایہ کاری میری نہیں شریف خاندان کی ہے۔ سعودی حکومت نے تمام ثبوت اور شہزادہ مشال بن عبداللہ کے انکشاف کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کو میاں شہباز شریف سے ملاقات کرنے اور انہیں تمام حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے بھیجا تھا۔ اس تناظر میں سعودی عرب نے خصوصی طیارہ بھیج کر شہباز شریف کو بلایا اور انوسٹی گیشن ٹیم نے میاں شہباز شریف سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں نے ساری رقم واپس کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے لیکن اس کیلئے شرط رکھی ہے کہ تمام معاملات خاموشی اور رازداری سے نمٹا دیئے جائیں۔

کرپشن کیس ،شرجیل میمن کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ہیں اور اس کیس میں 23 اکتوبر کو سندھ ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا تھا۔ شرجیل میمن نے کرپشن کے مقدمے میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔عدالت عظمیٰ نے شرجیل میمن کے وکیل اور استغاثہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سابق صوبائی وزیر کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ گرفتار افراد ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے نیب کو ایک ہفتے میں جواب بھی داخل کرنے کا حکم دیا۔

پاکستان میں چینی کرنسی استعمال کرنے کی اجازت

کراچی(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک نے سرکاری اور نجی اداروں کو تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے چینی کرنسی استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ چینی کرنسی میں درآمدات، برآمدات اور مالی لین دین کے حوالے سے پالیسی بنائی جا چکی ہے۔ تجارت ، سرمایہ کاری اور لین دین میں چینی یوآن کے استعمال میں سہولت دی گئی ہے تا کہ تاجروں کو ایل سی کھولنے اور چینی یوآن میں قرضے حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ چینی بینک (آئی سی بی سی) کو پاکستان میں یوآن کی کلیئرنگ کا مقامی سیٹ اپ بنانے کی اجازت بھی دی جا چکی ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق امریکی ڈالر، یورو اور جاپانی ین کی طرح چینی یوآن کو دیگر بین الاقوامی کرنسیوں کے مساوی حیثیت حاصل ہے۔

بلوچستان حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد ،14ارکان باغی ،ن لیگ پریشان

کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان میں نون لیگ کی اتحادی حکومت کے خلاف بغاوت ہوگئی ہے اور سابق ڈپٹی اسپیکر قدوس بزنجو کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کروادی گئی ہے جس پر 14 اراکین کے دستخط ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان میں حکومتی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں اور14 باغی ارکان نے وزیراعلیٰ ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔سابق ڈپٹی اسپیکر قدوس بزنجو کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی۔ درخواست پر مسلم لیگ (ق) سمیت 14 اراکین اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکرعبدالقدوس بزنجو نے الزام لگایا کہ بلوچستان میں وسائل صحیح معنوں میں استعمال نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کوئی قوت نہیں ہے۔خیال رے بلوچستان کے 65 رکنی ایوان میں مسلم لیگ( ق) کی 5، پشتونخواءمیپ کی 14، نیشنل پارٹی کی 10 اور مسلم لیگ(ن) کی 23 نشستیں ہیں۔ مسلم لیگ (ن)، پشتونخوائ‘ نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ق) اتحادی ہیں۔ ایوان میں مجلس وحدت المسلمین کی ایک نشست ہے۔ جمعیت 8 نشستوں کے ساتھ اپوزیشن کی بڑی جماعت ہے، اپوزیشن میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی 2، نیشنل پارٹی عوامی کی 1 اور اے این پی کی ایک نشست ہے۔

بالی وڈ خانز نے 2018 کے اہم تہواروں پر قبضہ جمالیا

بالی وڈ انڈسٹری پر راج کرنے والے خانز عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان نے نئے سال کے آغاز میں ہی تہواروں پر قبضہ جمالیا ہے۔یہ تینوں خان بھارتی فلم نگری کے حکمران تصور کیے جاتے ہیں اور ان کی فلموں کا مداح شدت سے انتظار کرتے ہیں۔تینوں خانز کی فلموں کی نمائش کے موقع پر دیگر بڑے بڑے اداکار ناکامی کے خوف سے اپنی فلمیں ریلیز کرنے سے کتراتے ہیں۔رواں برس بالی وڈ کے تینوں خانز کی میگا بجٹ فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں اور خانز نے 2018 میں عید، دیوالی اور کرسمس کے موقع پر اپنی فلموں کی نمائش کا اعلان کرکے دیگر اداکاروں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، جس میں انیل کپور، بوبی دیول، جیکولین فرنینڈز اور ڈیزی شاہ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔سلمان خان نے فلم کی ریلیز کا اعلان گزشتہ سال نومبر میں ہی کردیا تھا جس کے بعد سے اب تک کسی اداکار نے سلو بھائی کی ’ریس 3‘ کے ساتھ باکس آفس پر دوڑ لگانے کی کوشش نہیں کی ہے۔عامر خان 6 ستمبر 2016 کو ہی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی دیوالی 2018 کے موقع پر ریلیز کی بکنگ کرواچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کنگ خان نے اپنی فلم کی ریلیز کرسمس کے موقع پر رکھی ہے۔شاہ رخ خان نے بھی اپنی فلم ’زیرو‘ کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ فلم 21 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس میں انہوں نے ایک بونے کا روپ دھارا ہے۔واضح رہے کہ سلمان خان کی حالیہ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے بھارتی باکس آفس اور عامر خان کی ’دنگل‘ نے چینی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کی ہے۔

 

کنگ خان کا مداحوں کو 2018 کا تحفہ

ممبئی(ویب ڈیسک )شاہ رخ خان نے ہدایت کار آنند رائے کے ساتھ اپنی نئی فلم کے ٹائٹل کا اعلان کردیا جب کہ ساتھ ہی فلم کی پہلی جھلک بھی دکھادی۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی گزشتہ کئی فلمیں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہیں اور انوشکا شرما کے ساتھ ان کی پچھلی فلم ’جب ہیری میٹ سجل‘ کی ناکامی نے اداکار کو مزید محتاط کردیا ہے۔شاہ رخ خان آج کل ہدایت کار آنند رائے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے ٹائٹل کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا اسی لیے اداکار نے بھی مداحوں کو آگاہ کرنے کے لیے دلچسپ طریقہ اپنایا۔ کنگ خان نے ہدایت کار سے سوشل میڈیا پر مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سر، فلم کے ٹائٹل کا اعلان کرنا ہے یا 2018 میں بھی گالیاں ہی کھانی ہیں۔جس پر آنند رائے نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ارے سر اپنوں کی گالیاں ہیں یہ بھی کھالیں گے لیکن یکم جنوری کیسا رہے گا ؟ جس پر شاہ رخ خان نے اگلی ٹوئٹ میں وعدے کے مطابق نہ صرف فلم کے ٹائٹل ’زیرو‘ کا اعلان کیا بلکہ ساتھ ہی فلم کی پہلی جھلک بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔واضح رہے شاہ رخ خان فلم ’زیرو‘ میں چھوٹے قد کے آدمی کا کردار ادا کرتے ہوئے دکھائی دیں گے جو رواں سال 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی جب کہ فلم میں انوشکا شرما اور کترینہ کیف بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سپریم کورٹ میں چیلنج

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار مولوی اقبال نے موقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے معاشی مسائل پیدا ہو نگے لہذا حکومتی فیصلہ کالعدم قرار دے کر پٹرولیم مصنوعات کی پرانی قیمتیں بحال کی جائیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ عوام کو دیا، پیٹرول 4.06، ڈیزل 3.96، مٹی کا تیل 6.79، لائیٹ ڈیزل 6.25 روپے فی لیٹرمہنگا کر دیا گیا ہے، وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ اوگرا کی سمری منظور یا مسترد کر دے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے پہلے معاملہ پارلیمنٹ میں لانا چاہیے۔درخواست میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئین اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس سے دیگر اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں، منتخب عوامی نمائندے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کافیصلہ کریں۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کیس کے فیصلے تک پرانی قیمتں بحال کی جائیں۔

پاکستان نے دھوکہ دیا

واشنگٹن (آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے سال کا آغاز ہوتے ہی دھمکی دی ہے کہ پاکستان کواب کوئی امداد نہیں ملے گی،پاکستان کو15 سال میں33 ارب ڈالر امداد دے کر بے وقوفی کی،پاکستان نے امداد کے بدلے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا،پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتا ہے،افغانستان میں دہشتگردوں کو نشانہ بنانے میں معمولی مدد ملتی ہے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔منگل کو سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان کو15 سال میں33 ارب ڈالر امداد دے کر بے وقوفی کی، پاکستان نے امداد کے بدلے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔انکا کہنا تھاکہ پاکستان کواب کوئی امداد نہیں ملے گی۔ٹرمپ نے الزام لگایا کہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتا ہے،افغانستان میں دہشتگردوں کو نشانہ بنانے میں معمولی مدد ملتی ہے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔پاکستان امریکی قیادت کو بے وقوف سمجھتا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکی رہنماو¿ں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور امریکا نے بھی پاکستان کی مدد کرکے بے وقوفی کی۔سماجی رابطے کی ویب ٹویٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ امداد وصول کرنے کے باوجود بھی پاکستان نے امریکا کے ساتھ جھوٹ بولا۔امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان امریکی رہنماو¿ں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر انشائ اللہ جلد جواب دیں گے، اپنے جواب میں افسانے اور حقیقت کا فرق بتائیں گے۔

 

شاہین کل ٹور میچ سے ہتھیاروں کی جانچ کر ینگے

نیلسن(آئی این پی)پاکستان کر کٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے قبل ہتھیار تیز کرنا شروع کر دئےے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ الیون کے مابین ون ڈے پریکٹس میچ (کل)بدھ کو کھیلا جائے گا، نیلسن میں کھلاڑیوں نے کوچز کی زیرنگرانی بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپورٹریننگ کی، مکی آرتھر ،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اوربولنگ کوچ اظہرمحمود نے تین نیٹ لگا کربیٹسمینوں اور بولرز کو پریکٹس کرائی، لیگ اسپنرشاداب خان نے بھی ٹیم کوجوائن کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نئے سال میں پاکستان کرکٹ ٹیم کوکیویز کے دیس میں میزبان نیوزی لینڈکے چیلنج کاسامنا ہے۔کین ولیمسن نے ونڈیز کوآوٹ کلاس کرکے خطرناک عزائم ظاہرکردیئے۔ سرفرازاحمد الیون چھ جنوری سے پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیرنگرانی پاکستان ٹیم نے نیلسن میں سیریز کی تیاریاں شروع کر دیں۔ لیگ اسپنر شاداب خان نے بھی ٹیم کوجوائن کرلیا۔ ٹریننگ کا آغاز میدان میں رننگ کے ساتھ کیاگیا۔ جس کے بعد مکی آرتھر ،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اوربولنگ کوچ اظہرمحمود نے تین نیٹ لگا کربیٹسمینوں اور بولرز کو پریکٹس کرائی۔اوپنرز فخرزمان، امام الحق اوراظہرعلی کے ساتھ بابراعظم،شعیب ملک اوردیگر بیٹسمینوں نے ڈیڑھ گھنٹے سے زائد بیٹنگ اورفاسٹ بولرز محمدعامر، حسن علی، رومان رئیس اوراسپنرز شاداب خان اور محمد نوازنے بولنگ پریکٹس کی۔ فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے کھلاڑیوں کوکیچز،رننگ،فیلڈنگ اورتھروکرانے کی مشقیں کرائیں۔ ٹریننگ سیشن میں تمام کھلاڑی مکمل فٹ اورعمدہ کارکردگی کے لئے پرعزم دکھائی دیئے، قومی ٹیم دورے کی شروعات(کل)بدھ کو شیڈول ون ڈے پریکٹس میچ سے کریگی، جس میں ان کا سامنا نیوزی لینڈ الیون سے ہوگا، یہ مقابلہ نیلسن کے سیکسٹون اوول گرانڈ پر شیڈول کیاگیا ہے ،جس کے بعد دونوں ممالک میں شیڈول پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا افتتاحی ٹاکرا 6 جنوری کو ولنگٹن کے بیسن ریزرو گرانڈ پر ہوگا۔9 جنوری کو شیڈول دوسرے ایک روزہ میچ کی میزبانی نیلسن کریگا، تیسرے مقابلے کیلئے دونوں ٹیمیں ڈونیڈن میں جمع ہونگی، جہاں 13 جنوری کو یونیورسٹی اوول پر ٹاکرا ہوگا، چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل ہیملٹن کے سیڈون پارک پر شیڈول کیاگیا ہے، پانچویں اور اختتامی میچ کیلیے دونوں ٹیمیں 19 جنوری کو ایک بار پھر ولنگٹن میں مدمقابل آئیں گی، اسی مقام پر ٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ 22 جنوری کو شیڈول کیاگیا ہے۔25جنوری کو مختصر فارمیٹ کا دوسرا مقابلہ آکلینڈ میں منعقد ہوگا جبکہ 28 جنوری کو گرین شرٹس اپنا اختتامی مقابلہ مانٹ مینگوئنی میں کھیلیں گے۔

کرکٹ میں بھارت کی ہٹ دھرمی افسوسناک ،رمیز

لاہور ( آن لائن ) سابق قومی کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کرکٹ میں بھارت کی ہٹ دھرمی افسوسناک ہے اور اس سے کرکٹ متاثر ہو رہی ہے، سیاست میں اس قدر آگے نہ بڑھا جائے کہ روایات دفن ہی ہو جائیں۔اسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور سے میٹ دی پریس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو اوپر لے کر جانے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، سجال کے دفتر میں آکر ایسا لگا کہ بہت دیر بعد کرکٹ کھیل کر گھر واپس آیا ہوں۔ بھارت اور پاکستان ہمسایہ ممالک ہیں اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کرکٹ متاثر ہورہی ہے، بھارت کو سیاست میں اتنا آگے نہیں جانا چاہیے کہ روایات دفن ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوزی لینڈ مشکل سیریز ہے، گرین شرٹس فارم میں ہیں، بہتر پرفارم کریں گے تو آگے جائیں گے۔ ہماری بیٹنگ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے قابل نہیں، ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میرے ہاتھ میں طاقت ہوتی تو کرپشن کرنے والے کھلاڑیوں کو کبھی واپس نہ آنے دیتا، سلمان بٹ اور محمد آصف کو واپس ٹیم میں نہ لانے کا فیصلہ درست ہے۔