القاعدہ یورپ میں مسافر طیاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، برطانیہ

لندن(ویب ڈیسک) برطانوی وزیر مملکت برائے سیکیورٹی امور بین ویلس کا کہنا ہے کہ القاعدہ ایک بار پر پھر منظم ہورہی ہے اور یورپ میں مسافر طیاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں برطانوی وزیر برائے سیکیورٹی امور بین ویلس کا کہنا تھا کہ القاعدہ یورپ میں مسافر طیاروں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور ان حملوں کے لیے ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ ایک بار پھر منظم ہوچکی ہے اور حملوں کے نئے طریقہ کار سے واقف ہے، القاعدہ یورپ کے خلاف زیادہ سے زیادہ حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔برطانوی وزیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام سے فوج واپس بلانے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دہشت گردوں کو مغرب پر حملے کے لیے محفوظ ٹھکانے مل جائیں گے۔

آسٹریلیا نے دورہ پاکستان پی ایس ایل فائنل سے مشروط کردیا

لاہور(ویب ڈیسک)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان پی ایس ایل کے لاہور اور کراچی کے میچز سے مشروط کر کے مجوزہ شیڈول میں بھی ترمیم کردی گئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کی سیکیورٹی ٹیم اور دو سے تین آفیشلز مارچ کے پہلے ہفتے میں پی سی بی کے مہمان بنیں گے جو 17 مارچ کو پی ایس ایل کے فائنل سمیت تمام سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دیں گے، جس کی روشنی میں کرکٹ آسٹریلیا اور ان کی حکومت تمام معاملات کو فائنل کرے گی۔کرکٹ آسٹریلیا حکام پاکستان ٹیم بجھوانے کا عندیہ تو دے چکے ہیں تاہم حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے سیکیورٹی حالات کی تسلی اور وقت لینا چاہتے ہیں، اس لیے میچز بھی ری شیڈول کیے جارہے ہیں۔پروگرام کے مطابق پہلے 19 مارچ سے شروع ہونا تھی تاہم پی سی بی کی خواہش تھی کہ آسٹریلوی ٹیم کراچی لینڈ کرے اور 19 اور 21 مارچ کو یہاں میچز کھیلے لیکن اب ایک پی سی بی آفیشل نے شیڈول میں ترمیم کے بعد اس سیریز کو 31 مارچ سے کھیلے جانے کی تصدیق کی ہے۔اطلاعات کے مطابق پہلے انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے یہ سیریز 31 مارچ تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، انڈین پریمیئرلیگ کا پہلا میچ 29 مارچ سے ہوگا تاہم اب کرکٹ آسٹریلیا نے آئی پی ایل سے دوطرفہ سیریز کو زیادہ اہم قراردیا ہے، جس پر اب 5 ون دے میچز کے لیے 31 مارچ سے 13 اپریل تک کا وقت آئیڈیل سمجھاجارہاہے۔یاد رہے کہ 99-1998 میں آخری بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کی مہمان بنی تھی، 8-2007 میں کینگروز نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم پاکستان میں عام انتخابات پر سیکیورٹی کو جواز بناکر یہ دورہ کینسل کردیا تھا۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، پاکستان کی بدستور ساتویں پوزیشن

دبئی(ویب ڈیسک)آئی سی سی کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ رینکنگ بھی جاری کر دی گئی۔طویل طرز کی کرکٹ میں بھارت کا راج ہے، بیٹنگ میں پاکستان کے اظہر علی نویں نمبر پر ہیں، بولنگ میں پاکستان کے 2 بولرز محمد عباس اور یاسر شاہ ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، محمد عباس چوتھے اور یاسر شاہ دسویں نمبر پر ہیں جبکہ ٹاپ فائیو کی آل راﺅنڈر کیٹگری میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ کی بھی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کے اظہر علی نویں نمبر پر ہیں، بھارتی کے ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے ولیم سن دوسرے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے، بھارت کے پجارا چوتھے، انگلینڈ کے جوئے روٹ پانچویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، سری لنکا کے کارونارتنے ساتویں، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر آٹھویں، پاکستان کے اظہر علی نویں نمبر پر براجمان ہیں۔بولنگ میں پاکستان کے دو بولرز محمد عباس اور یاسر شاہ ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، محمد عباس چوتھے اور یاسر شاہ دسویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے رابادا کا راج ہے، انگلینڈ کے اینڈرسن کی دوسری، جنوبی افریقہ کے فلینڈر کی تیسری، پاکستان کے محمد عباس کی چوتھی اور بھارت کے جدیجہ اور ایشون کی بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن ہے۔آل راﺅنڈر کیٹگری میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ فائیو میں جگہ نہیں بنا سکا۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں، بھارت کے جدیجہ دوسرے، جنوبی افریقہ کے فلینڈر تیسرے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر چوتھے اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان ساتویں پوزیشن پر قابض ہے، بھارت کا طویل طرز کی کرکٹ میں راج ہے، انگلینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں ، بنگلہ دیش نویں جبکہ زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

اسمتھ اور وارنر کو پاکستان کیخلاف اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان

میلبرن(ویب ڈیسک)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ نے سزا یافتہ کھلاڑی اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو پاکستان کیخلاف سیریز میں شامل کرنے کا اشارہ دیدیا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کوچ جسٹن لینگر نے بال ٹیمپرنگ کیس میں سزا پانے والے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔جسٹن لینگر نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے کمبی نیشن ترتیب دینے سے پہلے اگر اسمتھ اور وارنر دوبارہ سے آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے میں کامیاب رہے تو اسے بہت فائدہ ہوگا، اس کے لیے پاکستان کے خلاف سیریز پر نظر ہے، بصورت دیگر وارنر اور اسمتھ ورلڈکپ کے لیے پریکٹس اور وارم اپ میچز ہی کھیل سکیں گے۔واضح رہے بال ٹیمرپنگ کیس میں دونوں کرکٹرز کی سزا 29 مارچ کو پوری ہورہی ہے۔

پاکستان ہاکی لیگ کے ایک بار پھر ملتوی ہونے کا امکان

لاہور(ویب ڈیسک)ہاکی لیگ اور ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے شیڈول میں مماثلت پی ایچ ایف حکام کے لئے درد سر بن گئی جس کے باعث آئندہ برس جنوری میں شیڈول پاکستان ہاکی لیگ کے ایک بار پھر ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کی بھر پور کوششوں کے باوجود تاحال پاکستان ہاکی لیگ کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیگ آئندہ برس 12 تا 19 جنوری تک لاہور میں کروائے جانے کی تجویز ہے تاہم پاکستان لیگ اور پروہاکی لیگ کی تاریخوں میں مماثلت کی وجہ سے حکام ایک بار پھر شیڈول کو تبدیل کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔ ایف آئی ایچ کی پروہاکی لیگ 19 جنوری سے شروع ہو رہی ہے جس میں 4 کنفیڈریشنز کی 9 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں آسٹریلیا، بیلجیم، ہالینڈ، جرمنی، انگلینڈ، ارجنٹائن، سپین، نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہیں۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 2 فروری کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی، ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف چاہتی ہے کہ لیگ کی ہر ٹیم میں کم از کم 3 غیرکھلاڑی ضرور شامل ہوں تاہم لیگ کی مارکیٹنگ ٹیم اب تک صرف 12 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہی کنفرم کر سکی ہے، ہدف کو پورا کرنے کے لئے ٹیم کو مزید وقت درکار ہے۔ذرائع کے مطابق لیگ کے ممکنہ شیڈول کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی کرسمس اور نیو ایئر کی تعطیلات کی وجہ سے پاکستان کا سفر کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ مارکیٹنگ ٹیم نے پی ایچ ایف حکام کو لیگ کی تاریخوں کو آگے لے جانےکی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام خود بھی پروہاکی لیگ اور پاکستان ہاکی لیگ کی تیاریوں کے لئے لیگ کے شیڈول کو تبدیل کرنے کے حق میں ہے، پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ہے، اس اجلاس میں پاکستان ہاکی لیگ کی نئی تاریخ کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔

ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کی بادشاہت برقرار

دبئی(ویب ڈیسک) ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں پاکستانی بادشاہت بدستور برقرار ہے، بیٹسمین رینکنگ میں نمبر ون کا اعزاز بابر اعظم اور بولرز میں شاداب خان دوسرے نمبر پر فائز ہیں، ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس کی 11 درجے لمبی جست نے فخرزمان کو ایک درجہ نیچے پانچویں پوزیشن پر بھیج دیا۔ بولنگ چارٹ میں فہیم اشرف اور عماد وسیم بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔تفصیلا ت کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کی بنگلہ دیش کے خلاف تین میچز کی سیریز میں 2-1 سے کامیابی کے بعد ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستان ٹیم بدستور نمبر ون پوزیشن پر فائز ہے، بھارت دوسرے، انگلینڈ تیسرے،ا?سٹریلیا چوتھے اورجنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر ہے۔ چھٹی سے دسویں پوزیشن پر بالترتیب نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش موجود ہیں۔بیٹسمینوں میں ٹاپ پر پاکستان کے بابر اعظم کی حکمرانی بھی قائم ہے البتہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ایک ساتھ 11 درجے ترقی پانے والے ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس نے فخرزمان کو چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر بھیج دیا ہے۔ شعیب ملک 28 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ مارلون سموئلز کی تنزلی کے باعث پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو ایک درجہ بہتری نے 40 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔ بولرز میں ٹاپ پر افغانستان کے راشد خان کا قبضہ ہے جبکہ پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، فہم اشرف کا آٹھواں اور عماد وسیم کا نواں نمبر ہے۔ ویسٹ انڈین بولر کیمو پال کی ترقی کے باعث حسن علی ایک درجہ خسارے سے 31 ویں نمبر پر آنا پڑا جبکہ محمد عامر بھی ایک درجہ تنزلی سے اب 34 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم کا انڈونیشین صدر کوفون، سونامی سے تباہی پر اظہارِ افسوس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سونامی سے تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع انڈونیشیا کے صدر سے ٹیلی فون پر اظہارِ افسوس کیا۔وزیراعظم عمران خان اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدود کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے انڈونیشیا میں سونامی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ انڈونیشیا کی عوام پر آنے والی قدرتی آفت کو دل سے محسوس کر سکتے ہیں، یہ انڈونیشیا کی عوام کے لیے آزمائش کی گھڑی ہے، اللہ نے چاہا تو وہاں کے عوام ان مشکلات پر قابو پا لیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان کے عوام انڈونیشیا کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے انڈونیشیا سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اہم میچ میں متنازع فیصلہ دینے والے بنگلادیشی امپائر نے غلطی کا اعتراف کرلیا

ڈھاکہ(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران غلط نو بال دینے والے بنگلادیشی امپائر تنویر احمد نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کے درمیان 22 دسمبر کو کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے فائنل میچ کے دوران امپائر تنویر احمد کا فیصلہ تنازع کا باعث بنا۔191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی بیٹنگ جاری تھی اور چوتھے اوور کی آخری گیند پر امپائر نے نو بال دی جس پر مہمان ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ تھرڈ امپائر کے پاس گراو¿نڈ سے باہر چلے گئے اور اس طرح میچ 8 منٹ تک روکنا پڑا۔امپائر تنویر احمد نے اسی اوور کی پہلی گیند پر بھی نو بال دی تھی اور دونوں نو بالز پر ملنے والی فری ہٹ پر بنگلادیشی بلے باز نے چھکے لگائے۔ویسٹ انڈین کپتان نے امپائر کے فیصلے کی شکایت کی اور کہا کہ بڑی اسکرین پر بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ نو بال نہیں تاہم تھرڈ امپائر نے بھی امپائر کے فیصلے کی تائید کی۔پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرنے والے بنگلادیشی امپائر تنویر احمد نے کہا کہ بطور امپائر ان کا ماضی اچھا ہے اور نو بال کی ان کی غلطی تھی جو انشائ اللہ مستقبل میں نہیں ہوگی۔امپائر تنویر احمد نے کہا کہ ہر شخص کا اچھا اور ب±را دن ہوتا ہے اور 22 دسمبر میرا ب±را دن تھا اور میں اپنی غلطی پر بہت سوچ رہا ہوں۔بنگلادیشی امپائر کا مزید کہنا تھا کہ نوبال پر فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے، کیوں کہ امپائر کو بولر کا پاو¿ں اور کریز کے درمیان فرق جانچنا ہوتا ہے جب بولر تیزی سے چھلانگ لگاتا ہے تو اس موقع پر اسے دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔

ویرات کوہلی نے ’زیرو‘ میں انوشکا کی اداکاری پرتعریفوں کے پل باندھ دیئے

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹرویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کا فلم ’زیرو‘ میں کام کوسراہتے ہوئے تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اورشاہ رخ خان اپنی ریلیز ہونے والی نئی فلم ’زیرو‘ میں مرکزی کردار میں نظرآئے۔ فلم کا تاحال مداحوں کی جانب سے ملا جلا رد عمل سامنے آرہا ہے، کسی کو فلم بہت پسند آئی جب کہ بہت سے مداحوں اورفلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پرستاروں نے تنقید کے تیر بھی چلائے۔فلم دیکھ کربھارتی ٹیم کے آل راﺅنڈرویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کی فلم میں اداکاری کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اورکہا کہ فلم ’زیرو‘ دیکھ کرخوب محظوظ ہوا، فلم میں سب ہی کرداروں نے خوب کام کیا اورخاص طور پر انوشکا شرما نے بھی فلم میں بہترین کام کیا کیونکہ انوشکا کا کردار بہت مشکل تھا۔دوسری جانب بھارتی فلم تجزیہ نگارترن آدرش نے فلم زیروکوناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویکینڈ پربھی فلم خاطرخواہ کمائی نہ کرسکی۔ ان کے مطابق فلم نے پہلے روز20 کروڑ، دوسرے روز18 کروڑ جب کہ تیسرے روز 20 کروڑ کا کاروباردیا جو مجموعی طورپر 59 کروڑ رہا۔

اداکاراظہارقاضی کودنیا سے رخصت ہوئے11 برس بیت گئے

کراچی(ویب ڈیسک) اداکاراظہارقاضی کی 11 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ٹیلی وڑن اور فلم کی اسکرین پر 2 دہائیوں تک صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے داکار اظہار قاضی 1955 میں کھارادر کے علاقے میں پیدا ہوئے، بھارتی فلم اسٹار امیتابھ بچن سے گہری مشابہت ابتدائی دنوں میں ان کے کیریئر کے لیے معاون ثابت ہوئی، اظہا رقاضی نے فنی کیریئر کا آغاز 1982 میں فاطمہ ثریا بجیا کی ٹی وی سیریل انا سے کیا، ڈرامہ سیریل انا میں اظہار قاضی اور مہرین الٰہی کی جوڑی کو اداکار شکیل اور غزالہ کیفی کے بعد سب سے مقبول جوڑی قرار دیا گیا۔اظہار قاضی نے ٹی وی سیریل دائرہ، گردش، زخم، گناہ گار اور پانی پے نام میں بھی کردار نگاری کی، ٹیلی وڑن پر اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے انھوں نے اسٹیل ملز میں اپنی ملازمت کو خیرباد کہہ دیا، اظہار قاضی نے1986 میں نذرشباب کی فلم روبی سے فلمی کیریئر کی شروعات کی اور تقریباً 90 فلموں میں کام کیا، اظہار قاضی کو نگار فلم اور نیشنل ایوارڈز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا، 24 دسمبر 2007 کو گھر میں ایک تقریب کے دوران انھیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔