ماسٹرزٹینس کپ کاتاج عقیل خان کے سرسج گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) عقیل خان نے ماسٹرزٹینس کپ کامینزسنگلزٹائٹل جیت لیا۔فائنل میں محمدعابدکوسخت مقابلے کے بعد 6-1،7-6 اور6-3سے شکست کاسامنا کرناپڑا۔و یمنز فائنل میں اوشنا سہیل نے کامیابی حاصل کی۔جمخانہ کورٹ میں کھیلے گئے فائنل میں عقیل نے پہلا سیٹ باآسانی 6-1سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں دونوں پلیئرز کے درمیان کانٹے دارمقابلہ ہوا۔عابدنے کم بیک کیا اورسیٹ ٹائی بریک پر7-6سے نام کیا۔فیصلہ کن سیٹ میں عقیل خان نے 6-3سے فتح حاصل کی اورٹائٹل اپنے نام کرلیا۔انڈر 18 میں حزیفہ عبدالرحمن نے محمد شعیب کو مات دےدی ،حزیفہ عبدالرحمن نے 6-1، 3-7 اور 7-6 سے محمد شعیب کو شکست دی۔ویمنز فائنل میں اوشنا سہیل نے سارہ محبوب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔اوشنا سہیل نے 6-0، 6-2 سے کامیابی سمیٹی۔

تحریک عدم اعتماد ، پی ٹی آئی ، جی ڈی اے کی بڑوں نے سر جوڑ لئے ، عمران اسماعیل متحرک ، پی پی کے کن 26 ارکان سے رابطے ، دیکھئے خبر

کراچی، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک‘ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے۔تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلی پر کرپشن کے الزامات ہیں، ان کو نہیں ہٹایا گیا تو شور کیا جائے گا، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، وہ وزیرِ اعلی تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں۔پیپلز پارٹی کے لوگ ہم سے رابطے کر رہے ہیں، ایم پی ایز فون کر رہے ہیں کہ ہماری جان چھڑا۔علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاناما جے آئی ٹی پر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر رہی تھی، جے آئی ٹی میں مراد علی شاہ کا نام آیا ہے تو وہ استعفی کیوں نہیں دے رہے، پی پی قیادت جو مرضی کر لے عوام بے وقوف نہیں، سب دیکھ رہی ہے۔انھوں نے کہا سندھ میں آپریشن ہوا تو لاڑکانہ میں سب بھاگتے پھر رہے ہیں، سمجھ آ گیا ہے کہ سندھ میں ان کو آپریشن پر تکلیف پکڑ دھکڑ کی وجہ سے تھی، اداروں نے کام کرنا شروع کر دیا ہے تو یہ دیواروں پر سر مارتے پھر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا جے آئی ٹی نے سب کچھ سامنے رکھ دیا کہ آصف زرداری کتنا عقل مند ہے، پیپلز پارٹی کے لوگ ہم سے رابطے کر رہے ہیں، ایم پی ایز فون کر رہے ہیں کہ ہماری جان چھڑا، سندھ کے سسٹم سے ڈرے ہوئے لوگ اب سامنے آنے لگے ہیں۔علی زیدی کا کہنا تھا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ میں تباہی مچائی ہے، کراچی کے علاوہ اندرون سندھ کے شہروں کا برا حال ہے، اسکولوں، تھانوں، اسپتالوں کا حال دیکھ لیں، 10 سال دودھ کی جو نہریں بہائی ہیں وہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی سے مک مکا نہیں کریں گے، ہم نے ایک ٹائل بھی تبدیل کر دیا تو ہمارا وزیرِ اعظم ہمیں فارغ کر دے گا، سندھ میں ظلم اور کرپشن کا نظام نہیں چلنے دیں گے، پیپلز پارٹی نے احتجاج کرنا ہے تو رائے ونڈ جا کر کریں۔ تحریک انصاف نے سندھ میں حکومت سازی کیلیے سرگرمیاں تیزکردیں وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری کوصوبہ سندھ کے حوالے سے خصوصی ٹاسک دیدیا۔وزیراطلاعات آج کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ سندھ کے مختلف رہنماں سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اوروزیراعظم کا پیغام پہنچائیں گے۔وزیراطلاعات آج کراچی پہنچیںگے۔ جہاں وہ ذوالفقارمرزا، امیر بخش بھٹواور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور جے آئی ٹی رپورٹ پر انھیں اعتماد میں لیں گے اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔ گزشتہ روز جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کا مشترکہ اجلاس سندھ اسمبلی میں اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جی ڈی اے کی جانب سے حسنین مرزا اور نندکمار جبکہ تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے شرکت کی۔ اس موقع پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیراعلی سندھ سے ایک بار پھراستعفی کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خود مستعفی ہوجائیں، عہدے پرہوتے ہوئے وزیراعلی سندھ تفتیش پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جی ڈی اے کے پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ حق حکمرانی کا اخلاقی ، قانونی، سیاسی جواز کھو چکے ہیں۔ صباح نیوزکے مطابق اس موقع پر جی ڈی اے کی جانب سے اندرون سندھ پییلزپارٹی کیخلاف تحریک چلانیکی تجویزدی گئی جبکہ زیراعلی سندھ کیخلاف عدم اعتمادکی تحریک لانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاکہ آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری پر پی پی کے دھڑے بن سکتے ہیں۔ جی ڈی اے کا اہم اجلاس 8 جنوری کو کنگری ہاوس کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے جی ڈی اے اجلاس کی صدارت پیرصاحب پگارا کریں گے ،جنرل سیکریٹری جی ڈی اے کے مطابق جی ڈی اے اجلاس میں سندھ کی تبدیل ہوتی ہوئی صورت حال سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر غور ہوگا اس موقع پر ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے سندھ کے مستقبل کیلیے فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو مصروفیات کم کرنے کا کہہ دیا ہے ان پر دوسری ذمہ داریاں آسکتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ نیا وزیراعلیٰ بھی شاہ ہی ہو گا۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے اندر فاروڈ بلاک یقینی ہے، پیپلزپارٹی کے فاورڈ بلا ک میں 20 سے 26 ارکان جاسکتے ہیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سندھ کی سیاست کے حوالے سے اہم امور سے آگاہ کردیا ہے، گورنر سندھ کو کہا ہے کہ اپنی دوسری مصروفیات کم کریں، ان پر دوسری ذمہ داریاں آسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی کو بھی اہم چیزوں سے آگاہ کردیا ہے جب کہ ان کے گھر بھی آج اہم میٹنگ ہوگی۔سندھ میں حکومت کی تبدیلی یا گورنر راج سے متعلق افواہیں گردش میں ہی تھیں کہ صوبے کے گورنر عمران اسمٰعیل بھی فارورڈ بلاک بنانے میں متحرک ہوگئے۔سندھ کے علاقے گھوٹکی کے راجہ پیلس پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے مہر برادران سمیت مختلف مکتبہ فکر، سماجی کارکنان اور تاجر برادری کے لوگوں سے ملاقات کی۔اس دوران گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب کا عمل جاری ہے اور احتساب سب کے ساتھ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کا سندھ کی آمدن میں ایک بڑا حصہ ہے لیکن اس کچھ نہیں دیا گیا، یہاں جامعات، کالجز اور ہسپتال ہونے چاہیے تھے۔اس موقع پر سماجی کارکن شائستہ کھوسو نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس علاقے کی خواتین بہت ہنر مند ہیں، ان کے لیے بھی کچھ منصوبے لائے جائیں۔عمران اسمٰعیل نے سماجی کارکن کو یقین دہانی کروائی کہ پہلے اس علاقے بنیادی مسائل کو دیکھا جائے گا جس کے بعد اس علاقے کی خواتین کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں 89 اراکین اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا نے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں جس کے لیے پی ٹی آئی نے 89 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع تحریک انصاف کے مطابق پیپلزپارٹی کے متعدد اراکین سندھ اسمبلی رابطے میں ہیں۔سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے اراکین کی تعداد 99 ہے، تحریک انصاف کی 30، ایم کیو ایم کی 21، جی ڈی اے کی 14، تحریک لبیک کی 3 اور ایم ایم اے کی ایک نشست ہے۔دوسری جانب وفاق کی طرح سندھ میں بھی ایم کیو ایم کے ووٹ اہمیت اختیار کرگئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے ایم کیو ایم رہنماو¿ں سے ملاقات کی۔ذرائع ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ قیادت سے مشاورت کے بعد تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ کیا جائے گا، جو سندھ اور شہری علاقوں کے مفاد میں ہوگا وہی فیصلہ کیا جائے گا۔

ٹم پین کو وارنراورسمتھ کی یاد شدت سے ستانے لگی

میلبورن (اے پی پی) آسٹریلوی ٹیم کے قائد اور وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کو بھی بالاآخر سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی یاد ستانے لگی، انہوں نے بیٹنگ کے خلا کو پر کرنے کیلئے دونوں بلے بازوں کی ٹیم میں واپسی کو ناگزیر قرار دے دیا، ناقص بیٹنگ بھارت کے ہاتھوں تیسرے ٹیسٹ میں شکست کا سبب بنی، آخری میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ سمتھ اور وارنر کو رواں سال دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ایک سال کی معطلی کا سامنا ہے، دونوں کھلاڑیوں کی غیرموجودگی کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارت کے ہاتھوں تیسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی قائد نے کہا کہ سمتھ اور وارنر ورلڈ کلاس بلے باز ہیں، دونوں بلے بازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹیم میں بڑا خلا پیدا ہوا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں بلے بازوں کی واپسی تک بیٹنگ مسائل کو حل کرنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے اور اس وقت پوری ٹیم دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم میں واپس دیکھنے کیلئے بے تاب ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ناقص بیٹنگ تیسرے ٹیسٹ میں شکست کی وجہ بنی، اب تمام تر توجہ آخری ٹیسٹ پر مرکوز ہے، میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے اور مقصد کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔

محمدعباس کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ کیلئے فٹ ،رضوان کو بھی انٹری ملنے کا امکان

نیولینڈ(نیوزایجنسیاں)جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فاسٹ بولر محمد عباس ٹیم کو دستیاب ہوں گے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بھی ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد سلیکٹرز نے ٹیم میں تبدیلیوں پر غور شروع کردیا جس کے لیے محمد رضوان کو مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر شامل کرنے پر غور ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی شمولیت کی صورت میں اسد شفیق کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی دو اننگز میں صرف 13 رنز بنائے تھے۔اس قسم کی بھی اطلاعات تھیں کہ سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کی ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق کو بلاکر انہیں کھری کھری سنائیں اور کہا کہ سینئر بلے باز جان بوجھ کر آﺅٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس بھی مکمل فٹ ہوکر دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہیں جب کہ حارث سہیل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کی صورت میں ہی ٹیم میں شامل کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے شروع ہوگا اور 3 میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-0کی برتری حاصل ہے۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح کے بعد میزبان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو ہرا کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی دوسرا ٹیسٹ جیت کر حساب برابر کرنے کیلئے پر اعتماد دکھائی دے رہی ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

رپورٹ دینے والے خود پریشان ؟ فارورڈ بلاک بننے کی باتیں بے بنیاد ؟ مراد علی شاہ برقرار رہیں گے یا نہیں ؟ متوقع وزیر اعلیٰ ناصر علی شاہ نے حقائق بیان کر دئیے

کراچی (اے این این) سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہٹانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ اپنے عہدے پر موجود رہیں گے، پی ٹی آئی کے لوگ اپنی قیادت سے نالاں ہیں، ہماری قیادت اجازت دے تو ہم سندھ میں بڑا اپ سیٹ کر سکتے ہیں ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فارورڈ بلاک کی باتیں بے بنیاد ہیں، تحریک انصاف کے لوگ اپنی قیادت سے نالاں ہیں، ہماری قیادت اجازت دے تو ہم سندھ میں بڑا اپ سیٹ کر سکتے ہیں۔سید ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کو قیادت کا 100 فیصد اعتماد حاصل ہے۔ عدالت میں جوابات جمع ہونگے تو یہ جھوٹے ثابت ہونگے۔ جنہوں نے رپورٹ پیش کی وہ خود بھی پریشان ہیں کیونکہ کوئی ثبوت نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مانگے تانگے کی حکومت ہے۔ ای سی ایل میں قیادت کے نام ڈالنے کا مقصد سندھ میں ترقی کا سفر روکنا ہے۔

بگڑے امیر زادوں کے ہوٹلوں میں کمرے بک ، شراب و شباب کی محافل کا انعقاد

لاہور(کرائم رپورٹر)بگڑے ہوئے امیر زادوں نے نیو ائیر نائٹ 2019منانے کےلئے تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔ شہر کے بڑے بڑے ہوٹلوں اور اسٹیج ادا کارواﺅں وقاصاﺅں کی ایڈوانس بکنگ کروا لی گئی۔ آج رات 12بجے سوئی پر سوئی چڑھتے ہی نئے سال کی آمد ہوتے ہی ہلہ گلہ شروع ہو جائے گا۔ نوجوانوں نے مطلوبہ مقام پر پہنچنے کےلئے کوڈ ورڈ منتخب کر لئے جبکہ شراب و پونڈے، ہیروئن اور چرس فروخت کرنےوالے ناجائز فروشوں نے ریٹوں میں اضافہ کر دیا۔شراب کی بوتل تین سو روپے سے پانچ سو روپے مہنگی کر دی ذرائع کے مطابق کہ امیر زادوں نے سٹیج رقاصاﺅں کو صرف تین گھنٹے کےلئے 50ہزار بلکہ 1لاکھ روپے میں بکنگ کی ہے۔ شہر کے پوش علاقوں رضا گارڈن، سعید کالونی، مدینہ ٹاﺅن، مسلم ٹاﺅن، گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن،نیو سول لائن، پیپلز کالونی اور کینال روڈ سے ملحقہ گارڈنز سمیت ہوٹلوں میں نیو ائیر نائٹ منانے 2019کی آمد پر جشن منانے کےلئے انتظامات مکمل کرتے شراب کا بھاری سٹاک کر لیا ہے۔ اسٹیج ڈانسروں، نائیکاﺅں اور تتلیوں سے ریٹ طے کر لیئے ہیں اور پولیس چھاپوں کے خوف سے بعض نوجوانوں نے نئے سال کی آمد کی خوشی میں رقص و سرور کی محفلیں سجانے کےلئے خفیہ انتظامات کر رکھے ہیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ کے دوران شہر کے واحد سیل پوائنٹ اور کرسچیئن ٹاﺅن میں محتاط اندازے کے مطابق کروڑوں روپے کی شراب فروخت ہوئی ہے اور سیل پوائنٹ پر محکمہ ایکسائز نے پرمٹ اور بغیرپرمٹ کے بھی شراب فروخت کی، وارث پورہ، ملک پور، اکبر آباد، یوسف آباد میں بھی شراب، ہیروئن چرس اور آئس کا نشہ بیچا گیا اور شہر کی چنیوٹ بازار مارکیٹ میں کھلے عام الکوحل اور کپیاںفروخت کی گئیں اور ناجائز فروشوں نے مطلوبہ مقام پر شراب پہنچانے کا انتظام بھی کر رکھا ہے اور دوسری طرف فیصل آباد کے آر پی او اور سی پی او ، ایس ایس پی ، ایس پیز اور ڈی ایس پیز سمیت تھانوں کی پولیس نے ہلہ گلہ، غیر اخلاقی و غیر قانونی سر گرمیاں روکنے کےلئے پلان تیار کر لیا ہے اور مذہبی جماعتوں نے بھی ڈانڈا فورس ٹیمیں تشکیل دےدی ہیں جو کہ شہر بھر میں گشت کریں گی اور نیو ائیر نائٹ منانے والے بگڑے امیر زادوں کو روکا جائے گا اور پولیس حکام نے بھی اس سلسلہ میں پولیس ٹیمیں تشکیل دےدی ہیں بگڑے رئیس زادوں کی پکڑ دھکڑ کی جائے گی۔

دوسری شادی کی اجازت سے انکار پر بیوی قتل ، ملزم تھانہ میں مہمان ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا، مقتولہ کے خاندان کا انصاف کیلئے ” خبریں ہیلپ لائن “ سے رابطہ

شیخوپورہ (بیورو رپورٹ) تھانہ فیروزوالہ پولیس نے 8 روز قبل دوسری شادی کی اجازت دینے سے انکار پر اپنی آشنا سے ملکر بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو تھانہ میں مہمان بنالیا اور ملزمہ کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا بااثر ملزم کے لواحقین کی مقتولہ کے والدین کو دھمکیاں، حصول انصاف کیلئے متاثرہ خاندان کا احتجاج، روزنامہ خبریں کی وساطت سے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور آئی جی پنجاب پولیس سے انصاف اور تحفظ کی اپیل، تفصیلات کے مطابق ونڈالہ دیال شاہ کے نوجوان شیر احمد کی سوا دو سال قبل شاہدرہ کے رہائشی داﺅد احمد کی بیٹی درخشاں داﺅد سے ارینج میرج ہوئی مگر اس دوران اس کے شوہر شیر احمد نے اپنے محلہ کی ایک دوشیزہ عائشہ سے مراسم پیدا کرلئے اور دونوں شادی کرنے پر آمادہ ہوگئے جس پر ملزم شیر احمد نے اپنی بیوی درخشاں سے اجازت مانگی مگر بیوی نے دوسری شادی کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس پر دونوں کے درمیان گھر میں لڑائی جھگڑا رہنے لگا 8 روز قبل گھر میں لڑائی کے بعد ملزم نے اپنے پسٹل سے فائرنگ کرکے درخشاں کو قتل کردیا اور اس قتل کو حادثہ قرار دینے کی ناکام کوشش کی اور موقف اختیار کیا کہ مقتولہ کو استری اسٹینڈ سے پسٹل پکڑتے ہوئے اچانک گولی چل جانے سے موت واقع ہوئی مگر پولیس نے مقتولہ کے والد داﺅد احمد کی رپورٹ پر اس کے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اپنی حراست میں لے لیا اور 8 روز گزر جانے کے باوجود بھی ملزم کی گرفتاری نہیں ڈالی اور نہ ہی مقدمہ کی کارروائی کو آگے بڑھایا ہے جبکہ اس مقدمہ میں نامزد ملزمہ عائشہ کو بھی گرفتار نہیں کیا جارہا جس پر مقتولہ کے اہلخانہ سراپا احتجاج بن گئے اور الزام لگایا کہ پولیس ملزمان سے ساز باز ہوچکی ہے اور اس قتل کو حادثہ بنانے سمیت ملزمہ عائشہ کے خلاف کارروائی کرنے سے بھی گریزاں ہے، بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کے دو بچے ہیں بیٹے شاہ زمان کی عمر ایک سال دو ماہ جبکہ بیٹی عرشیہ کی عمر صرف دو ماہ سترہ دن ہے اس طرح دوسری شادی کے تنازعہ پر ایک ہنستا بستا گھر اجڑ گیا اس سلسلہ میں پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر کی جارہی ہے اور جو گناہگار بتایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔